پوسٹ تلاش کریں

چٹ نکاح پٹ مذاق یا چٹ نکاح پٹ طلاق؟ تحریر: سید عتیق الرحمن گیلانی

چٹ نکاح پٹ مذاق یا چٹ نکاح پٹ طلاق؟ تحریر: سید عتیق الرحمن گیلانی اخبار: نوشتہ دیوار

گنج بخش فیض عالم مظہر نورخدا ناقصاں را پیرکامل کامل رارہنما
حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ ایک بڑے صوفی، اللہ والے اور حنفی عالم تھے۔
ڈاکٹر شبیر احمد کی کتاب ’’ اسلام کے مجرم‘‘ُ پر’’پیش لفظ‘‘شیخ عبدالعزیز بن باز مفتی اعظم سعودیہ عربیہ کا مکتوب ہے۔شیخ الحدیث مفتی محمدارشاد نظامی، آگرہ نے اپنا ’’ابتدایہ‘‘ لکھ دیا ہے، علامہ اقبال کے فرزندڈاکٹر جاوید اقبال لاہورنے ڈاکٹر شبیر احمد کو اپنی رائے میں علامہ اقبال کا صحیح ترجمان قرار دیا ہے۔ معروف صحافی مجید نظامی چیف ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت لاہور نے بھی ڈاکٹر شبیر احمد فرزندِ پاکستان مقیم فلوریڈا امریکہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ مجلس شوریٰ کی کمیٹی کے 14ارکان کے نام بھی اس میں درج ہیں۔ محمد نسیم ربانی R.PH نیویارک نے لکھا ہے کہ وہ دیوبند کے مولانا عبد الحلیم قاسمی ، اہلحدیث کے مولانا غلام اللہ اور جماعت اسلامی کے بانی مولانا مودودی ، ڈاکٹر اسرار احمد کی تنظیم اسلامی اور تبلیغی جماعت سے وقتاً فوقتاً وابستہ اور فیض یاب ہوتے رہے، مگر بقول اقبال
اُٹھا میں مدرسہ و خانقاہ سے غم ناک نہ زندگی نہ محبت نہ معرفت نہ نگاہ
علم و ادب کے سمندر میں کشتی رانی کرتے ہوئے عمر بیت گئی میں حیران تھا کہ تشنگی کم کیوں نہیں ہوتی۔ بڑھتی کیوں جاتی ہے۔ کوئی ایک سال گزرا ’’اسلام کے مجرم‘‘ کا پہلا ایڈیشن میرے مطالعے میں آیا مجھے اپنی حیرتوں کا فوری جواب مل گیا دین حق کے دشمنوں نے اصل اسلام کو عجمی اسلام بناڈالا ہے۔ یوں کہئے کہ اسلام کی روح کھینچ لی ہے ۔ یہ سانحہ کیسا ہوا ، کس نے برپا کیا آپ کے ہاتھوں میں اس وقت جو کتاب ہے اس سوال کا شافی جواب دیتی ہے کہ درحقیقت اسلام ہے کیا؟۔ سر سید احمد خان ، علامہ عنایت اللہ مشرقی ، علامہ اقبال اور خصوصاً غلام جیلانی برق اپنی تحریروں میں جو اشارے دے گئے تھے اس کتاب میں وہ اشارے بین اور واضح ہوکر آپ کے سامنے آجاتے ہیں۔ ڈاکٹر شبیر احمد نے جو عرق ریزی اور تحقیق کی ہے وہ صدیوں پہلے ہمارے علماء کو کرنی چاہئے تھی۔ خدا کرے کہ اہل عالم خالص اسلام کی برکتوں سے فیض یا ب ہوسکیں۔ پریزیڈنسی آف البانی مسلم کمیونٹیز ، یو ایس اور کینیڈا بانی صدر کی جانب سے ڈاکٹر شبیر احمد بن عبد الرشید کے نام لکھے گئے الفاظ یہ ہیں ’’پہلے میں اپنا تعارف پیش کرتا ہوں ۔ میں البانیہ میں پیدا ہوا ، دینیات اسلامی (اسلامک تھیولوجی) میں جامعۃ الازہر قاہرہ سے تعلیم مکمل کی، پھر شعبہ کا صدر رہا۔ 1949میں مسلم کمیونٹیز کی خدمت کیلئے امریکہ آگیا۔ جامعہ مسجد ڈنرائٹ کے امام نے مجھے آپ کی کتاب ’’اسلام کے مجرم‘‘ (انگریزی) عنایت فرمائی۔ میں نے اس کتاب کو بہت دلچسپی اور غور سے پڑھا ہے اور اس کے حوالہ جات بھی ڈبل چیک کئے ہیں میں آپ کو اتنی انقلابی کتاب لکھنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ کتاب صاف بتاتی ہے کہ اسلام کیا نہیں ہے اور ہماری مقدس سمجھی جانے والی کتابوں میں کیسی کیسی خرافات داخل کردی گئی ہیں۔ میں مکمل طور پر اس کتاب کے مندرجات سے متفق ہوں۔ اللہ کے فضل سے آپ نے اسلام کی زبردست خدمت انجام دی ہے آپ کی نوازش ہوگی اگر آپ مجھے اپنی تصنیفات کی فہرست ارسال کریں۔ امام وہبی اسماعیل (سابق مفتی دینی مجلس شوریٰ البانیہ)۔
ڈاکٹر شبیر احمد لکھتے ہیں : داؤد ؑ اپنی آنکھ ہی کے باعث مبتلا ہوئے یعنی اپنے پڑوسی کی بیوی سے گناہ کیا۔ (امام غزالی ؒ کیمیائے سعادت ، صفحہ 497)انبیاء کرام تو صاحبو! بے گناہ اور بے داغ کردار کے مالک ہوتے ہیں اور سید علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخش لکھتے ہیں کہ داؤد ؑ کی نظر وہاں پڑی جہاں پڑنی نہ چاہئے تھی ۔ یعنی نہاتی ہوئی حسین عورت پر جو یوریا کی بیوی تھی۔ حالانکہ وہ ان پر حرام تھی۔ جیسے حضور ﷺ کی نظر زیدؓ کی بیوی زینبؓ پر پڑی (کپڑے بدلتے ہوئے) تو وہ دونوں عورتیں اپنے اپنے شوہروں پر حرام ہوگئیں۔ (علی ہجویری داتا گنج بخشؒ ، کلام المرغوب، صفحہ 349) اور انبیاء کے نکاح میں آگئیں۔
فاضل علوم دینیہ مولانا مسعود الدین عثمانی صاحب اپنی کتاب ایمان خالص صفحہ 113 پر تحریر فرماتے ہیں کہ علی ہجویری صاحب نے اپنی کتاب میں تاریخ طبری کی ان روایتوں کی تصدیق فرمائی ہے کہ داؤد ؑ اور آنحضرت ﷺ ان دو عورتوں کو برہنہ دیکھ کر عاشق ہوگئے تھے (نعوذ باللہ)۔ امام طبری نے بھی یہی لکھا ہے۔ (اسلام کے مجرم ، صفحہ 30، 31)
تاریخ طبری میں ہے کہ ایک دفعہ رسول اللہ ﷺ زیدؓ سے ملنے کیلئے ان کے گھر گئے ۔ زیدؓ موجود نہ تھے ، زینبؓ کپڑے پہن رہی تھیں ، اسی حالت میں رسول اللہ ﷺ نے ان کو (برہنہ) دیکھ لیا اوریہ الفاظ کہتے ہوئے باہر نکل آئے ، سبحان اللہ سبحان اللہ یا مصرف القلوب ! اے وہ اللہ جو دلوں کو پھیر دیتا ہے ۔ حضرت زیدؓ کو جب حالات معلوم ہوئے تو انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں عرض کی کہ زینبؓ اگر آپ کو پسند آگئی ہو تو میں ان کو طلاق دے دوں (علامہ شبلی نعمانی، سیرت النبی ، جلد اول، صفحہ 258) پھر ایسا ہی ہوا۔
حافظ ابن حجر ، امام ابن ابی حاتم اس روایت کو آگئے بڑھاتے ہوئے لکھتے ہیں کہ زینبؓ کا جسم انتہائی حسین تھا ، لہٰذا رسول اللہ ﷺ کا ایک نظر میں عاشق ہوجانا کوئی غیر انسانی بات نہیں۔ اور داتا گنج بخش فرماتے ہیں کہ داؤد ؑ اور محمد رسول اللہ ﷺ ایک ہی نظر میں مبتلا ہوئے۔ جنید بغدادیؒ نے کہا کہ یوریا کی بیوی سے شادی کرکے داؤد ؑ کے ہاں ان کے بیٹے سلیمان ؑ ناجائز طور پر پیدا ہوئے۔ اور شیخ سیرین لکھتے ہیں سورہ احزاب میں جہاں اس بات کا ذکر ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنے دل میں کچھ چھپا رہے تھے تو اس سے مراد آپ ﷺ نے زینبؓ کا عشق اپنے دل میں چھپا رکھا تھا۔( ملفوظات الغسل ، صفحہ 219)
رسول اللہ ﷺ نے زید بن حارثہؓ سے فرمایا تم میرے بھائی اور میرے مولا (آقا) ہو تو وہ خوشی سے ناچنے لگے (کیمیائے سعادت، امام غزالیؒ ، صفحہ 419) (یہ تو رسول ﷺ نے ابوبکرؓ و عمرؓ کیلئے بھی نہیں فرمایا ) یہ اسلئے کہ زیدؓ نے رسول اللہ ﷺ کو اپنی بیوی دیدی تھی۔ (ملفوظات مکی، اشرف علی تھانویؒ ) ۔ اسلام کے مجرم : ڈاکٹر شبیر احمد۔ صفحہ 33، 34، 61
کہکشاں 6440 NW, 53 ST
LAUDERHILL, FL33319, USA
27اگست 1999، یہ کتاب آپ کو دعوت فکر دیتی ہے ۔۔۔ نقل کفر کفر نہ باشد، اللہ تعالیٰ آپ کے ذوق سلیم میں اضافہ فرمائے ہمیں صراط مستقم پر چلائے اور ہم سب کو دونوں جہانوں میں فوز و فلاح سے نوازے۔ ڈاکٹر شبیر احمد ( نوٹ: کسی دن بھی دوپہر12 بجے سے پہلے یا شام 5بجے کے بعد E.S.Tبلا تکلف کال کیجئے :746-2115 (954)
Galaxy Publications www.galaxydastak.com
قارئین خاص طور پر حضرات علماء کرام اور مفتیان عظام کو بڑی حیرت ہوگی کہ حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخش کس طرح سے یہ لکھ سکتے ہیں کہ اجنبی خواتین پر جب انبیاء کرام علیہم السلام کی نظر پڑ گئی جو نہیں پڑنی چاہئے تھے اور حرام تھی لیکن نظر پڑنے سے وہ اپنے شوہروں پر حرام ہوگئیں اور انبیاء کے نکاح میں آگئیں؟۔
عام طور سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ صوفیائے کرام اپنی وجدانی کیفیت کی وجہ سے معذور ہوتے ہیں اور ان سے بے سرو پا کلمات وارد ہوتے ہیں جو شریعت کے دائرے میں نہیں آتے۔ مگر یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ حضرت علی ہجویریؒ ایک حنفی عالم دین تھے اور اس کی یہ بات حنفی فقہ اور اُصول فقہ کے عین مطابق ہے ۔ البتہ دین میں یہود و نصاریٰ کی طرح غلو کے مرتکب فقہاء نے اسلام کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے جس کی تصحیح کرنی پڑے گی۔

قرآن و سنت اور اُم المؤمنین حضرت زینبؓ کے واقعہ کا خلاصہ

حضرت زید بن حارثہؓکو چوری کرکے بیچ دیا ۔ جب رسول اللہ ﷺ کے پاس غلام کی حیثیت سے تھے تو آپؓ کے چاچوں کو پتہ چلا ، وہ مکہ آئے اور نبی کریم ﷺ کی خدمت میں منہ مانگی قیمت کی پیشکش کردی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مفت میں لے جاؤ مگر اس شرط پر کہ زید خودجانے کیلئے راضی ہو۔وہ بہت خوش ہوئے لیکن جب زیدؓ نے جانے سے انکار کیا تو زیدؓ کو طعنہ دیا کہ آپ آزادی پر غلامی کو ترجیح دیتے ہو۔ رسول اللہ ﷺ نے وقت کے رسم کے مطابق حضرت زیدؓ کی دلجوئی کیلئے اعلان کردیا کہ زیدؓ میرا بیٹا اور جانشین ہے۔ جس پر زیدؓ کے خاندان والوں کو بھی احساس ہوا کہ حضرت زیدؓ نے ٹھیک فیصلہ کیا ہے۔ روایات میں یہ بھی آتا ہے کہ اگر زیدؓ زندہ ہوتے تو رسول اللہ ﷺ آپؓ کو جانشین نامزد کردیتے۔
رسول اللہ ﷺ نے اپنی کزن حضرت زینبؓ کا نکاح بھی حضرت زیدؓ سے کردیا۔ ایک طرف نبی ﷺ نے عالم انسانیت کو ایک آدم علیہ السلام کی اولاد قرار دیکر عربی عجمی ، کالے گورے اور ہر طرح کے نسلی امتیازات مٹانے کااعلان کیا تو دوسری طرف لوگ اس ماحول سے نہیں نکل پارہے تھے۔ قریش و انصار اور اوس و خزرج کے علاوہ قریش و اہل بیت کے نسلی امتیاز اور مسابقت میں خلافت وغیرہ پر بھی تصادم کے خطرات تاریخ کا حصہ رہے۔ زیدؓ سے نکاح کے باجود نسلی تفوق کا احساس زینبؓ کے دل و دماغ پر چھایا تھا، نبی ﷺ نے فرمایا : اگر اسلام میں تعظیمی سجدے کی اجازت ہوتی تو بیوی کو حکم دیتا کہ شوہر کو سجدہ کرتی۔ خوشگوار تعلق کیلئے میاں بیوی کے درمیان اس حدیث کی حیثیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور شوہر کو بیوی پر اللہ تعالیٰ نے جنسی لحاظ سے جو ایک درجہ دیا ہے اس میں فاعل اور مفعول کی حیثیت کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں ۔ بھارت کے اداکار عامر خان نے بچوں کو گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ سے آگاہی کی مہم چلائی، جو بھارتی فلموں میں بیڈ ٹچ کی مہم جوئی کو عام کرنے میں سب سے زیادہ بدترین کردار ادا کررہا ہے۔ میڈیا اندھوں میں کانا راجا نہیں اندھوں میں اندھا ہے ۔
حضرت زیدؓ نے حضرت زینبؓ کا وہ رویہ ملاحظہ کیا جس میں خاندانی اونچ نیچ کا اثر نمایاں تھا تو حضرت زینبؓ کو طلاق دینے کا فیصلہ کرلیا۔ طلاق کے بعد ایک خاتون کی حیثیت پر کتنا اثر پڑتا ہے ؟ ۔ مغرب میں مرد کو آدھی جائیداد سے محروم ہونا پڑتا ہے اور قرآن میں ہاتھ لگانے سے پہلے کی طلاق میں آدھا حق مہر اور ہاتھ لگانے کے بعد پورا حق مہر اور جو کچھ بھی اس کو دیا ہے چاہے خزانے دئیے ہوں سب دینے پڑتے ہیں، طلاق شدہ اور کنواری میں واضح فرق ہوتا ہے۔ نبی ﷺ کی منشاء سے زینبؓ جب زیدؓ سے شادی کرسکتی تھیں تونبی ﷺ سے پہلے نکاح کرنے میں بہت عزت محسوس کرتیں۔ نبی ﷺ نے زیدؓ کو طلاق دینے سے بار بارروکاکہ اللہ سے ڈرو ، ایسا نہ کرو لیکن زیدؓ کو زینبؓ کا رویہ ناگوار اور ناقابل برداشت محسوس ہورہا تھا۔ حضرت زیدؓ نے طلاق دینے کا فیصلہ کیا تو نبی ﷺ نے حضرت زینبؓ کی دلجوئی کی خاطر سوچا کہ زینبؓ کا دکھ دور کرنے کیلئے ان سے نکاح کرلیں۔
جاہلیت کا ماحول اس قدر بگڑا ہوا تھا کہ لوگ سر عام اپنی سوتیلی ماؤں سے نکاح کرلیتے تھے مگر منہ بولے بیٹے کی منکوحہ سے طلاق کے بعد بھی نکاح کرنے کو ناجائز سمجھتے تھے۔ اس بری رسم کو مٹانے کیلئے اللہ تعالیٰ نے ایک طرف یہ واضح کیا کہ اپنے آباء کی منکوحہ خواتین سے نکاح مت کرو مگر جو پہلے گزر چکا ہے۔ دوسری طرف یہ وضاحت کی کہ ان بیٹوں کی بیویاں تم پر حرام ہیں جو تمہارے اپنے صلب سے ہیں۔ جاہلیت کی شریعت کو مٹانے کیلئے یہ کافی تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کے اُسوہ حسنہ کو مثالی بناکر اُمت مسلمہ کیلئے راہ ہموار کرنی تھی۔ رسول اللہ ﷺ کے ذہن و دل پر بھی یہ بات چھائی ہوئی تھی کہ زینبؓ جب زیدؓ کی بیوی رہی ہے جو رسول اللہ ﷺ کا منہ بولا بیٹا ہے تو لوگ کیا کیا باتیں اڑائیں گے؟، اس واقعہ کی پوری تفصیل سورۂ احزاب میں ہے۔ جس میں اللہ تعالیٰ نے ظہار یعنی بیوی کی پیٹھ کو ماں کی پیٹھ سے تشبیہ دینا جس سے بیوی کو حرام سمجھا جاتا تھا اور منہ بولے بیٹے کی بیوی کے حوالے سے بھرپور وضاحت کردی۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ سے فرمایا و اذ تقول للذی انعم اللہ علیہ و انعمت علیہ امسک علیک زوجک و اتق اللہ و تخفی نفسک ما اللہ مبدیہ و تخشی الناس و اللہ احق ان تخشٰہ فلم قضیٰ زید منھا و طرًا زوجنٰکھا لکی لا یکون علی المؤمنین حرج فی ازواج ادعیاءھم اذا قضوا منھم و طرًا و کان امر اللہ مفعولا (اور اے پیغمبر! یاد کرو جب آپ کہہ رہے تھے اس شخص سے جس پراللہ نے احسان کیا تھا اور آپ نے بھی احسان کیا تھا کہ اپنی بیوی کو اپنے ساتھ رہنے دو ۔ اور اللہ سے ڈرو۔ اور اس بات کو اپنے دل میں چھپارہے تھے جس کو اللہ تعالیٰ نے واضح کرنا تھا۔ آپ لوگوں سے ڈرتے ہیں ، اللہ اس بات کا زیادہ حق رکھتا ہے کہ اس سے ڈرو۔جب زید نے اپنی بیوی سے تعلق ختم کردیا تو ہم نے اس کو تیرے نکاح میں دینے کا انتظام کیا تاکہ مسلمانوں کیلئے اپنے منہ بولے بیٹوں کی بیویوں سے نکاح کرنے میں اس وقت مشکل محسوس نہ ہو جب وہ اپنی بیویوں سے تعلق کو ختم کرلیں۔ اور اللہ کا حکم نافذ ہوکر رہتا ہے۔احزاب: 37)۔ اس آیت سے واضح ہے کہ کوئی صحابیؓ اتنی ہمت نہیں رکھتا تھا کہ وہ اپنے منہ بولے بیٹے کی طلاق شدہ بیوی سے شادی کرلیتا۔ پھر اللہ نے یہ بھی واضح کردیا کہ اس واقعہ کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ مسلمانوں پر منہ بولے بیٹوں کی طرف سے بیویوں کے طلاق کے بعد نکاح کرنے میں حرج نہ ہو۔
سورہ مجادلہ کی آیات میں ایک خاتون کا رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں اپنے شوہر کے حوالے سے مجادلے کا ذکر ہے۔ حضرات انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد ناخلف جانشینوں نے ہر دور میں یہود و نصاریٰ کے علماء و مشائخ کی طرح اللہ تعالیٰ کے دین میں غلو کا ارتکاب کرتے ہوئے حقائق بگاڑنے میں انتہائی کردار ادا کیا ہے۔ ایک ساتھ 3طلاق پر حلالہ کی لعنت کا عمل ہوتا تھا۔ بیوی کی پیٹھ کو ماں کی پیٹھ سے تشبیہ دینے کے بعد حلالہ کے ذریعے بھی حلال ہونے کی گنجائش نہیں ہوتی تھی اسلئے حضرت خولہ بنت ثعلبہؓ نے ظہار کے بعد اپنے شوہر کیلئے مجادلہ کیا۔ رسول اللہ ﷺ بار بار فرماتے تھے کہ آپ حرام ہوچکی ہیں مگر وہ مسلسل بحث و تکرار کررہی تھیں جس پر اللہ تعالیٰ نے وحی نازل فرمائی کہ قد سمع اللہ قول التی تجادلک فی زوجھا ’’بیشک اللہ نے اس کی بات سن لی جو آپ (ﷺ) سے اپنے شوہر کیلئے جھگڑ رہی تھی اور اللہ سے شکوہ کررہی تھی۔۔۔ مائیں وہ ہیں جنہوں نے ان کو جنا ہے ۔ منہ سے بولنے پر بیویاں مائیں نہیں بنتیں یہ منکر اور جھوٹ قول ہے‘‘۔(سورہ مجادلہ)
دورِ جاہلیت میں بیوی کو کھلی فحاشی کی صورت میں قتل کیا جاتا تھا ، قرآن نے گھر سے ان کو نکالنے اور نکلنے کی اجازت دی اور قتل کرنے کے بجائے لعان کا حکم جاری کیا۔ انصار کے سردار حضرت سعد بن عبادہؓ نے برملا کہا کہ میں قرآن کی آیت پر عمل کے بجائے قتل کرونگا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ میں سعد سے زیادہ غیرتمند اور اللہ مجھ سے زیادہ غیرتمند ہے اور جب نبی ﷺ کو پتہ چلا کہ آپﷺ کی لونڈی ماریہ قبطیہؓ سے اس کا ایک ہم زبان ملتا رہتا ہے تو حضرت علیؓ کو اس شخص کے قتل کا حکم دیا تھا۔ حضرت علیؓ اس کو قتل کرنے کیلئے گئے تو اسکو مقطوع الذکر پایا جس کی وجہ سے قتل کرنے کے حکم پر عمل نہیں کیا۔ حضرت سعد بن عبادہؓ کی طرف سے طلاق شدہ بیوی کو دوسرے سے شادی کرنیکی اجازت نہیں دی جاتی تھی اور اللہ نے نبی ﷺ کی ازواج مطہراتؓ کو اُمہات المؤمنین قرار دیتے ہوئے کبھی ان سے نکاح کی اجازت نہ دی۔ لیکن جب حضرت عائشہؓ پر بہتان لگا تو نبی ﷺ نے اللہ کے حکم کے مطابق گھر سے نکالنے کا فیصلہ کیا مگر رسم جاہلیت کے مطابق قتل کرنے سے گریز کیا۔ آج معمولی شبہ کی بنیاد پر بیگمات کو قتل کیا جاتا ہے اور اللہ کے حکم کو نا قابل عمل سمجھا جاتا مگر علماء و مفتیان کے غلط فتوؤں کی بنیاد پر بیگمات کو خود ہی حلالے کیلئے پیش کیا جاتا ہے۔ رسم جاہلیت لوٹ کر آئی ہے اور اس کی وجہ معروف اسلام کا اجنبی بن جاتا ہے ، جس میں سب سے زیادہ کردار مذہبی کتابوں کا غلط در غلط نصاب اور علماء و مشائخ کا اسلام کی حقیقت سے دور ہونا ہے۔

فقہ حنفی کے اُصول و فروع اور حضرت علی ہجویریؒ کے علم کا اعتبار

ایک ہوشمند ، با فطرت، با صلاحیت اور با ہمت انسان کا خون کھولنے لگتاہے کہ یہ کونسی بکواس ہے کہ حضرت داؤد ؑ کی نظر اپنے مجاہد پڑوسی حضرت اوریا کی بیگم پر پڑی تو وہ اپنے شوہر کیلئے حرام ہوگئی اور حضرت داؤد ؑ کے نکاح میں آگئی۔ جیسے حضرت زیدؓ کی بیوی زینبؓ پر رسول اللہ ﷺ کی نگاہ پڑگئی اور وہ حضرت زیدؓ پر حرام ہوگئی اور نبی ﷺ کے نکاح میں آگئی۔
افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حنفی اُصول و فروع جو اُصول فقہ ، فقہ اور فتاویٰ کی کتابوں میں پڑھے اور پڑھائے جاتے ہیں اور ان پر فتوؤں کی شکل میں عمل درآمد کرایا جاتا ہے اس کا تقاضہ یہی ہے کہ حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش کی بات سو فیصد درست ہو۔ کیونکہ حنفی مسلک میں یہ اصول پڑھایا جاتا ہے کہ و النکاح للوطی دون العقد ای یکون النکاح المذکور فی قولہٖ تعالیٰ لا تنکح ما نکح اٰبائکم من النساء محمولاً علی الوطی دون العقد فیشمل الوطی الحلال و الحرام و الوطی بملک الیمین ایضاً ۔۔۔۔۔۔ حقیقۃ النکاح الوطی و العقد مجازً ومن حیث الشرع بالعکس فالشافی حمل النکاح ھٰھنا علی معناہ المتعارف فلا یثبت حرمۃ المصاھرۃ بالزنا و نحن نحملہ علی حقیقۃ اللغویۃ فنثبت حرمۃ المصاھرۃ بالزناترجمہ’’اور نکاح کا لفظ جماع کیلئے ہے نہ کہ عقد نکاح کیلئے۔ اللہ تعالیٰ نے جو فرمایا ہے کہ ان عورتوں سے نکاح مت کرو جن سے تمہارے آباء نے نکاح کیا ہے۔ آیت سے مراد ہمارے نزدیک عقد نکاح نہیں بلکہ جائز اور ناجائز ہر طرح کا تعلق جماع مراد ہے۔ جو نکاح ، زنا اور لونڈی سے تعلق سب کو شامل ہے۔ لغت میں نکاح کا حقیقی معنی جماع ہے۔ اور مجازاً اس کو عقد کہا جاتا ہے۔ شرع میں یہ معاملہ اس کے برعکس ہے۔ امام شافعیؒ کے نزدیک یہاں نکاح کا معنی عرف عام کے مطابق ہے پس وہ ثابت نہیں کرتا زنا سے حرمت مصاہرت کو اور ہم حقیقت لغوی کا اعتبار کرتے ہیں اور حرمت مصاہرت کو زنا سے بھی ثابت کرتے ہیں‘‘۔ (نور الانوار : جلد ثانی۔مُلا جیون)
اس اختلاف کی بنیاد پر معاملہ بڑھاتے بڑھاتے فقہ و اصول فقہ کی کتابوں میں یہاں تک لکھ دیا گیا ہے کہ شہوت کے ساتھ ہاتھ کا لگنا اور نظر کا پڑجانا بھی نکاح و زنا کے حکم میں ہے۔ ساس سے جسم شہوت کے ساتھ لگ جائے تو بیوی حرام ہوجاتی ہے ، اس طرح اپنے بچوں پر غلطی سے شہوت کا ہاتھ لگ جائے تو بیوی حرام ہوجاتی ہے۔ ساس کی شرمگاہ کو باہر سے شہوت کے ساتھ دیکھنے میں عذر ہے لیکن اندر کی طرف سے شہوت کی نظر پڑ جانے سے بھی وہ نکاح کے حکم میں آجاتی ہے اور بیوی حرام ہوجاتی ہے۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارہ تحقیقات اسلامی نے جو فتویٰ مرتب کیا ہے اس پر پاکستان کے 840 علماء و مفتیان نے دستخط کئے ہیں جو جہاد اور خود کش حملوں کے حوالے سے ہے۔ جس پر تمام مسالک اور پاکستان کے ریاستی اداروں کا اعتماد ہے۔ اسی ادارہ تحقیقات اسلامی نے ایک کتاب ’’احکام طلاق، مصنف حبیب الرحمن‘‘ مرتب کرکے شائع کی ہے اور اس میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’اگر عورت عدت میں بیٹھی ہو تو شوہر کو چاہئے کہ اگر رجوع نہ کرنا چاہتا ہو تو پھر گھر میں داخل ہونے سے پہلے دروازے پر دستک دے تاکہ عورت سنبھل کر بیٹھ جائے اور ایسی جگہ شوہر کی نظر نہ پڑے جس سے شوہر کی آنکھوں میں شہوت آئے اور نہ چاہتے ہوئے بھی رجوع ہوجائے اور معاملہ گھمبیر بن جائے‘‘۔ حرمت مصاھرت کے حوالے سے یہاں تک غلو سے فقہ حنفی میں کام لیا گیا ہے کہ اپنی بیوی کو بھی اولاد جننے کے بعد شوہر کے جسم کا بیٹی کی طرح حصہ قرار دیا گیا ہے لیکن اُصولی طور پر ناجائز ہونے کے باوجود ضرورت کی وجہ سے اس سے ازدواجی تعلق جائز قرار دیا گیا ہے۔ اُصول فقہ ، فقہ اور فتاویٰ کی کتابوں میں یہ باتیں خفیہ نہیں ہیں بلکہ کھلے عام پڑھنے پڑھانے اور ان پر عمل درآمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ درس نظامی سے وابستہ علماء و مفتیان دن رات یہ مسائل پڑھتے پڑھاتے ہیں۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ ہاتھ کا زنا کسی کو شہوت سے ہاتھ لگانا ہے ، آنکھ کا زنا دیکھنا ہے اور پاؤں کا زنا اس فعل بد کی طرف چلنا ہے۔ حنفی مسلک میں شہوت کے ساتھ دیکھنے پر بھی زنا کے ساتھ ساتھ نکاح کا اطلاق بھی کیا گیا ہے۔ حرمت مصاھرت کے تمام مسائل اسی کے گرد گھومتے ہیں ۔ ان حقائق کے تناظر میں حضرت علی ہجویری ؒ داتا گنج بخش کی بات سمجھنے میں کوئی دشواری اسلئے نہیں ہے کہ جب شہوت سے نگاہ پڑنا زنا و نکاح کے حکم میں ہو ، اور کسی نبی کی نگاہ کسی اجنبی عورت پر پڑجائے تو حنفی مسلک کے مطابق وہ عورت نبی کے ہی نکاح میں آجائے گی اور نبی کے نکاح میں آنے کے بعد وہ اُمتی کیلئے ماں بن جائے گی اور اس امتی پر وہ عورت حرام ہوجائے گی۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ ایک صوفی عالم تھے اور ان کی تردید اسلئے علماء و مفتیان نے نہیں کی کہ جو کچھ علماء و مفتیان اپنے نصاب میں پڑھا رہے ہیں وہ اسکے عین مطابق تھا۔ حنفی مکتبہ فکر کے علماء و مفتیان کو اپنا نصاب ٹھیک کرنا ہوگا۔
اگر حرمت مصاھرت کے حوالے سے جزئیت اور بعضیت کا مسئلہ درست ہے ۔ جب ایک مرتبہ بچہ جننے کے بعد بیوی شوہر کیلئے بیٹی اور جزء بدن بن جاتی ہے جو اُصول فقہ میں پڑھایا جاتا ہے اور ضرورت کی وجہ سے بیوی شوہر کیلئے جائز قرار دی گئی ہے لیکن اصولی طور سے وہ شوہر کیلئے حرام ہے تو پھر جب شوہر بچوں کی ماں کو طلاق دیتا ہے تو حلالہ کی لعنت کے ذریعے سے بھی اس عورت کو حلال نہیں ہونا چاہیے جو بچوں کی وجہ سے اس کی بیٹی تھی۔ بہت بڑے بڑے علماء کرام اور مفتیان عظام کو علمی حقائق روز روشن کی طرح سمجھ میں آگئے ہیں مگر ان میں جرأت اور ہمت نہیں کہ حق کا بول بالا کرنے کیلئے اپنے ماحول کے خلاف جسارت کرسکیں۔ مساجد اور مدارس کو رشد و ہدایت کی آماجگاہیں بنانے کیلئے لازم ہے کہ نصاب کو درست کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ پہلی وحی تعلیم بالقلم اور قرآن کی واضح آیات میں کتاب مسطور اور ہاتھ سے لکھی ہوئی کتاب سے لیکر ایک ایک چیز میں مدارس کے اندر ایک گمراہانہ نصاب تعلیم پڑھایا جارہا ہے۔ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے اس نصاب تعلیم کو درست کرنے کی کوشش کی جائے جس کیلئے ہماری خدمات حاضر ہیں تو انقلاب آجائے۔
ایک طرف جدید اسلامی دانشور طبقہ علماء و مفتیان کے تعلیمی نصاب کو سراسر گمراہی سے تعبیر کررہا ہے اور دوسری طرف انتہا پسند تنظیموں کی طرف سے اسلامی ممالک کے علاوہ ان مدارس اور مساجد کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے جو حکمران طبقہ کے کہنے پر فتوے جاری کررہے ہیں۔ مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی نے میڈیا پر کہا تھا کہ ’’ہم خود کش حملوں کو ناجائز نہیں قرار دے سکتے‘‘۔ اب انکا نام بھی خود کش حملوں کو ناجائز قرار دینے کے فتوے میں شامل ہوگیا ہے لیکن جب اسلامی بینکاری پر علماء و مفتیان ایک دوسرے کی بات نہیں مان رہے ہیں تو دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے ان علماء و مفتیان کے فتوؤں کو کون مانے گا جن کی حیثیت ہلال کمیٹی کی چیئر مینی سے زیادہ نہ ہو۔ چاند نظر آتا ہو اور ہلال کمیٹی کا چیئر مین کہے کہ میرا فیصلہ ہے کہ نہیں نظر آیا ۔ پوری دنیا میں عید الفطر ہی نہیں عید الاضحی منائی جاتی ہو اور پاکستان کی ریاست آٹھ آٹھ نمبر چشمہ رکھنے اور اس سے زیادہ موٹا دماغ رکھنے والے علماء و مفتیان کے رحم و کرم پر ہو تو یہ فتوے کس طرح سے مؤثر بن سکتے ہیں؟۔
پاکستان کے اصحاب حل و عقد موٹی موٹی باتوں پر اتفاق رائے سے وہ اسلامی نصاب تشکیل دیں جو قرآنی آیات ، احادیث صحیحہ اور درست اجتہادات کے تقاضوں کے عین مطابق ہو۔ جس سے پاکستان میں عالم اسلام اور عالم انسانیت کیلئے ایک بہترین معاشرتی نظام پیش کیا جائے۔ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل پاکستان کو تباہ کرنے کے درپے ہیں اور ان کا راستہ روکنے کیلئے ہمیں شیعہ سنی ، حنفی اہل حدیث اور بریلوی دیوبندی فرقہ وارانہ اور متعصبانہ خیالات سے نکل کر اُمت وسط اور صراط مستقیم پر چلنا ہوگا۔ مدارس اور مساجد سے حقائق کی بنیادپر ایک ایسا انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے جو ہمارے سیاسی و معاشرتی ڈھانچے کو بدل کر رکھ دے گا لیکن سب سے پہلے مذہبی طبقات نے اپنے آپ کو بدلنا ہوگا۔

شیطانی القاء اورخیالات کو بدلنے کیلئے انقلابی راستہ اپنانا ہوگا

وما ارسلنا من قبلک من رسول ولا نبی الا اذا تمنیٰ القی الشیطان فی امنیتہٖ فینسخ اللہ ما یلقی الشیطان ثم یحکم اللہ اٰیٰتہٖ و اللہ علیم حکیم O لیجعل اللہ ما یلقی الشیطان فتنۃ للذین فی قلوبھم مرض و القاسیۃ قلوبھم و ان الظٰلمین لفی شقاق بعیدO ولیعلم الذین اُتوا العلم انہ الحق من ربک فیؤمنوا بہٖ فتخبت لہ قلوبھم و ان اللہ لھادالذین اٰمنوا الیٰ صراط مستقیم O ’’اور ہم نے آپ سے پہلے نہیں بھیجا کسی رسول کو اور نہ کسی نبی کو مگر یہ کہ جب اس نے خواہش ظاہر کی تو شیطان نے اس کی خواہش میں اپنی بات ڈال دی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے شیطان کی ڈالی ہوئی بات کو مٹادیا اور اپنی آیات کو محکم کردیا۔ اللہ جاننے والا حکمت والا ہے۔ تاکہ شیطان کی ڈالی ہوئی بات کو ان لوگوں کیلئے فتنہ بنادے جن کے دلوں میں مرض ہے اور جن کے دل ڈھیٹ ہیں۔ اور ظالم لوگ دور کی کمبختی میں پڑے ہوئے ہیں۔ اور اسلئے کہ تاکہ جن لوگوں کو سمجھ دی گئی ہے وہ جان لیں کہ حق آپ کے رب کی طرف سے ہے اور اس پر وہ ایمان لائیں اور ان کے دل حق کیلئے جھک جائیں۔ اور بیشک اللہ ہدایت دینے والا ہے ایمان والوں کو سیدھی راہ کی طرف‘‘۔ (سورۃ الحج)
یہ سورت مدنی ہے اور القاء شیطانی سے مراد یہ نہیں ہے کہ شیطان انبیاء کرام ؑ کے دل میں پھونک مار کر اپنی باتیں ڈالتا تھا ، البتہ شیطان کے پھیلائے ہوئے جال اس قدر مضبوط ہوتے تھے کہ پورا ماحول شیطان نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوتا تھا۔ ظہار کے بارے میں سورہ مجادلہ اور لے پالک (منہ بولے بیٹے) کے بارے میں سورہ احزاب کی آیات اس کا واضح ثبوت ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی آیات کے ذریعے سے ظہار اور لے پالک کے احکام کو واضح کردیا ۔ جبکہ نبی اور رسول کے علاوہ کسی اور کے پاس وحی کا کوئی ذریعہ نہیں جس کے ذریعے سے وہ شیطانی ماحول سے محفوظ ہوسکے۔ تمنا اور اُمنیت کا تعلق ظاہری الفاظ سے نہیں بلکہ یہ اندرونی کیفیت اور خواہش کا نام ہے۔ اُمنیت کی جمع عربی میں امانی ہے۔ قرآن میں بار بار تلک امانیھمکا ذکر ہے۔ ماحول کے اثرات سے جو خواہشات لوگوں کے دلوں میں جڑ پکڑ لیتی ہیں اللہ تعالیٰ نے قرآن میں اس کی جگہ جگہ تردید کی ہے۔ یہود و نصاریٰ کے مذہبی طبقات نے بھی اپنے اپنے طور پر ماحول کے اثرات سے خواہشات پال رکھی تھیں۔
سورۂ نجم مکی دور میں نازل ہوئی تھی ۔ سورۂ نجم میں اللہ تعالیٰ نے اس بات کی وضاحت فرمائی ہے کہ جو وحی حضرت محمد ﷺ پر نازل ہوتی ہے اس میں شیطان کا کوئی عمل دخل ممکن نہیں ہے۔ ایک طاقتور فرشتے جبرائیل ؑ کے ذریعے تمام خطرات سے یہ محفوظ ہے۔ افسوس کہ سورۂ نجم کے محور ہی کے برعکس ہماری تفاسیر اور روایات میں شیطانی آیات کا تصور بھی داخل کردیا گیا ہے۔ چنانچہ بعض مترجمین نے سورہ حج کی مندرجہ بالا آیت کا ترجمہ بھی یہ کیا ہے کہ ’’اور ہم نے تم سے پہلے جتنے رسول یا نبی بھیجے سب پر کبھی یہ واقعہ گزرا ہے کہ جب انہوں نے پڑھا تو شیطان نے ان کے پڑھنے میں لوگوں پر کچھ اپنی طرف سے ملادیا تو مٹا دیتا ہے اللہ تعالیٰ اس شیطان کے ڈالے ہوئے کو پھر اللہ اپنی آیتیں پکی کردیتا ہے‘‘۔ یہ ترجمہ مولانا احمد رضا خان اعلیٰ حضرت بریلوی نے کنز الایمان میں کیا ہے۔ حالانکہ سورہ حج مدنی سورت ہے اور سورہ نجم مکی سورت ہے۔ اگر یہ مان لیا جائے کہ عوام اور نبی کے درمیان شیطان آیات میں بھی دخل اندازی دے سکتا ہے تو یہ سورۂ نجم اور قرآن کے مقاصد سے کوئی مناسبت نہیں رکھتا ہے۔ سلمان رشدی کی کتاب ’’شیطانی آیات‘‘ بھی ان واقعات سے متعلق تھی۔ اُمت مسلمہ کو شیطان سے بچنے کیلئے فرقہ واریت سے نکلنا ہوگا۔
واقعہ یہ تھا کہ سورہ نجم میں اللہ تعالیٰ نے مشرکین مکہ کے ان عجیب و غریب خیالات کی تردید کی تھی کہ وہ اپنے لئے بیٹوں کو پسند کرتے ہیں اور اللہ کیلئے بیٹیوں کو پسند کرتے ہیں۔ لات منات اور عزیٰ مشرکین مکہ کی مختلف دیویاں تھیں۔ سورہ نجم میں ان کا ذکر بھی ہے اور سورہ نجم کے آخر میں سجدے کی آیت ہے ، یوں تو رسول اللہ ﷺ معمول کے مطابق سجدے سے پہلے رکوع کرتے تھے اور رکوع کے بعد قومہ کیلئے کھڑے ہوتے اور پھر سجدہ کرتے مگر سورہ نجم میں سجدے کی آیت کی وجہ سے اچانک سجدے میں چلے گئے تو مشرکین مکہ نے بھی اس غیر معمولی سجدے کو دیکھ کر اچانک سجدہ کرلیا۔ جس طرح موجودہ دور میں کوئی اچانک لیٹ جائے یا بھاگے اور ساتھ والے غیر ارادی طور سے اس کی اتباع کریں تو یہی ہوتا ہے۔ مشرکین مکہ نے اپنی اس خفت کو مٹانے کیلئے پروپیگنڈہ شروع کردیا کہ نبی ﷺ نے لات منات اور عزیٰ کیلئے تلک الغرانیق العلیٰ فان شفاعتھن ترتجی ’’یہ کنواری لڑکیاں بلند مقام رکھتی ہیں اور ان کی شفاعت کی اُمید ہے‘‘ تلاوت میں پڑھا جس کی وجہ سے ہم نے بھی سجدہ کرلیا۔ اس پروپیگنڈے کے نتیجے میں حبشہ ہجرت کرنے والے مسلمان بھی واپس آگئے لیکن مکہ کے قریب پہنچ کر ان کو غلط پروپیگنڈے کا پتہ چل گیا۔ بعض واپس چلے گئے اور بعض مکہ میں رک گئے۔ جو سیرت کی کتابوں میں بھی موجود ہے۔ سورہ حج میں شیطان کے القاء کے حوالے سے سورہ نجم کی من گھڑت شیطانی آیات کا کوئی تعلق نہیں۔ البتہ داتا گنج بخش کی عبارت ، مولانا احمد رضا خان بریلوی کے ترجمے ،شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی نے جو سُود کو جواز بخشنے اور مختلف ادوار میں اسلام کی حقیقت کو مسخ کردینے والے افراد کی ان باتوں کو شیطانی القاء قرا ردیا جائے جن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
قرآن میں اللہ تعالیٰ نے حضرت داؤد ؑ کے حوالے سے فرمایا ہے کہ لی نعجۃ ولہ تسع و تسعون نعجۃ۔۔۔ ’’میرے پاس ایک دنبی اور اس کے پاس 99دنبیاں ہیں اور وہ چاہتا ہے کہ ایک بھی مجھ سے واپس لے۔ جب ایک شخص نے حضرت داؤد ؑ کو اپنا واقعہ بتایا کہ میرا بھائی میرے ساتھ یہ ظلم کررہا ہے اور حضرت داؤد ؑ نے فرمایا کہ اگر واقعی وہ ایسا کررہا ہے تو وہ غلطی پر ہے ۔ پھر اس کی وجہ سے حضرت داؤد ؑ کو تنبیہ ہوئی اور اپنی بات پر اللہ سے مغفرت مانگی اور اللہ نے معاف کردیا‘‘۔ اس واقعہ کے ضمن میں یہ لکھا گیا ہے کہ حضرت داؤد علیہ السلام کی نظر حضرت اوریا کی بیگم پر پڑی اور دل میں خواہش ہوئی کہ ان سے نکاح کرلیں۔ پھر جب وہ محراب میں بیٹھے تھے اور دروازے بند تھے آنے کی کوئی راہ نہ تھی ، کچھ لوگوں کو آتے دیکھ کر گھبرا گئے اور پھر انہوں نے اپنا قصہ سنایا تو اس کی وجہ سے تنبیہ ہوئی اور اللہ سے معافی مانگ لی اور اللہ نے معاف کردیا۔ ایک حدیث میں آتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی نظر کسی خوبرو خاتون پر پڑی تو نبی کریم ﷺ اپنے گھر میں تشریف لے گئے اور اپنی گھر والی سے جماع کرلیا اور فرمایا کہ جس کسی کے ساتھ ایسا ہو تو اپنی بیوی کے پاس جائے ، جو چیز کسی اور عورت کے پاس ہے وہ اس کی بیوی کے پاس بھی ہے۔
قرآن و سنت معاشرے کی اصلاح کیلئے بہترین سرمایہ ہیں۔ نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج اور جہاد کے علاوہ معاشرتی احکامات کے ذریعے سے معاشرتی اقدار کا تحفظ بھی ان میں موجود ہے۔ بخاری شریف کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مجھے خواب میں حضرت عائشہ صدیقہؓ کی تصویر دکھائی گئی تھی کہ یہ تمہاری زوجہ ہوگی، میں نے سوچا کہ اگر یہ خواب اللہ کی طرف سے ہے تو پورا ہوگا اور شیطان کی طرف سے ہے تو پورا نہیں ہوگا۔ اس حدیث سے سبق لیتے ہوئے علماء و مشائخ کو بھی چاہئے کہ شیطانی القاء اور اجتہادات سے بچنے کے راستے تلاش کریں۔ اللہ تعالیٰ نے وحی کے ذریعے سے 14سو سال پہلے جسطرح ماحول کی اصلاح کردی تھی آج دور جاہلیت کے مقابلے میں انسانی شعور زیادہ بیدار ہے اور قرآن و سنت پر عالم انسانیت کو عمل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہے۔ جاہل تو جاہل جن کی اٹھک بیٹھک اور اوڑھنا بچھونا مذہب سے تعلق رکھتا ہے وہ بھی قرآن کے فطری احکامات کی طرف رجوع نہیں کررہے ہیں۔ جب بڑے مدارس ناجائز حلالے کی لعنت کے فتوے دینگے جس سے لوگوں کی بیویوں ، ماؤں ، بیٹیوں اور بہنوں کی عزتیں تار تار ہونگی تو کسی اور سے کیا اُمید رکھی جاسکتی کہ وہ اپنے معاش اور نفسانی خواہش کیلئے کچھ نہ کریں۔عتیق گیلانی

اس پوسٹ کو شئیر کریں.

لوگوں کی راۓ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

اسی بارے میں

تبلیغی جماعت کہتی ہے کہ لاالہ الا اللہ کا مفہوم یہ ہے کہ اللہ کے حکموں میں کامیابی کا یقین مگر حلالہ کی کیاکامیابی ہے؟
خلع میں عدالت و مذہبی طبقے کا قرآن وسنت سے انحراف؟
بشریٰ بی بی قرآن وسنت کی دوعدتیں گزار چکی تھیں