پوسٹ تلاش کریں

فوج اور عدلیہ کیلئے خصوصی استثناء مگر کیوں؟ عتیق گیلانی

فوج اور عدلیہ کیلئے خصوصی استثناء مگر کیوں؟ عتیق گیلانی اخبار: نوشتہ دیوار

Fauj-Aur-Adlia-k-liye-khususi-istesna-magar-kiun

فوج اور عدلیہ کیلئے خصوصی استثناء مگر کیوں؟

مشکل وقت آئے توقومی اتحاد سے بڑی نعمت اور انتشار سے بڑی بیماری کوئی نہیں۔ اسٹیبلشمنٹ گالی بن گئی، اسٹیبلٹی استحکام ہے، ریاست مستحکم نہ ہوتو بہت بڑی بدنصیبی ہے۔ رسول اللہﷺ کے دور میں حضرت خالد بن ولیدؓ نے استحکام کیلئے قتل وغارت کی تو نبیﷺ نے فرمایا کہ ’’اے اللہ! میں خالد کے فعل سے بری ہوں‘‘۔ ریاستی استحکام کیلئے فوجی اہلکار حدود سے بھی تجاوز کرلیتے ہیں مگر ان سے رعایت برتنا فطرت اور سنت کے مطابق ہے۔
خالد بن ولیدؓ سپاہ سالار تھے ، رسول اللہﷺ نے غلط اقدام و ظلم پر بری الذمہ ہونے سے زبردست حوصلہ شکنی فرمائی۔ عدلیہ کا جج اور قاضی جو فیصلہ کرے وہ 100 فیصد غلط بھی ہوسکتاہے ۔غلطی پر سزا دی جائے تو کوئی منصف نہ بنے۔ حضرت خالدؓ کی غلطی سے نبیﷺ نے برأت کرکے بتادیا کہ دنیا میں پکڑ سے محفوظ ہے تو آخرت کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ جبکہ قاضی اور جج کیلئے واضح کیاکہ ’’اگر وہ اجتہاد کرکے درست فیصلہ دیگا تو2نیکیاں ملیں گی ایک اجتہاد کی، دوسری ٹھیک بات تک رسائی کی۔ اگر غلطی کرلی تو اس کو ایک نیکی ملے گی ‘‘۔ اگر یہ ضمانت نہ ملتی تو کوئی اچھا ، تقویٰ دار آدمی قاضی اور جج بننے پر آمادہ نہیں ہوسکتا تھا۔
حضرت ابوبکرؓ نے منصبِ خلافت سنبھالاتو ریاست کو شدید عدمِ استحکام کا سامنا تھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے زکوٰۃ دینے سے انکار کرنیوالوں کی سر کوبی کیلئے حضرت خالد بن ولیدؓ کی قیادت میں لشکر بھیجا، اس موقع پر حضرت خالد بن ولیدؓ سے یہ زبردست غلطی سرزد ہوگئی کہ مالک بن نویرہ کو قتل کرکے اس کی خوبصورت بیگم سے جبری شادی بھی رچالی۔ حضرت عمرؓ نے کہا کہ ’’اس جرم پر خالد بن ولیدؓ کو سنگسار کردیا جائے‘‘۔حضرت ابوبکرؓ نے کہا کہ ’’ ان کی اس وقت ہمیں ضرورت ہے، اسلئے سزا دینے کے بجائے تنبیہ پر اکتفاء کرلیتے ہیں ‘‘۔
قرآن وسنت کی سمجھ نہیں اسلئے صحابہؓ کے واقعات سے مذہبی طبقے قاصر اور فرقہ وارانہ عصبیت کا شکار ہیں۔ بدری قیدیوں سے فدیہ لینے پر مشاورت ہوئی تو حضرت ابوبکرؓ کی رائے فرمان نبویﷺ ارحم امتی بامتی ابی ابکر’’ میری امت میں سب سے زیادہ امت پررحم کرنیوالے ابوبکر ہیں‘‘ کے مطابق دشمن مشرکینِ مکہ کیلئے بھی رحم کی اپیل تھی جبکہ حضرت عمرؓ نے مشورہ دیا کہ ’’جو میرا قریبی رشتہ دار ہے، اس کو میں قتل کروں ، علیؓ، ابوبکرؓ اور عثمانؓ سب اپنے اپنے قریبی رشتہ داروں کو قتل کریں، کوئی زندہ نہ جائے ‘‘۔ نبیﷺ نے فرمایا :واشدھم فی امر اللہ عمر’’ صحابہؓ میں سب سے زیادہ اللہ کے حکموں میں سخت عمرہیں‘‘۔ مشاورت مکمل ہوئی تو نبی ﷺ نے فرمایا کہ ابوبکرؓ کی رائے ابراہیم ؑ کی طرح ہے ، یعنی کفار کیلئے رحم کی اپیل اور عمرؓ کی رائے نوح ؑ کی طرح ہے ۔فرمایا کہ ’’ روئے زمین پر کوئی کافر باقی نہ رہے‘‘۔ ابراہیم ؑ کی رائے پسند ہے اسلئے رحم کا فیصلہ ہے۔ اللہ نے فرمایا کہ ’’ نبی کیلئے مناسب نہ تھا کہ اسکے پاس قیدی ہوں یہانتک کہ زمین میں خوب خونریزی کرتے۔ تم دنیا چاہتے ہو اور اللہ آخرت چاہتا ہے، اگر پہلے سے اللہ لکھ نہ چکا ہوتا تو تمہیں سخت عذاب دیدیتا۔ جن سے تم نے فدیہ لیا ہے اگر انکے دل میں خیرہے تو اس فدیہ کے بدلے اللہ اور زیادہ دے گا۔ اور جن کے دل میں خیانت ہے تو اللہ پھر بھی ان سے نمٹ لے گا‘‘۔
نبیﷺ کو علم تھا کہ اللہ نے حضرت نوحؑ کی بات کو قبولیت بخشی اور حضرت ابراہیم ؑ کی اپیل قبول نہیں کی مگر پھر بھی حضرت ابراہیم ؑ کی بات کو ترجیح دی، جب طائف میں نبیﷺ کے خون بہانے پر اللہ ذوالجلال کا غضب جوش میں آیا تو بھی نبیﷺ نے ان کیلئے ہدایت کی دعا فرمائی اور یہ بھی فرمایا کہ اگر ان کی تقدیر میں ہدایت نہیں تو ان کی اولاد کو ہدایت عطاء فرمانا۔ بعض اوقات یہ ہوتا ہے کہ باپ کی قسمت میں ہدایت نہیں ہوتی تو اللہ بیٹے کو ہدایت دیتا ہے۔ ابوجہل بدر میں مارا گیا تو اس کا بیٹا عکرمہؓ بن ابی جہل ایک مخلص صحابی بن گیا۔ حضرت امیر حمزہ کو شہید کرنیوالا وحشیؓ اور کلیجہ چبانے والی ہندہؓ کو بھی ہدایت مل گئی۔ جن کیلئے نبیﷺ نے چاہا کہ انہیں ہدایت ملے مگر نبیﷺ کے ہاتھ میں اپنی چاہت پوری کرنا نہ تھی۔ انک لا تھدی من احببت ’’بیشک آپؐ جس کو چاہیں ہدایت نہیں دے سکتے‘‘۔
قرآن میں اللہ نے واضح طور پر فرمایا کہ ’’ بدری قیدیوں پر فدیہ لینا مناسب نہ تھا‘‘ ۔ لیکن جو فیصلہ ہوگیا اس پر عمل در آمد روکنے کا حکم نہ دیا بلکہ تنبیہ کے باوجود اس پرعمل در آمد ہی کروایا۔ یہ اللہ کا حکم تھا: وشاورھم فی الامر واذا عزمت فتوکل علی اللہ ’’ کسی خاص بات میں مشاورت کریں، جب عزم کرلیں تو اللہ پر بھروسہ کریں‘‘۔ نظام زندگی میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ’’ مشاروت کے نتیجے میں کوئی عزم اور فیصلہ کیا جائے تو گومگو کی کیفیت میں مبتلاء رہنے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ غلطیوں سے سبق سیکھا جاسکتا ہے‘‘۔ بدری قیدیوں پر مفسرین کی رائے دیکھ لی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ حقائق سے انحراف کرتے ہوئے معاملات بالکل غلط سمت لے گئے ہیں۔ قرآنی آیات اپنی جگہ مفصل ہیں، ہر چیز کی تفصیل بھی ان میں موجود ہے۔ان میں کوئی تضاد نہیں بلکہ ایکدسرے کیلئے تفسیر کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔اگر نبیﷺ کا فیصلہ غلط یا غیر مناسب تھا تو نبیﷺ کی معصومیت پر سوال اٹھے گا۔جس کا جواب بعض بہت معتبر مفسرین نے یہ دیا ہے کہ یہاں نبی سے مراد کوئی اور ہے اسلئے کہ نبی ﷺ کا ہر قول وفعل حکم الٰہی تھا تو اس کو غیرمناسب کیسے قرار دیاسکتا تھا؟۔
مفسرین نے یہ توجیہ بہت غلط کی بلکہ قرآن کی واضح آیت کا انکار کیا کہ نبی سے مراد نبیﷺ نہیں تھے تو نعوذ باللہ اور کس کو نبی کہا گیاہے؟۔ نبیﷺ نے رئیس المنافقین عبداللہ بن ابی کا جنازہ پڑھایا تو اللہ نے منع فرمایا۔ کوئی اور اتنی جرأت نہ کرتا کہ اس کھلے گستاخ کا جنازہ پڑھنے کی ہمت کرتا۔ نبیﷺ نے ثابت کیا کہ جب اللہ منافقین کو جہنم کا سب سے نچلا درجہ دیتا ہے تو رئیس المنافقین کیلئے مرنے کے بعد بھی نبیﷺ کا دل مبارک رحم کرنے کی اپیل سے نہیں چوکا بلکہ اللہ کو کہنا پڑا کہ اگر 70مرتبہ بھی استغفار کرو گے تو اللہ نے اس کو نہیں بخشنا ہے،یہ دنیا کے سامنے نبیﷺ کی رحمت للعالمین ہونے کی بہت بڑی سند ہے۔ جب آیت سے ثابت ہو جائے کہ نبیﷺ ہی مراد تھے تو کیا اس سے یہ ثبوت مہیا ہوتاہے کہ نبیﷺ کا اسوۂ حسنہ بہترین نمونہ نہیں تھا؟۔ یہ اقدام غلط تھا اور درست وہی تھا جو بدر کے قیدیوں کو معاف کرنے کے بجائے ان کا زمین میں خون بہادیا جاتا؟؟؟؟؟؟؟۔
نبیﷺ کا اسوۂ حسنہ بیشک بہترین نمونہ تھا ، وہ جو زمین میں خدا بنے پھرتے ہیں ان کا تعلق فوج، عدلیہ ، سیاستدان، علماء اور صوفیاء جس طبقے سے بھی ہو اور غلطی کے امکان کو اپنی توہین سمجھتے ہیں ان کیلئے ڈوب مرنے کامقام ہے کہ نبیﷺ کی سیرت طیبہ کو اللہ نے بطور نمونہ پیش کیا۔ صحابہ کرامؓ کی بھاری اکثریت کا مشورہ رحم کی اپیل کا تھا اور حضرت عمرؓ و سعدؓ کی رائے مختلف تھی تو اللہ نے اکثریت کے مشورے پر عمل بھی ہونے دیا مگر اقلیت کی بات کو درست کہنے کی مثال قائم کردی۔ کیا اس سے ڈکٹیٹر شپ کی راہ ہموار ہوسکتی تھی ؟، کیا اس سے جمہوری اکثریت کاقائد دوسروں کی تضحیک کا حق رکھتا ہے؟۔ حقیقی مسئلہ یہ نہ تھا کہ کافر نے جہاد کے دوران خوف سے کلمہ پڑھ لیا اور حضرت عمرؓ نے ناقابلِ قبول قرار دیکر قتل کردیا بلکہ مدینہ سے بدر کی بڑی مسافت کا راستہ تھا، 70قیدیوں کو لانے میں بہت وقت لگ گیا، ہم ہوتے تو اللہ سے شکوہ کرتے کہ وحی نازل نہ کی اور جب اللہ کے حکم مشاورت پر عمل کیا تو اسکو غیر مناسب قرار دیکر عذاب کی وعید بھی سنادی۔ ایسا اسلام ہمیں بالکل نہیں چاہیے۔
مسلمان شام سے آنیوالے قافلے کی لالچ میں گئے تو مشرکوں کا بہت بڑا لشکر آیا ، اللہ نے فرشتوں کی مدد سے مسلمانوں کو فتح سے نوازا، مسلمان اتنے نمک حرام نہ تھے کہ اللہ کی طرف سے تنبیہ پر برا مناتے۔ نبیﷺ کا فیصلہ بالکل 100فیصد درست تھا، اللہ کو بھی یہی منظور تھا تب ہی مشاورت اور فیصلے سے پہلے وحی بھی نازل نہیں کی اور ان آیات کے ذریعہ مسلمانوں کی تعلیم وتربیت کا اہتمام کیا کہ قیامت تک وحی کا سلسلہ بند ہوگا۔ جب ٹی وی اسکرین پر 2پیسے کمانے والے ریاستوں کے اہم معاملات پر بک بک کرنا شروع کریں تو ان میں اس بات کا شعور ہونا چاہیے کہ مصلحت کی کار گزاری پر زیادہ سوالات اٹھانے سے تمہاری قابلیت نہیں بلکہ تعلیم وتربیت کا فقدان نظر آئیگا۔بک بک کرنیوالا اپنا جائزہ لے۔
غزوہ احد میں مسلمانوں کوشکست ہوئی تو نبیﷺ اور صحابہؓ نے سخت انتقام کی بات کہہ دی۔ اللہ نے فرمایا کہ کیا ہوا ؟، اگر تمہیں زخم لگا ہے تواس سے پہلے ان کو بھی زخم لگ چکا ہے۔ کسی کے انتقام کا جذبہ اس حد تک نہ اُبھارے کہ اعتدال سے ہٹ جاؤ۔ جتنا انہوں نے کیا ہے تم بھی اتنا ہی کرو، اگر معاف کردو تو یہ تمہارے لئے بہتر ہے بلکہ معاف ہی کردو، اور ان کو معاف کرنا بھی اللہ کی توفیق کے بغیر ممکن نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے خود ہی بدر کے قیدیوں پر فدیہ لینے کے فیصلے کو غیرمناسب کہا اور خوب خونریزی کی خواہش ظاہر کی، جسکے نتیجے میں اُحد کی شکست پر انتقام کا جذبہ ابھرنا تھا۔ صحابہؓ نے معاف کرنے کا مشورہ دیا تو اللہ نے خون بہانے کی بات کہی اور صحابہؓ انتقام لینے پر آمادہ ہوئے تو اللہ نے معاف کرنے کا حکم دیا۔ دونوں آیات میں تضاد نہیں اعتدال کا راستہ تھا۔ چنانچہ پھر اللہ نے یہ وضاحت بھی کردی کہ جنگی قیدیوں کو فدیہ کے بدلے چھوڑ دو یا بغیر فدیہ کے ، تمہیں اسکا اختیار ہے۔ اولی الامر کی حیثیت سے نبیﷺ نے جو فیصلے فرمائے تھے ان واقعات کے ذریعے سے قیامت تک قرآن میں تمام اولی الامر کیلئے بہترین مثالیں قائم کرنی تھیں۔
حضرت عمرؓ کی طرف سے حضرت خالد بن ولیدؓ کو اس غلطی پر سنگسار کرنے کا مشورہ بھی قرآن وسنت کی تعلیم و تربیت کے نتیجے میں درست تھا اور حضرت ابوبکرؓ نے بھی درگزر سے کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا ۔ کوئی کہہ سکتاہے کہ پھر بھی معاملہ خلط ملط نظر آتاہے ،قرآن نے کوئی واضح سمت متعین نہیں کی ؟ لیکن یہ بالکل غلط ہے۔ بدر کے قیدیوں میں اقرباء پروری کا جذبہ پنہاں تھا ، قریبی رشتہ داروں کو قتل کرنا بہت بڑے دل گردے کا کام ہے ، یہ حقیقت ہے کہ حضرت نوح ؑ نے سب کافروں کیلئے موت مانگی اور دعا قبول ہوئی تو بیٹے کے کفر پر دھیان نہ گیا۔ حضرت ابراہیمؑ نے اپنے مشرک باپ کیلئے بھی مرنے کے بعد دعا کی تھی۔ اُحد کے انتقام میں بھی اقرباء کے انتقام کا جذبہ تھااسلئے اللہ نے معاف کرنے کا حکم دیا تھا۔ حضرت علیؓ کے چہرے مبارک پر دشمن نے تھوک دیا تو سینے سے اترگئے کہ اب ذاتی انتقام کا جذبہ بھی شامل ہوگیاہے۔ صحابہؓ سے محبت اور دشمنی کی بنیاد پر فرقہ وارانہ تعصبات کو انتشار کا ذریعہ اور اپنے مفادات حاصل کرنیوالے غلیظ طبقات کو اپنی اصلاح پربھی توجہ دینی ہوگی۔
بڑا مسئلہ یہ ہے کہ خالد بن ولیدؓنے ہنگامی حالت میں قتل وغارت کی تھی تو فوجی کیلئے کرفیو کے دوران گولی مارنے کی اجازت سمجھ میں آتی ہے مگر جبری شادی پر معافی کیسے ملی اور اللہ کی بارگاہ میں حضرت خالدبن ولیدؓ کیلئے اتنی بڑی فحاشی والی حرکت کے باوجود ہم کیسے صحابیت کے تقدس کا تصور رکھ سکتے ہیں؟۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ بہت بڑا گناہ تھا اور حضرت عمرؓ نے ٹھیک مشورہ دیا تھا کہ اس پر سنگسار کردیا جائے لیکن یہ ایک اضطراری کیفیت کی بات تھی ، خالد بن ولیدؓ کا یہی مشغلہ نہ تھا۔ اللہ نے فرمایا : الذین یجتبون کبائرا لاثم والفواحش الا اللمم ’’ جو اجتناب کرتے ہیں بڑے گناہوں اور بڑی فحاشیوں سے مگر کبھی کبھار‘‘۔ حضرت آدم ؑ کا شجرہ کے قریب جانے سے مشاجرات صحابہؓ تک اللمم کبھی کبھارکی ایک لمبی داستان ہے۔ جب خوشحالی کادور آتا ہے تو حضرت داؤد ؑ کے بارے 99بیگمات کے باوجود اپنے مجاہد اوریا کی بیگم سے شادی کی خواہش پر واضح تنبیہ آتی ہے کہ لی نعجۃ ولہ تسع وتسعون نعجۃ ’’ میرے پاس ایک دنبی ہے اور اسکے پاس 99دنبیاں ہیں‘‘ جس پر حضرت داؤد ؑ نے اللہ سے مغفرت طلب کی اور معاف کیا گیا، رسول اللہﷺ کے دل میں حضرت زیدؓ کی بیگم حضرت زینبؓ سے طلاق کے بعد شادی کی خواہش تھی مگر نبیﷺ نے عوام کے خوف سے اس خواہش کو چھپایا۔ اللہ نے فرمایا کہ’’ جس چیز کو آپ چھپارہے تھے ، اللہ نے اس کو ظاہر کرنا تھا‘‘۔کسی انسان کا دل اسکے اپنے اختیار میں نہیں ہوتا ، جائز اور ناجائز خواہش کسی کے دل میں بھی داخل ہوسکتی ہے۔ نبیؐ نے ایک خوبرو خاتون کو دیکھا اور نفسانی جذبہ ابھرا تو اپنی بیگم سے شہوت پوری کرلی اور فرمایا کہ جس کی نظر ناجائز جگہ پڑے اور خواہش ابھرے تو اپنی بیگم سے خواہش پوری کرلے اسلئے کہ جو چیز اسکے پاس ہے جس سے خواہش ابھری ہو تووہی اس کی بیوی کے پاس بھی موجود ہے۔
اللہ واضح طور پر کہتاہے کہ ’’ اپنے نفسوں کی پاکی بیان مت کرو، اللہ جانتا ہے کہ کون کتنا پاکی رکھتا ہے‘‘۔ اللہ کی ذات ہی نفسانی خواہش سے پاک ہے اسلئے کہ وہ بیوی، بیٹے اور بیٹیوں کے تصور سے بالکل پاک ذات ہے۔ انبیاء کرام ؑ اور صحابہ کرامؓ فرشتے نہیں تھے بلکہ حضرت آدم ؑ کی آل ا ولاد تھے۔حضرت یوسف علیہ السلام کے پیچھے آقا کی بیگم پڑی توفرمایا کہ میں نفس کو بری نہیں کرتا مگر اللہ نے میری حفاظت کردی۔ جو نفس نہیں رکھتا وہ کھدڑا بھی خدا کا بندہ ہے مگر نفسانی خواہش سے بچنے میں یہ کمال نہیں۔ حضرات انبیاء ؑ کمالات والے انسان تھے۔ بعض صوفیاء اور علماء نے اپنے کرتوت پر پردہ ڈالنے کیلئے لکھ دیا کہ ’’ حضرت زیدؓ نے نبیﷺ کی خواہش کیلئے غیرت کی قربانی دی اور داؤد ؑ نے اپنے مجاہد کی بیگم سے بدکاری کا جرم کیا‘‘ ۔یہ انتہائی گھناؤنے الزام ہیں اور ان تہمتوں کا اللہ کو حساب دیدیا ہوگا۔
حضرت داؤد ؑ نبی اوربادشاہ وخلیفہ تھے۔ اجتہادکا تقاضہ پورا کرکے دو قوموں کے درمیان فیصلہ کیا ، وہ انصاف کا تقاضہ پورا سمجھ رہے تھے مگر آپ ؑ کے صاحبزادے حضرت سلیمان ؑ نے کہا کہ ’’ اس سے ایک قوم کو انصاف ملے گا مگر دوسری قوم محروم ہوگی اور پھر خود ہی دونوں قوموں کے درمیان فیصلہ کردیا‘‘۔ داؤد ؑ نے فیصلہ کیا تھا کہ کھیت والوں کو نقصان کی قیمت میں جانور دئیے جائیں ۔ سلیمان ؑ نے فیصلہ دیا کہ کھیت جانور والوں کے ذمہ لگایا جائے جب تک وہ اپنی پوزیشن پر بحال نہ ہو اس وقت تک جانوروں سے کھیت والے اپنا فائدہ اٹھائیں۔ حضرت سلیمان ؑ کے بارے میں اللہ نے واضح کیا کہ ہم نے اس کو زیادہ فہم دیا تھا۔ حضرت داؤد ؑ اور حضرت سلیمان ؑ ہر ایک ہدایت پر تھے۔حضرت آدم ؑ کو اس شجرہ کے قریب جانے سے منع کیاگیا، جس سے آدمی بھوکا اور ننگا ہوجاتاہے۔ شیطان نے کہا تھا کہ میں تمہیں ہمیشہ رہنے والے شجرہ کی نشاندہی کردوں؟۔ پھر بیوی سے مباشرت کا طریقہ بتایا اور حضرت آدم ؑ نے جذبہ سے بے بس ہوکر اسکے قریب نہ جانے کے حکم کی خلاف ورزی کی مگر اللہ سے کہا کہ میں نے اپنے اختیار سے نہیں کیا ۔ حکم عدولی پر اللہ نے معافی دیدی مگر اسکے نتیجے میں قابیل پیدا ہوا، جس نے ہابیل کو اپنی نفسانی خواہش کی تکمیل کیلئے قتل کیا تھا۔

اس پوسٹ کو شئیر کریں.

لوگوں کی راۓ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

اسی بارے میں

آج قرآن اورحدیث کی تطبیق سے تمام مکاتبِ فکرکے علماء کرام بفضل تعالیٰ متفق ہوسکتے ہیں!
رسول ۖ کی عظمت کا بڑ اعتراف
جامعہ بنوری ٹاؤن کے بانی کا بہت مثالی تقویٰ