متضاد افکار … سمجھ اپنی اپنی
مارچ 16, 2026
ساقی امروہوی
میں پیمبر نہ سہی ہوں تو پیمبر جیسا
کوئی گھر بھی نہیں ویران میرے گھر جیسا
اہل دل، دل کی نزاکت سے ہے واقف ورنہ
کام لفظوں سے بھی لے سکتے ہیں خنجر جیسا
میری وسعت کا بھی اندازہ بہت مشکل ہے
ایک قطرہ ہی سہی ہوں تو سمندر جیسا
میں نے اعصاب کو پتھر کا بنا رکھا ہے
ایک دل ہے کہ جو بنتا نہیں پتھر جیسا
ہم فقیروں کو کبھی راس نہ آیا ورنہ
ہم نے پایا تھا مقدر تو سکندر جیسا
ــــــــــ
جٹ شاعر کا جرأتمندانہ کلام
جب دنیا کے بت خانوں میں اصنام کی پوجا جاری ہو
جب ایک انسان کی عظمت پر ایک پتھر کا دم بھاری ہو
جب من کی جمنا میلی ہو اور روح میں ایک بیزاری ہو
جب جھوٹ کے ان بھگوانوں سے ایمان پہ لرزہ طاری ہو
اس حال میں ہم دیوانوں سے تم کہتے ہو خاموش رہو
ہم اہلِ حرم ہیں، ہم اہلِ حرم ہیں
اب ہم سے یہ کفر گوارا کیسے ہو
ہم لوگ انا الحق بولیں گے
ہم لوگ انا الحق بولیں گے
جب مسند و منبر پر بیٹھی ہر ایک نظر للچاتی ہو
جب صرف دکھاوے کی خاطر تسبیح ہی اٹھائی جاتی ہو
جب دین کے ٹھیکیداروں میں اک نفسِ امارہ باقی ہو
بے ذوق جہاں پر صہبا ہو، بے ذوق جہاں پر ساقی ہو
اس حال میں ہم دیوانوں سے تم کہتے ہو خاموش رہو
جب اہلِ خرد کی باتوں پر کچھ جاہل شور مچاتے ہوں
جب بلبل ہو تصویرِ چمن اور کوے گیت سناتے ہوں
جب چڑیوں کے ان گھونسلوں میں کچھ سانپ اتارے جاتے ہوں
جب مالی اپنے گلشن میں خود ہاتھ سے آگ لگاتے ہوں
اس حال میں ہم دیوانوں سے تم کہتے ہو خاموش رہو
جب شاہ کے ایک اشارے پر اپنوں میں نیازیں بٹتی ہوں
جب آنکھیں غربت ماروں کی حسرت کا نظارہ کرتی ہوں
جب قلمیں ظالم جابر کی عظمت کا قصیدہ لکھتی ہوں
جب حق کی باتیں کہنے پہ انساں کی زبانیں کٹتی ہوں
اس حال میں ہم دیوانوں سے تم کہتے ہو خاموش رہو
جب مصر کے ان بازاروں میں کنعان کو بیچا جاتا ہو
جب حرص و ہوس کی منڈی میں ایمان کو بیچا جاتا ہو
جب صوم و صلوة کے پردے میں قرآن کو بیچا جاتا ہو
انسان کو بیچا جاتا ہو، یزدان کو بیچا جاتا ہو
اس حال میں ہم دیوانوں سے تم کہتے ہو خاموش رہو
اور جس دور میں کعبے والوں کو گرجا کے نظارے بھاتے ہوں
جس دور میں مشرق والے بھی مغرب کے ترانے گاتے ہوں
جس دور میں مسلم لیڈر بھی کچھ کہنے سے گھبراتے ہوں
جس دور میں سبقت غیرت کے اسباب عدم ہو جاتے ہوں
اس دور میں ہم دیوانوں سے تم کہتے ہو خاموش رہو
ــــــــــ
اسکول کے بچوں کا ترانہ
دعا کرو کے ظہور امام ہو جائے
یہ روز روز کا قصہ تمام ہو جائے
دُعا کرو، دُعا کرو، دُعا کرو
علی کی تیغ کے جوہر کھلیں زمانے پر
تمام دنیا ہو اک تیغ کے نشانے پر
ہو ساری خلقِ خدا موت کے دہانے پر
جو غیب میں ہے وہ ظاہر امام ہو جائے
یہ روز روز کا قصہ تمام ہو جائے
دُعا کرو، دُعا کرو، دُعا کرو
سنا کی نوک پے اٹھے گا قلعہ خیبر
کفن ہوا کا ملے گا نہ خاک کا بستر
اجل چباتی پھرے لاشِ مرحب و عنتر
جو ذوالفقار علی بے نیام ہو جائے
یہ روز روز کا قصہ تمام ہو جائے
دُعا کرو، دُعا کرو، دُعا کرو
حقیقی صورتِ اسلام بھی عیاں ہو گی
نگاہِ عدل زمانے کی پاسباں ہو گی
پھر ایک کلمہ یہاں ایک ہی اذاں ہو گی
پئے نماز جو حاضر امام ہو جائے
یہ روز روز کا قصہ تمام ہو جائے
دُعا کرو، دُعا کرو، دُعا کرو
کرے گی موجِ ہوا ظلم کو رسن بستہ
زمین بند کرے گی فرار کا رستہ
وہ برسے آگ جو درباریوں کو ہو سکتہ
اگر زبان فدک ہم کلام ہو جائے
یہ روز روز کا قصہ تمام ہو جائے
دُعا کرو، دُعا کرو،دُعا کرو
نہ شرک ہوگا نہ الحاد و کفر کچھ بھی نہیں
خدا کے دین سے آباد ہو گی ساری زمین
ہر ایک ساغرِ نفسِ بشر میں ہو گا یقین
مقیم شہ رگِ جاں کا قیام ہو جائے
یہ روز روز کا قصہ تمام ہو جائے
دُعا کرو، دُعا کرو، دُعا کرو
امام وقت کی آمد کے انتظار میں ہو
خدا ہی جانے کہ کس سانحہ بہار میں ہو
خیال وادی خضرا کے سبزہ زار میں ہو
وصول ان کو ابد کا پیام ہوجائے
یہ روز روز کا قصہ تمام ہو جائے
دُعا کرو، دُعا کرو، دُعا کرو
ــــــــــ
ٹاپ سٹی کے کردار پر حامد میر
اور پریس ریلیز کا پہلا پیراگراف ٹاپ سٹی کے بارے میں ہے، ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ2017کا معاملہ ہے۔ آپ کو سات سال بعد یاد آیا کہ اس کے خلاف کارروائی کرنی ہے؟۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ2017میں جب یہ سب کچھ ہو رہا تھا اور جنرل قمر جاوید باجوہ آرمی چیف تھے۔ تو وہ بھی ملوث تھے۔ نہ صرف یہ کہ فیض حمید نے سب کچھ ڈی جی سی کے طور پہ کیا بعد میں وہDGISIجنرل باجوہ کی مرضی اور منشا سے بنے۔ تو اس کا مطلب ہے کارروائی صرف جنرل فیض کے خلاف نہیں بنتی۔ کارروائی جنرل باجوہ کے خلاف بھی بنتی ہے۔ اور اس میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ ٹاپ سٹی کا جو معاملہ ہے یہ سات سال تو ٹوٹل بنتے ہیں۔ تو دو سال تو جنرل عاصم منیر صاحب کو بھی ہونے والے ہیں نا۔ تو ان کو بھی دو سال کیوں لگ گئے؟ جبکہ سب کچھ ملٹری انٹیلی جنس تو پہلے ہی پتہ لگا کے بیٹھی ہوئی تھی۔ اس کے پاس تو سب کچھ تھا۔ تو اس میں اتنی دیر کیوں ہو گئی؟ پھر نیب نے پچھلے سال جب جنرل فیض حمید کے خلاف انکوائری کھولی کس نے وہ انکوائری بند کرائی؟ اس لیے ٹاپ سٹی کے معاملے میں سوال ہیں لیکن جوISIکی پریس ریلیز کا جو دوسرا پارٹ ہے جس میں کہا گیا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی یہ بہت سے معاملات میں ملوث رہے ہیں میں یہ سمجھتا ہوں کہ ان معاملات کی بالکل انکوائری کریں اور جنرل فیض حمید کو بے نقاب کریں۔ جو اس کے سہولت کار تھے ان کو بھی بے نقاب کریں۔ یہ اس لیے ضروری ہے کہ جتنا نقصان جنرل فیض حمید نے اور جنرل باجوہ نے پاکستانی فوج کو پہنچایا ، اتنا پہلے کبھی کسی نے نہیں پہنچایا۔ یہ انہی دونوں شخصیات کا ڈالا ہوا گند ہے۔ ابھی جو فوج کی قیادت ہے کبھی کبھی اس گند کو صاف کرتے ہوئے اسکے چھینٹے ان کی بھی وردی پہ آ کے گرتے ہیں تو یہ سنہری موقع ایک گولڈن چانس ہے کہ صرف فیض حمید نہیں جنرل باجوہ کے خلاف بھی کارروائی کریں کیونکہ یہ دونوں فیض اور باجوہ ایک دوسرے کو ڈبل کراس اور دھوکہ دے رہے تھے۔ انسٹیٹیوشن کو بھی دھوکہ دیا ۔ مارچ اپریل2022میں تحریک عدم اعتماد آئی تھی۔ تو فیض حمید پشاور میں اپنی گیم کھیل رہے تھے اور باجوہ پنڈی میں اپنی گیم کھیل رہے تھے اور ڈی جیISIکو سمجھ نہیں آتی تھی کہ جو باجوہ ٹھیک ہے یا جو پشاور والا، ٹھیک ہے نا؟ اور ان سب حقائق کے گواہ حکومت میں بھی ہیں اور اپوزیشن میں بھی ہیں اور میں یہ بات ایویں نہیں کر رہا۔ جو لوگ ایکشن لے سکتے ہیں ان کو پتا ہے کہ کس بندے سے فیض نے کیا بات کی اور کس بندے سے باجوہ نے کیا بات کی اور کور کمانڈر میٹنگز میں باجوہ کچھ اور کہتے تھے تو بہت بڑی ڈبل گیم کی دونوں نے مل کے چلیں شروعات کی ہے فیض سے۔ فیض کے خلاف کارروائی کریں اس کے بعد باجوہ کے خلاف بھی کریں۔
ــــــــــ
خلافت کا قیام : سعد نذیر
نکلو! پورے ملک میں خلافت کی تحریک چلاؤ۔ سیاست دانوں میں کوئی مرد مجاہد ہے تو وہ آگے آئے خلافت قائم کرائے۔ اگر چاہتے ہو یہ ملک بچے اگر چاہتے ہو فلسطین آزاد ہو اگر چاہتے ہو لیبیا ریوائیو ہو اگر چاہتے ہو پوری دنیا میں اسلام نافذ ہو اگر چاہتے ہو مسلمان کی عزت ہو یہ بے غیرتی کی زندگی چھوڑ دو۔ ڈرنا چھوڑ دو۔ کبھی امریکہ سے کبھی اسرائیل سے کبھی اپنی حکومت سے تمہاری فوج کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ تمہیں لڑایا جا رہا ہے فوج سے۔ اپنے آرمی چیف کو مجبور کرے۔ یہ سیاست دان نہیں اٹھاتے یہ بیڑا، یہ آرمی چیف اٹھا لے۔ کوئی تو آئے آگے مرد مجاہد۔ کوئی تو قائم کرے خلافت۔ نہیں تم لوگوں میں اتنی جرت تو سائیڈ پہ ہو جا ؤکسی اور کو کر لینے دو۔ لیکن اس کے بغیر گزارا نہیں ہے خدارا گزارا نہیں ہے۔
ــــــــــ
سعدیہ افضال: سنو ٹی وی
بسم اللہ الرحمن الرحیم السلام علیکم۔ ویلکم ٹو سنو ٹونائٹ ود سعدیہ افضال۔ تکمیل پاکستان سیریز کے نئے پروگرام کیساتھ حاضر ہیں۔ کلمے کے نام پر معرض وجود میں آنے والی مملکت خداداد پاکستان میں ہم نہ اسلامی نظام نافذ کر سکے نہ ہی قرآن اور سنت کے متعین کردہ اصولوں کو اپنی زندگیوں میں اپنا سکے۔ ریاست صحت، تعلیم اور تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکس کے اضافی بوجھ تلے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ امیر امیرتر اور غریب غریب تر ہو رہا ہے۔ دو فیصد مراعات یافتہ اشرافیہ پاکستان کے وسائل پر قابض ہے۔ جبکہ ریاست پاکستان میں کمزور غریب اور بیکس کا استحصال گزشتہ76برسوں سے جاری ہے۔ مڈل کلاس ناپید ہے۔ سرکار کی نااہلی کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ انصاف کی فراہمی سب سے کٹھن مرحلہ بن چکا۔ گزشتہ ایک برس سے مزید سوا کروڑ سطح غربت کی لکیر سے نیچے جا چکے۔ مہذب معاشروں میں امیر پر ٹیکس لاگو ہوتا ہے تاکہ غریب کو سہولیات فراہم کی جائیں۔ مگر پاکستان دنیا کی واحد ریاست ہے جہاں پر پسی ہوئی کلاس پر ٹیکس کا بوجھ اور اشرافیہ کو چھوٹ اور سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ مساوات کا عمل بالکل ناپید ہو گیا۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق سرمایہ داروں کی نسبت تنخواہ دار طبقہ200فیصد زیادہ ٹیکس ادا کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان کی حکومت دو فیصد اشرافیہ کو سالانہ17اعشاریہ4ارب ڈالر کی مراعات فراہم کرتی ہے جن میں ٹیکس چھوٹ، صنعتوں میں بجلی، گیس کی سبسڈی، مفت پیٹرول شامل ہیں۔ کیا پاکستان کا قیام ایسے معاشرے کیلئے تھا جہاں غریب پر ٹیکس لگا کر اشرافیہ کو ریلیف دیا جائے؟ ۔ قیام پاکستان اسلام کے سنہری اصولوں کیلئے بھروسہ تھا کہ استحصال کا سلسلہ تھم جائے گا۔17ستمبر1944کو گاندھی کو خط میں آل انڈیا مسلم لیگ کا منشور قائد اعظم نے بیان کیا کہ قرآن مسلمانوں کا ضابطہ حیات ہے۔ یہ جماعت سے فرد کے حقوق تک، اخلاق سے انسداد جرائم تک ہر قول و فعل پر مکمل احکام کا مجموعہ ہے۔21مارچ1948ڈھاکہ کے خطاب میں جناح کا کہنا تھا کہ حکومت کا صرف ایک ہی مقصد ہو سکتا ہے۔ عوام کی بے لوث خدمت اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے مناسب تدابیر اختیار کرنا۔ اس کے سوا برسر اقتدار کا مقصد کیا ہو سکتا ہے؟ اگر اس کے علاوہ کوئی مقصد ہے تو ایسی حکومت کو اقتدار سے الگ کر دو۔ نبی پاک ۖ کی زندگی مساوات اور برابری کا ایک درس ہے۔ غزوہ خندق کے دوران اوروں کے پیٹوں پر ایک پتھر بندھا ہوتا تھا اور محمدۖ کے پیٹ پر دو پتھر بندھے ہوئے تھے۔ فتح مکہ اسلامی ریاست قائم ہوئی تو زکوٰة، عشر اور مال غنیمت کی تقسیم کا طریقہ کار طے پایا۔ جس کے بعد خلفائے راشدین کا دور آیا۔ حضور پاک ۖ نے پہلے تاجر کو ایماندار بنایا پھر سود کو ختم کیا۔ صاحب ثروت لوگوں نے حضور اکرم ۖ سے سوال کیا ہم کیا خرچ کریں؟ اس کا جواب قرآن نے دیا۔ جو ضرورت سے زائد ہے وہ دوسروں پر خرچ کریں۔ نبی پاک ۖ نے زندگی میں مساوات اور اپنی ضرورت سے زیادہ مال کو خرچ کرنے کی تلقین کی۔ جبکہ آج حکومت غریب پر ٹیکس کا نفاذ کرتی ہے۔ اور اشرافیہ کو ریلیف دے رہی ہے۔
تبصرہ نوشتۂ دیوار
پشتو زبا ن کی ایک لوک کہانی میں یہ گیت ہے کہ
سیف الملوک پہ کٹ کے پروت دا فریادونہ کوئی
بدر جمالہ پہ ہوا شوری سیلونہ کوی
ترجمہ:” سیف الملوک چارپائی میں پڑا فریاد کررہاہے اور بدر جمالہ ہواؤوں میں گھوم رہی ہے تفریح ماررہی ہے”۔اگر نظام کو نہیں بدلا گیا تو آخرکار عاصم منیر اور مریم نواز کایہی گانا چلے گا۔
ــــــــــ
صحافی فرزانہ علی: عورت مارچ
السلام علیکم۔ فرزانہ علی آفیشل آج میں بات کرنا چاہتی ہوں افغانستان، افغان خواتین سے متعلق خاص طور پر جنہوں نے آٹھ مارچ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنی آواز اٹھائی۔ اسکے خلاف جسے طالبان رجیم کہتے ہیں۔ یہ رجیم ان پر مسلط کیا گیا تھا وہ تب سے یہ آواز اٹھا رہی ہیں۔ مجھے ہنسی آ رہی تھی بلکہ افسوس ہو رہا تھا، یہی خواتین تھیں جب فال آف کابل ہوا تو سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کر رہی تھیں تو ہمارا اسٹیٹ رن ٹی وی جو ہے وہ ان کے خلاف رپورٹنگ کر رہا تھا کہ یہ دشمن ممالک کے ایجنڈے پر باہر نکلی ہیںاور احتجاج کر رہی ہیں تو اسلام دشمن قرار دیا گیاخواتین کو۔ اور مجھے یاد ہے کیونکہ میں بھی رپورٹنگ کیلئے دو تین دن کیلئے وہاں پہ گئی اور جب وہاں پر خواتین باہر نکلیں اور طالبان رجیم کیخلاف نعرے لگائے اپنی آزادی اپنے حقوق سلب کرنے کیخلاف آواز بلند کی تو ان پررجیم نے تشدد کیا،کچھ خواتین جو غیر سرکاری تنظیموں سے تعلق رکھتی تھیں نے علامتی طور پر ایک برقعہ جلایا تو اس پر ہمارے ٹی وی چینلز یا بیٹھے ہوئے مبصرجو ایک خاص ایجنڈے پر اس وقت کام کر رہے تھے۔ تو انہوں نے اسلام دشمن اور دشمن ممالک کا ایجنڈا قرار دیا ۔لیکن آج میں حیران رہ گئی کہ ہمارے وہی اسٹیٹ رن ٹی وی کیا خبر چلا رہے ہیں؟
ذرا ملاحظہ فرمائیے الفاظ پر ضرور ضرور غور کیجئے گا۔ افغان خواتین تنظیموں کا تاریخی احتجاج طالبان رجیم کا خواتین دشمن چہرہ پھر بے نقاب ہو گیا۔ طالبان کے زیر اقتدار انسانی بالخصوص خواتین کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور ظلم و جبر جاری۔ یوم خواتین کے موقع پر کابل میں افغان ویمنز فریڈم موومنٹ اور افغان ویمن کرائی موومنٹ کا طالبان رجیم کی انتہا پسندی کیخلاف بھرپور احتجاج۔ خواتین نے روٹی، کام، آزادی اور ہمارا دشمن طالبان جیسے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔ ایگزیکٹلی اسی قسم کے نعرے اس وقت بھی جب رجیم چینج ہوا تھا تو بلند کر رہے تھے لیکن اس وقت ہم کیا کہہ رہے تھے؟
ہمارے ٹی وی چینلز پر جو لوگ بیٹھے تھے ان میں خواتین بھی شامل تھیں ؟ کہہ رہے تھے کہ یہ دشمن کا ایجنڈا ہے جو خواتین لیکر سڑکوں پر نکلی ہیں، اسلام دشمن خواتین ہیںاور اس طرح کی یہ حرکتیں کر رہی ہیں اور آج بالکل الٹ۔ آج جب ہمارے اوپر پڑی ہمیں پتہ چلا کہ یہ طالبان ون اور طالبان ٹو کا جو ہم نے فنڈا کریئیٹ کیا کہ یہ مختلف ہے۔ مجھ جیسے لوگ یہی کہتے تھے کہ ہم غلط کر رہے ہیں اور ہم نے دیکھا کہ گزشتہ چار پانچ سالوں میں جو کچھ خیبر پختونخواہ میں ہوا اور آج نا ہماری بچیاں کرکٹ کھیل سکتی ہیں نا یونیورسٹی میں غیر نصابی سرگرمیوں کا حصہ بن سکتی ہیں نا کام کر سکتی ہیں ان کو حلیے بدلنے پڑتے ہیں لیکن اس کے اوپر بھی ان پر تشدد ہو جاتا ہے۔ گلی گلی دہشت گردی، اسلام آباد اور پنجاب کی سرحد تک پہنچ گئی ۔ اگر ڈیرہ اسماعیل خان سے بھکر کی سرحد کا خودکش دیکھیں۔ ہم پر زندگی کتنی مشکل ہو گئی۔ آپ کوئی بات نہیں کر سکتے۔ انتہا پسندانہ سوچ ہمارے اندر رچ بس گئی۔ یہاں تک کہ حکومت بھی بعض اوقات سرنڈر ہو جاتی ہے ۔لیکن ابھی بھی ہمارا جو منافقانہ رویہ اور روش ہے وہ ختم نہیں ہوئی ہے۔ کل ہماری خواتین اسلام آباد میں نکلی اپنی آواز بلند کرنے کیلئے تو ان کے ساتھ کس قسم کا رویہ اپنایا گیا؟۔ اور یہ جو خبر ہے کہ افغان خواتین اپنے حق کیلئے بات کر رہی تھیں اور یہاں جو خواتین عورت مارچ کرنا چاہتی تھیں۔ آپ نے ان کے ساتھ کیا کیا؟۔ تو وہ جو ہماری ایک منافقانہ روش ہے وہ ختم نہیں ہوئی ہے۔
اُم حسان نے کہا کہ ہم نے حیا مارچ کرنی ہے اور آپ نے عورت مارچ پرپابندیاں لگا دی۔ اور دفعہ144نافذ کر دی۔ اور دوسری خواتین کے حق کیلئے آ رہی تھیں آپ نے گرفتار کر لیا۔ تو یہ ہے ہمارا اصل چہرہ ہے اس پر بات کرنا چاہ رہی تھی۔ مجھے پتہ ہے کہ بہت سارے لوگوں کو یہ باتیں اچھی نہیں لگیں گی لیکن یہ حقیقت ہے۔ آپ مان لیں کہ آپ صرف ایجنڈا بیس کام کرتے ہیں آپ اپنی خواتین کو بھی تو آزادی دیں ناں۔ آپ نے عورت مارچ کو گالی بنا کے رکھ دیا۔ جب خواتین اس پر بات کرنا چاہتی ہیں تو انتہا پسند آوازیں بلند ہوتی ہیں۔ آپ ان خواتین کومجرم اور ملزم بنا دیتے ہیں، جیلوں میں بند کر دیتے ہیں گرفتار کر لیتے ہیں یہ کون سا طریقہ ہے؟ ۔
آپ صرف ایجنڈے کے تحت ہی بات کریں گے؟ اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے اس انتہا پسند سوچ کو ختم نہیں کرتے جو بندوقیں لے کر آ جاتے ہیں کہ خواتین کے حق کیلئے کوئی بات نہیں کر سکتا اور ادھر آپ سرحد پر ان خواتین کو شاباشیں دے رہے ہیں؟۔ عجیب رویہ ہے۔ جس نے آج مجھے بات پر مجبور کیا۔ ہم بات کرتے رہیں گے۔ چاہے وہ آئین کے خلاف بات ہوگی ۔
ــــــــــ
انڈین خاتون کا حلالہ پر بیان
کسی بھی وجہ سے خاوند نے مجھے طلاق دی۔ بدقسمتی سے یہ احساس ہو ا کہ طلاق نہیں دینی چاہیے تھی۔ اسے واپس دوبارہ اپنے نکاح میں شامل کرنا ہے۔تو میرا نکاح کسی اور سے کروایا جائے گا۔ اب وہ چچا سسر ، ماموں سسر ہو سکتے ہیں، دیور، جیٹھ ہو سکتا ہے۔ تو حلالہ صرف یہاں پر ختم نہیں ہوتا کہ کسی صرف دوسرے مسلمان مرد سے شادی کرنی ہے۔ ان کے ساتھ جنسی تعلق بھی قائم کرنا ہے۔ ان کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے کے بعد پھر وہ دوسرا مرد مجھے طلاق دے گا، تب میرا پہلا شوہر مجھے اپنے نکاح میں واپس لے گا۔اس کو کہتے ہیں” حلالہ”۔تو آپ بتائیں کہ کیا یہ مسلمان بیٹیوں کے ساتھ ننگا ناچ نہیں ہے؟ ۔
ــــــــــ
عورت مارچ پر ڈاکٹر عارف
خاتون اینکر:مردوں کو کیوں تکلیف عورت مارچ سے؟
ڈاکٹرعارف صدیقی:مردوں کواسلئے تکلیف ہے کہ عورت میری بیوی ہے، بہن ہے، بیٹی ہے، ماں ہے۔ اس کی توقیر پر حملہ ہو گا تو مجھے تکلیف ہو گی۔ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ جس آزادی نسواں کی یہ بات کرتی ہیں وہ قید نسواں ہے۔ وہ عزت نسواں نہیں، ذلت نسواں ہے۔ وہ عفت نہیں نگ نسواں ہے۔ وہ کمال نہیں، زوال نسواں ہے۔ جمال نہیں تباہی نسواں ہے اور حیات نہیں، مرگ نسواں ہے۔ ہمیں اسلئے تکلیف ہوتی ہے۔ آپ نے سلوگن کا کہا۔ سارے سلوگن نکال لیں،ایک آیت والا سلوگن بھی نکال کے دکھا دیں مجھے کوئی۔ یہ سلوگن کہاں تیار ہوئے؟ آرگنائزرز کون ؟۔ کوئی ایک پلے کارڈ پرسورة النساء کی آیت، حدیث تو ہونا چاہیے نا۔دیٹ واز پلانڈ کانسپیرسی۔ پھر مسجد کے تقدس کو، قاری صاحب کو نشانہ بنایا گیا، چرچ اور مندر کا ذکر کیوں نہیں کیا گیا؟ وجہ یہ ہے کہ آپ کا ٹارگٹ عورت مارچ کا ٹارگٹ مذہب اسلام ہے۔
خاتون اینکر:ایک سیکنڈ، آپ کا ٹارگٹ یا ان کا ٹارگٹ؟
ڈاکٹر:عورت مارچ والوں کا ٹارگٹ ۔ ناٹ فار یو۔
خاتون اینکر:میری مراد باہر کا ایجنڈا آپ کو لگ رہا ہے؟۔
ڈاکٹر:کہتے ہیں شطرنج کے کھیل میں کہ بیچارہ پیادہ تو ایک مہرہ ناچیز خود فرزیں کی نگاہوں سے پوشیدہ ہے شاطر کا ارادہ۔ کسی کو پتہ نہیں ہوتا کہ ہو کیا رہا ہے میرے ساتھ۔ سپانسرز کون ہیں؟ ایجنڈا کیا ہے؟ ٹریننگ کہاں سے ہوئی؟ سلوگنز کہاں سے بنے؟ پوسٹر ڈیزائننگ کہاں پہ ہوئی؟ دو باتوں کو ذہن میں رکھیے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کون اس کا ویژن2020کیا ہے؟۔ اسکے تین بنیادی نکات ہیں میڈم۔
نمبر1:اسقاط حمل کو قانونی تحفظ دیا جائے ۔
نمبر2:ہم جنس پرستی کو قانونی تحفظ دیا جائے۔
نمبر3:سزائے موت کو ختم کروایا جائے۔ پہلے دو شقوںکیلئےUNO، ذیلی اداروں سے دباؤ ڈلوایا جاتا ہے۔ ورلڈ بینک،IMFکی شرائط ہیں جو ڈی پاپولیشن کی طرف لے جائیں۔UNOکا ایجنڈا مجھے یقین ہے کہ عورت مارچ کے کسی بھی آرگنائزر نے نہیں پڑھا ہو گا۔ ایجنڈا2030۔ کلیئر کٹ لکھتے ہیں کہ دنیا کی آبادی کو2030تک کم ترین سطح پر لانا ہے۔ ڈی پاپولیشن کیسے ہو گی؟18سال سے کم عمر شادی میں بڑی تکلیف ہے یورپ کو۔ شادی18سال کی عمر میں ہو تو30سال تک چار پانچ بچے کر کے انہیں اسٹیبلش کر چکی ہو گی۔ شادی30سال کی عمر میں ہو گی تو کتنے بچے ہوں گے؟ کب وہ سیٹ ہو گی؟ کیا ہو گا؟ اچھا یہ سارا کا سارا اسی لیے ہے۔ بچے دو ہی اچھے، یہ سلوگن ہے ان لوگوں کا۔ کیا سلوگن ہے؟ مجھے بتائیے ہم جتنے لوگ یہاں بیٹھے ہیں، اگر بچے دو ہی ہوتے ۔
ــــــــــ
جنیداور مولانا کے جذبات
ابوالفضل قاضی نے ایک بندے کی تقریر سنی۔ نبی ۖ کے بارے میں جو ایک کمزور جملہ کہہ گیا… معاذاللہ۔ تو قاضی نے کہا اس کو ابھی پھانسی دو۔ کوئی گواہ نہیں، عدالت نہیں لگی کیونکہ قاضی خود بیٹھے تھے۔ پھانسی پہ لٹکا یا قاضی صاحب کہنے لگے میرا ابھی خون ٹھنڈا نہیں ہوا۔ سزا تھوڑی دی ۔ اب مرے ہوئے کو ذبح کیا جائے۔ ذبح کیا، خون نکلا، کتا خون پینے کیلئے آ گیا تو کہا اب میرا دل ٹھنڈا ہوا کہا، کیا ہوا؟ کہا حضورپاک ۖنے فرمایا مومن کے خون کو کبھی کتا منہ نہیں مار سکتا۔ حضور پاک ۖ کی اس نے گستاخی کی تو ایمان نکل گیااور میں نے بالکل صحیح سزا دی اور گستاخ کی یہی سزا ہونی چاہیے۔ جو نبی ۖکے بارے میں نرم جملہ کہے اور جو حضور کی ختم نبوت کے بارے میں بات کہے اس کی سزا اسلام نے یہ بتائی ہے، اس کا سر کاٹ دینا چاہیے تاکہ زندگی میں دوبارہ اس کو کبھی مہلت نہ ملے۔ ( جنید فرط جذبات سے) اللہ اکبر۔ اللہ اکبر۔
ــــــــــ
اخبار نوشتہ دیوار کراچی، خصوصی شمارہ مارچ2026
www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv
لوگوں کی راۓ