پوسٹ تلاش کریں

پاک فوج سے بدگمانی کے عوامل اور اسکے نتائج

پاک فوج سے بدگمانی کے عوامل اور اسکے نتائج اخبار: نوشتہ دیوار

پاکستان میں مختلف ادوار کے اندر فوج نے اقتدار سنبھالا ہے، ایوب خان کے دور سے پہلے بھی عوامی قیادت نہیں تھی، بیوروکریسی کے سکندر مرزا سے حکومت چھین لی گئی تو عوام کا مسئلہ نہیں تھابلکہ انگریز کے تیار کردہ سول اور فوجی قیادت کی لڑائی تھی، ذوالفقارعلی بھٹو نے بھی جنرل ایوب خان کی ٹیم سے نکل کر بعد میں عوام کا رخ کیا تھا اور بھٹو جب فوج کے ہاتھ سے تختہ دار تک پہنچے تو جنرل ضیاء الحق کے آغوش میں نواز شریف نے پرورش پائی، بھٹو نے فوج اور قوم پر قابو پانے کی کوشش کی ، نوازشریف بھی آنکھیں دکھا رہا ہے، اسلئے نوازشریف کامتبادل تلاش کیاجارہا ہے۔ نوازشریف کی خواہش ہے کہ باقی فوج جو کچھ کرتی پھرے خیر ہے مگر فوج اسکے برے وقت میں کام آئے، مخالف تحریکوں کو دبائے، پانامہ لیکس پرمٹی ڈال دے اور حکومت کے خلاف بولنے والوں کو لگام دے، نہیں تو فوج کی یہ نوازشریف سے بے وفائی ہے۔
پاک فوج ضربِ عضب میں تنہائی کا شکار تھی، حکومت کسی کام میں مشورہ بھی نہ دیتی تھی، سول لوگوں کیساتھ سیاسی طور سے نمٹ لینا فوج نہیں سیاستدان کا کام ہے، وزیرستان میں فوج کو کوئی بات ناگوار گزرتی ہے تو وہ ان کیساتھ ویساہی سلوک کرتی ہے جیسے فوج کی ڈسپلن، تربیت اور جو خودپر بیت چکی ہوتی ہے، مشہور ہے کہ گدھے کی محبت لات مارنا ہوتا ہے۔ فوجی طرز کی سزا ؤں میں پاک فوج کے جوان اپنائیت محسوس کرتے ہیں لیکن عوام میں ان سے نفرت بڑھ جاتی ہے وہ سمجھتے ہیں کہ جان بوجھ کر ہماری توہین کی جاری ہے۔ حالانکہ یہ سزائیں فوجی خود بھی بھگتے ہیں اور دوسروں کو دینے کا مقصد بھی دشمنی نہیں ہوتی بلکہ ڈسپلن اورتربیت ہوتی ہے۔
وزیرستان میں گھروں کے چھتوں سے برف نہ ہٹائی جائے توخراب ہوجاتے ہیں، کئی سالوں سے عوام کو جانے نہیں دیا جارہا تھا تو شہروں اور گاؤں کا ملبہ ٹھیکہ پر بیچاگیا، عوام نے گھروں کا حال دیکھا تو بہت پریشان ہوگئے کہ فوجی بھوکے ہوتے ہیں ، ہمارے گھروں، دکانوں اور بڑے بڑے درختوں کو کاٹ کر کھا گئے ہیں لیکن ان کو یہ کام کرتے ہوئے ذرا بھی شرم نہ آئی کہ ایک تو پناہ گزین بنایا گیا ، دوسرا ٹھیکوں پر سب کچھ بیچ ڈالا گیا۔ پرویزمشرف کے دور سے ایسا لگتا تھا کہ فوج کو ایک مہم کے تحت بدنام کرنے کیلئے ایسا کردار دیا گیا ہے تاکہ عوام ان سے نفرت کریں۔ سرکاری محکموں ، روڈ کے ٹھیکوں اور بدترین سلوک کی ان گنت کہانیاں عوام کے دل و دماغ پر نقش ہیں، فوج پرکوئی آفت آئے تو لوگ اس کو خدا کی طرف سے پکڑ اور قہر سے تشبیہ دیں گے۔ عوام کے دل ودماغ کو مثبت انداز میں سوچنے کیلئے مؤثر قیادت ہوتی تو پھر مشکلات حل کرنے میں بہت آسانی ہوسکتی ہے ورنہ عالمی منصوبہ سازوں نے یہ کسر نہیں چھوڑی ہے کہ کسی بڑی سازش کا مقابلہ ہوسکے۔
جس طرح ہمارا قومی مزاج بن گیا ہے کہ دوسرے کی عزت کوئی عزت نہیں لگتی، دوسرے کا نقصان کوئی نقصان محسوس نہیں ہوتا، قتل وغارتگری، مال ودولت کی پوجاو پاٹ ،اخلاقی بے راروی اور ہرقسم کی گراوٹوں کی آماجگاہ ہیں، فوج بھی اسی قوم وملت کا حصہ ہے، بس فرق جنگلی اور شہری انسانوں میں ضرور ہوتا ہے۔ قیادت اگر درست ہاتھوں میں رہے تواسکو ٹھیک ہونے میں زیادہ عرصہ بھی نہ لگے ۔ قبائل کو اس نے سدھانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے تو اس پر گلہ کرنے کی بجائے خوش ہونا چاہیے۔ گاؤں ٹھیکے پر دئیے ہیں تو یہ نسبتًا سلجھا ہوا طریقہ ہے ورنہ تو ہمارے ہاں جس کو سزا دی جاتی تھی اسکے گھر کی لوٹ مار کی جاتی تھی، اب آئندہ قبائل کسی کو بھی سزا دینگے تو لشکرکشی کے ذریعہ لوٹ مار کی بجائے معروف طریقہ سے اشتہار دیکر ٹھیکہ پر گھر دینگے۔ امریکہ نے چاہا تھا کہ ہماری قوم کو بالکل خصی بنادے لیکن اب ہم بہت سلجھ گئے ہیں ، انشاء اللہ آنے والے وقت میں ہماری قوم امریکیوں کی امامت اسلئے کرے گی کہ وہ سلجھے ہوئے نہ ہونگے ایک دوسرے سے رنگ، نسل ،قوم اور مذہب کی بنیاد پر لڑیں گے اور ہم انکے درمیان بھی مصالحت کا کردار ادا کرینگے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا انہم یکیدون کیدًا واکیدکیدًا ’’بیشک وہ اپنی چال چلتے ہیں اور میں اپنی چال چلتا ہوں‘‘۔ مہدئ سوڈانی نے انگریز کوشکست دی تو اب سوڈان سے مغرب نے اپنا بدلہ لیا ہے، پختونخواہ کے لوگوں نے انگریز سے لڑائیاں لڑی تھیں تو انکے خلاف بھی بہت سازشیں کی گئیں۔ پختون قوم کو منصوبہ بندی کے تحت تباہ کیا گیا لیکن اس سے ان میں بین الاقوامی معیار کا شعور بھی آیا ہے، اب پھر افغانستان اور پاکستان کو لڑانے اور پختونوں کو مزید کچلنے کی سازش تیار ہورہی ہے۔ ہماری افغانوں سے کوئی لڑائی نہیں مگر جہاں تک ڈیورنڈ لائن کا تعلق ہے تو اگر ہمیں یہ اختیار دیا جائے کہ افغانستان یا پاکستان میں کس کیساتھ رہنا پسند کرینگے تو اب ہمیں افغان پر حکمرانی بھی نہیں چاہیے لیکن پاکستان کی رعایابن کر رہنا ہی پسند ہوگا۔ پنجابی، سندھی، بلوچ اور کشمیری سے جو انسیت ہے وہ افغانوں سے نہیں، اگر بالفرض پاکستانی اسلام کا نام چھوڑ دیں تب بھی راجہ رنجیت سنگھ کی اولاد کے نام پر بھی انگریز نے پنجاب کو نہیں چھوڑنا ،ہم انکے مقابلہ کی سکت نہیں رکھتے، علامہ اقبال کی بکواس ؂کافر ہے تو شمشیر پر کرتا ہے بھروسہ مؤمن ہے تو بے تیغ بھی لڑتا ہے سپاہی کسی کام کی نہیں ، قرآن کیمطابق اپنی استطاعت سے دفاع کی طاقت حاصل کرکے اللہ کے دشمن اور اپنے دشمن پر رعب طاری کرنا ہے، بھارت کی حد تک ایٹم بم اور میزائل پروگرام تشکیل دیا لیکن اپنی استطاعت سے بڑھ کر دفاع کا بجٹ بنانے کے باوجود امریکہ کے دست نگر رہتے ہیں۔ ایسے اقدامات کرنے ہونگے جن میں امریکہ کی چبائے ہوئے چیونگم کی طرح امداد کے نشے کا انتظار نہ رہے۔کوئی امداد روکنے کا بل پیش کرتا ہے اور کوئی مسترد کرتا ہے تو ہماری روح ہی تڑپ جاتی ہے کہ جان نکلے گی یا جان بچے گی، ایسی دفاعی امداد پر لعنت بھیجو۔
پاک فوج نے کم عقل سیاستدانوں کو استعمال کرکے بہت مشکلات پیدا کی ہیں، اگر وہ شہروں سے باہر اپنے ٹھکانے بنالیں تو شاید بیرونی دشمنوں سے خطرہ لگتا ہے اور اگر عوام کیلئے راہیں کھول دیں تو اندرونی دشمن کا خوف مسلط ہے۔ جب تک اس طرز زندگی کو تبدیل نہیں کرینگے تو عوام اور پاک فوج میں محبت کی جگہ نفرت پیدا ہوتی رہے گی۔ فوج کی ٹریننگ دشمن سے نمٹنے کیلئے ہے۔ خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور کراچی میں ایسے حالات بنائے گئے کہ دشمن بھی اس سے زیادہ نقصان نہیں پہنچا سکتا تھا،موجودہ فوجی قیادت نے اس چیلنج کو قبول کرکے کافی حد تک معاملات کو حل کردیا ، فوجی سپاہیوں اور افسران سے پولیس کی طرح توقع رکھنا بھی ایک غلطی ہے۔ اب تو فوج کو اتنا عرصہ قبائلی علاقوں ، بلوچستان اور کراچی میں ہواکہ ان کو پولیس کی طرح ٹریننگ دی جائے اور بطور پولیس بھرتی کرنے میں بھی حرج نہ ہونا چاہیے۔ اسلئے کہ اب یہ جنگلوں میں نہیں رہ سکتے ، البتہ شہروں میں جنگلی بن کر نہ رہنا چاہیے۔ یہی فوج ،قوم، ملک، سلطنت کے مفاد میں ہوگا۔قبائل کالے قانون کے عادی تھے اسلئے کہ پولیٹیکل انتظامیہ کرپشن کرکے قوم کو ناکردہ گناہوں کی اجتماعی سزا دیتے تھے۔
پاک فوج کامطلب پاکیزہ نہیں بلکہ پاکستان کا مخفف پاک ہے، فوج دوسروں کی طرح خود کو بھی پاکیزہ نہ سمجھے اور نہ دوسروں کو یہ حق ہے کہ فوج پاکیزہ نہیں اور وہ خود پاک ہیں، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ لاتزکوا انفسکم اپنی جانوں کو پاک مت قرار دو۔ ہماری سیاست قیادتیں پاکی کے دعوے کرکے منتخب ہوتی ہیں حالانکہ ان کا کردار درست ہوتا تو قوم بھی ٹھیک ہوجاتی۔وزیرستان، بلوچستان اور کراچی والے بھی خود کو پاک نہ سمجھیں ،اندرون سندھ اور پنجاب کوپاک ہونے کی ضرورت ہے، جہاں خواتین کی عزتیں تک محفوظ نہیں، پاک فوج اپنی غلطیوں کو وہاں نہ دھرائے مگر وہاں بھی بدمعاشی کے نظام کو ختم کرنے کی سخت ضرورت ہے۔سید عتیق گیلانی

اس پوسٹ کو شئیر کریں.

لوگوں کی راۓ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

اسی بارے میں

مولانا فضل الرحمن کو حقائق کے مفید مشورے
حکومت وریاستIMFسے قرضہ لینے کے بجائے بیرون ملک لوٹ ماراثاثہ جات کو بیچے
ملک کا سیاسی استحکام معاشی استحکام سے وابستہ ہے لیکن سیاسی پھنے خان نہیں سمجھ سکتے ہیں؟