تبلیغی جماعت اور دعوت اسلام سنت زندہ کریں
اپریل 30, 2017
مولانا الیاسؒ نے بلامعاوضہ تبلیغ سے نشاۃ ثانیہ کی بنیاد رکھی مگر اب گروہ بن گیا
پڑھے لکھو ں کو قرآن وسنت کی راہ دکھائی جائے تو لمحوں میں اسلام زندہ ہوگا
مولانا الیاس قادری علماء ومفتیان کو اکٹھا کرکے طلاق کا مسئلہ حل کرسکتے ہیں
دعوتِ اسلامی کے چینل نے ایک بہت اچھی مہم یہ شروع کررکھی ہے کہ عوام کو بیرونِ ملک کا جھانسہ دیکر لوٹنے والوں کے کردار سے آگاہ کررہے ہیں۔ حضرت عمرؓ فرماتے تھے کہ کسی کے نماز اور روزے کو دیکھ کر اس کی شخصیت کا فیصلہ نہ کرو بلکہ اس کی معاشرت ، معاملہ اور کردار کو دیکھو۔ نماز اہم ترین عبادت ہے اور کردار سازی کا زبردست ذریعہ بھی ہے۔ غلام احمد پرویز کے بعض پیروکار نماز کی افادیت کو ختم کرنے کی مہم جوئی کررہے ہیں حالانکہ نماز کا قیام اور زکوٰۃ کی ادائیگی اسلام کے بنیادی فرائض ہیں۔ جب میں سنی سنائی باتوں پر یقین کرتا تھا تو اپنے بھائی سے کہاتھا کہ رمضان میں ایک نماز کا ثواب 70گنا بڑھ جاتاہے۔ بھائی سے کہا کہ اللہ کی راہ میں نماز کا ثواب49کروڑ ہے اور اس کوپھر70سے ضرب دیا جائے تو کیلکلولیٹر میں نہیں آتا۔وہ تبلیغی جماعت میں نکلے اور میں جہاد کیلئے جنت کا مختصر راستہ سمجھ کر افغانستان گیا۔ اس وقت شرعی پردہ ایک وہم تھا لیکن میں نے پھر بھی شروع کردیا تھا ، گاؤں سے سارے ٹی وی نکلوادئیے تھے۔
آج بہت عرصہ کی جدوجہد کے بعد اللہ نے اپنے راستے کھول دئیے ہیں، اگر کوئی خاندان کی خواتین کو مکہ مکرمہ میں بیت اللہ کی نماز سے محروم کردے تو یہ تصور بھی نہیں ہوسکتاہے اسلئے کہ کہاں ایک لاکھ کا ثواب اور کہاں ایک نماز کا ثواب؟۔ باجماعت نماز کیلئے 25اور بعض حدیث میں 27گنا زیادہ ثواب کا ذکر ہے۔ تبلیغی جماعت اور دعوت اسلامی فضائل کے ذریعے سے ہی قرآن و سنت کے احیاء پر زور دے رہی ہیں اگر انکے مراکز میں 49کروڑ کی بات درست ہے تو مقامی مراکز ومساجد میں بھی یہ توقع کرنی چاہیے۔ نبیﷺ کے وقت میں یہ حکم تھا کہ خواتین کو مساجد سے نہ روکا جائے۔ یہ قرآن کا تقاضہ بھی تھا۔ ایک سنت کو زندہ کرنے پر 100شہیدوں کے اجر کی بشارت ہے ، فقہ کی کتابوں میں پڑھایا جاتاہے کہ پہلی صفوں میں مرد ، پھر بچے ، بچیاں اور پھر آخر میں خواتین کی صفیں بنائی جائیں گی۔ اگر تبلیغی جماعت اور دعوتِ اسلامی نے محلے کی سطح سے اس اسلامی فریضے اور سنت کے عمل کو زندہ کرنے میں اپنا بھرپور کردار اداکیا تو امت کی تقدیر بدلنے میں دیر نہیں لگے گی۔ تبلیغی جماعت کے حاجی عبدالوہاب اوردعوت اسلامی کے مولانا الیاس سے گزارش ہے کہ طلاق کے درست مسئلے و نماز سے اپنی تقدیر بدلنے کا آغاز کریں۔
لوگوں کی راۓ