میئر اپر وزیرستان شاہ فیصل غازی کے غیر مقامی بھرتیوں پر شدید تحفظات
جون 4, 2026
قبائلی صحافی۔میئر اپر وزیرستان شاہ فیصل غازی نے ڈی سی کمپانڈ میںADFفنڈ کے تحت ہونے والی مبینہ غیر مقامی بھرتیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا :تقریباً60سے زائد نان لوکل جونیئر کلرک اور کلاس فور ملازمین گزشتہ تقریبا20سالوں سے مقامی قوم کے حقوق پر قابض ہیں۔ یہ محسود نوجوانوں سے کھلی ناانصافی، محرومی اور حق تلفی ہے۔ شاہ فیصل غازی کے مطابق بعض ایسے افراد بھی ہیں جو ریٹائرمنٹ کے باوجود آج بھیADFفنڈ سے گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، جبکہ مقامی تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ مقامی وسائل اور سرکاری ملازمتوں پر غیر مقامی افراد کا قبضہ نہ صرف میرٹ بلکہ انصاف کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آج اس مسئلے پر خاموشی اختیار کی گئی تو آنے والی نسلیں بھی اسی محرومی اور بے روزگاری کا شکار رہیں گی۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ، متعلقہ حکام اورMPAآصف محسود سے مطالبہ کیا کہ پورے معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، غیر قانونی بھرتیوں اور تنخواہوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور مقامی نوجوانوں کے حقوق بحال کیے جائیں۔ قوم کے مشران، نوجوانوں اور باشعور افراد سے اپیل کی کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کریں اور اپنے حق، انصاف اور مستقبل کیلئے آواز بلند کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کے خلاف ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ تحریری درخواست بھی جمع کروائی جائے گی۔
ــــــــــ
اخبار نوشتہ دیوار کراچی، شمارہ جون2026
www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv
لوگوں کی راۓ