نکاح کے بارے میں قرآن وسنت کے درست تصورات اور مذہبی طبقات کے اختلافات کے حل کی طرف پیش قدمی
مئی 18, 2024
نکاح کے بارے میں قرآن وسنت کے درست تصورات اور مذہبی طبقات کے اختلافات کے حل کی طرف پیش قدمی
قرآن میں غلام کو ”عبد” اور لونڈی کو”اَمة” کہا گیا ۔ عبد اور لونڈی کو بھی نکاح کا حق دیا گیا ہے۔ بلکہ طلاق شدہ وبیوہ کا جس طرح نکاح کرانے کا حکم دیا گیا ہے اسی طرح غلاموں اور لونڈی کے نکاح کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
قرآن نے غلام اور لونڈی کا اسٹیٹس تبدیل کردیا ہے اور مالکانہ حق کی جگہ ملک یمین کا تصور دیا ہے۔ جس کا مطلب ایک ایگریمنٹ ہے۔ جتنے میں غلام یا لونڈی کو خریدا گیا ہے تو اس پر حق ملکیت کا تصور باطل قرار دیا گیا۔اسلئے کہ انسان جانور کی طرح کسی کی ملکیت نہیں ہوسکتا ہے۔ بلکہ اس کی حیثیت گروی کی قرار دی گئی ہے۔ جب بھی مطلوبہ رقم میسر ہوگی تو لونڈی اور غلام کو آزادی مل جائے گی لیکن دنیا میں غلام بنانے کے طریقے سبھی حرام قرار دئیے گئے۔ جن میںسود، مزارعت،، جنگوں میں غلام بنانا، جوا،بردہ فروشی اور بدمعاشی وغیرہ شامل ہیں۔
نکاح اور ملکت ایمانکم میں فرق یہ ہے کہ نکاح میاں بیوی کے درمیان ہوتا ہے اور ملکت ایمانکم ایگریمنٹ ہے جس کا اطلاق غلام اور لونڈی پر بھی ہوتا ہے اور آزاد عورت اور آزاد مرد کا ایک وقتی تعلق بھی ہوسکتا ہے۔ تجارتی معاہدہ بھی ہوسکتا ہے۔ قرآن میں جہاں یہ الفاظ استعمال ہوئے ہیں وہاں سیاق اور سباق کو دیکھ کر پتہ چل سکتا ہے کہ اس سے کیا مراد ہے؟۔
مثلاً سورہ نساء کی ابتداء میں اللہ نے فرمایا: فانکحوا ماطاب لکم من النساء مثنٰی وثلاث ورباع وان خفتم ان لا تعدلوا فواحدہ او ماملکت ایمانکم ”پس نکاح کرو،عورتوں میں سے جن کو چاہو،دودو، تین تین، چار چار اور اگر تمہیں خوف ہو کہ انصاف نہیں کرسکوگے تو ایک یا جن کے مالک تمہارے معاہدے ہوں”۔ (النساء آیت3)
یہاں لونڈی اور غلام مراد نہیں بلکہ مستقل نکاح کی جگہ وقتی ایگریمنٹ ہے۔ جس میں مالی اور جنسی اتنی طاقت نہ ہو کہ وہ ایک سے زیادہ عورتوں کے ساتھ عدل کرسکے تو پھر ایک عورت یا ایگریمنٹ پر گزارہ کرے۔حضرت عبداللہ بن مسعود سے روایت ہے کہ صحابہ نے نبی ۖ سے عرض کیا کہ کیا ہم خود کو خصی بنالیں؟۔ نبیۖ نے منع کیا اور ایک یا دو چادر کے بدلے ایگریمنٹ کی اجازت دے دی اور فرمایا : لاتحرموا ما احل اللہ لکم من الطیبٰت ”حرام مت کرو جن پاک چیزوں کو اللہ نے تمہارے لئے حلال کیا ہے”۔(صحیح بخاری)
جس میں ایک بیوی رکھنے کی بھی صلاحیت نہ ہو تو وہ اس طرح ایگریمنٹ پر گزارہ کرسکتا ہے۔ عبداللہ بن مسعود کی بیگم نہیں تھی اور حضرت عثمان نے کسی عورت سے نکاح کی پیشکش کردی تو عبداللہ بن مسعود نے اس کا انکار کردیا۔ مولانا سلیم اللہ خان صدر وفاق المدارس پاکستان نے بخاری کی شرح میں اس پیشکش کو مسترد کرنے کی وجہ انتہائی غلط لکھ دی ہے کہ قرآن کو جمع کرنے کے مسئلے پر ناراض تھے کہ ان کو شریک کیوں نہیں کیا گیا۔ اس سے بہتر تھا کہ وہ لکھتے کہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ جب بازار میں دودھ ملتا ہو تو بھینس رکھنے کی کیا ضرورت ہے؟ کیونکہ قرآن کی تحریف کو تقویت دینا انتہائی بڑے درجے کا کفر ہے جس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مولانا سلیم اللہ خان نے لکھ دیا ہے کہ ” صحیح بخاری میں عبداللہ بن عباس سے روایت ہے کہ حضرت علی نے کہا کہ ” رسول اللہ ۖ نے ایک دو گتوں کے درمیان قرآن کے علاوہ کچھ نہیں چھوڑا ہے”۔ اور یہ بخاری نے شیعوں کے مؤقف کو رد کرنے کیلئے لکھ دیا ہے کہ تم قرآن کی تحریف کے قائل ہو لیکن تمہارے علی تحریف کے قائل نہیں تھے۔ اور حقیقت یہ ہے کہ علی کی یہ بات غلط ہے ۔ قرآن میں تحریف ہوئی ہے۔ (کشف الباری :مولانا سلیم اللہ خان)
مولانا سلیم اللہ خان کی اس بکواس کو اس کے نالائق اور جاہل شاگردوں نے مرتب کرکے بہت غلطی کی ہے اور اس کی اعلانیہ تردید اور اس سے توبہ کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ البتہ صحیح بخاری میں امام ابوحنیفہ کے مؤقف کو غلط ثابت کرنے کیلئے ایک ساتھ تین طلاق کی روایت غلط نقل کی گئی ہے۔اسی طرح سے فتح خیبر کے حوالہ سے گھریلو گدھوں اور متعہ کی حرمت شیعہ کے مؤقف کو غلط ثابت کرنے کیلئے نقل کی گئی ہے جس کوبخاری کے اندر کے تضاد کی وجہ سے رد کرنا ضروری ہے اسلئے کہ متعہ کو جواز فراہم کرنے والی روایت مرفوع ، زیادہ معتبر اورواضح ہے اور فتح خیبر تک گھریلو گدھوں کا کھانا بھی انتہائی غلط ہے۔
عبداللہ بن مسعود پر الگ مصحف کا الزام بھی غلط ہے جس شخص نے ابن مسعود کے مصحف کی زیارت کی اور اس میں اس نے سورہ فاتحہ اور آخری دوسورتوں کو نہیں پایا تو اس کی وجہ یہ تھی کہ پہلا اور آخری صفحہ پھٹ کر ضائع ہوچکا تھا۔ جیسا مساجد میں بہت قرآن ہوتے ہیں لیکن اس پر کہانیاں گھڑی گئی ہیں۔ جہاں تک فما اسمتعتم منھن کے ساتھ الی اجل مسمی کے اضافے کی بات ہے تو وہ عبداللہ بن مسعود نے جلالین اور تفسیرابن عباس کی طرح تفسیر لکھ دی ہے۔ اگر یہ اضافی آیت ہوتی تو حنفی مسلک کے نزدیک خبر واحد کی آیت بھی آیت ہی کے حکم میں ہے ،پھر تو احناف کے نزدیک متعہ جائز ہونا چاہیے اسلئے کہ خبرواحد کی آیت سے ثابت ہے۔ حالانکہ یہ غلط ہے ۔
آج اگر ہم لکھ دیں کہ عبداللہ بن مسعود، بخاری ومسلم، اصول فقہ میں قرآن کی تعریف ، مولانا انورشاہ کشمیری کے فیض الباری اور مسلک حنفی میں قرآن کی تحریف ثابت ہے تو لوگ ڈنڈے لیکر پیچھے پڑجائیں گے کہ تم تحریف کے قائل ہو؟۔ مگر جب ہم ان کی تردید کررہے ہیں تو کوئی حمایت نہیں کرتا ؟۔
بیوہ کو خاوند کے مال کا1/8ملتا ہے نبیۖ نے درہم و دینار کی وراثت نہیں چھوڑی تو حضرت عائشہ و دیگرنبی ۖ کی ازواج مطہرات اپنے اپنے حجروں کی مالک بن گئی تھیں۔اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ گھر کی مالکن عورت ہی ہوتی ہے۔ فرمایا: لاتخرجوھن من بیوتھن ولایخرجن الا ان یاتین بفاحشة مبینة ” ان کو ان کے گھروں سے مت نکالو اور نہ وہ خود نکلیںمگر جب وہ کھلی فحاشی کا ارتکاب کریں”۔ سورۂ طلاق
سویڈن قانون کے مطابق جب میاں بیوی میں جدائی ہو تو ان کا مشترکہ گھر دونوں میں تقسیم ہوگا۔ ہم سویڈن میں ایک شخص کے مہمان تھے جس کی بیوی سے جدائی ہوگئی تھی اور اس نے بتایا کہ اس نے سارا گھر بیوی کو دے دیا اسلئے کہ عورت پر اسے رحم آیا اور قانون کے مطابق اس نے اپنا حق نہیں لیا۔
اسلام میں عورت پر یہ احسان نہیں ہے کہ اس کو طلاق دی جائے اور گھر اس کیلئے اور اس کے بچوں کیلئے چھوڑد یا جائے۔ بلکہ یہ طلاق کے بعد عورت کا اپنا حق ہے۔ اس نے جب نکاح کرلیا تو اپنی ساری کشتیاں جلا ڈالیں۔ اب اللہ تعالیٰ نے اس کو صرف مرد کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا ہے۔ اس کے ایسے حقوق رکھے ہیں کہ جب انسانیت کو پتہ چل جائے تو پھرسارا انسانی معاشرہ ہی بدل جائے گا۔ گھر بھی اسی کا ہے۔ خرچہ بھی شوہر ہی کی ذمہ داری ہے۔ شوہر کی وسعت کے مطابق حق مہر بھی اس کا حق ہے۔ آج پوری دنیا کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ فقہاء نے لکھ دیا ہے کہ بیوی کا علاج معالجہ شوہر کے ذمے فرض نہیں ہے۔ حالانکہ کھانے پینے کی طرح علاج معالجے کی اہمیت ہے اور اس کیلئے بیوی کس کے پاس جائے ؟۔ مفتی محمد تقی عثمانی نے بڑا کمال کردیا کہ اپنے اکابر ین سے انحراف کرکے لکھ دیا ہے کہ ”علاج کرنا بھی شوہر کی اخلاقی ذمہ دای ہونی چاہیے”۔
مولانا محمد منظور نعمانی کے بیٹے مولانا عتیق الرحمن سنبھلی خط لکھ کر مفتی تقی عثمانی سے پوچھتے ہیں کہ ”حق مہر کی شریعت میں حیثیت کیا ہے؟”۔ جس کے جواب میں لکھ دیا کہ ” یہ اعزازیہ ہے”۔ اعزاز میں تو ایک چونی کا انعام بھی بہت ہوتا ہے۔
مولانا سلیم اللہ خان نے لکھا کہ ” جس کے نزدیک چور کا ہاتھ جتنی رقم میں کٹتا ہے ، اتنی کم ازکم رقم حق مہر میں دینی فرض ہے۔اسلئے کہ جتنی رقم میں چور اپنے ایک عضوء سے محروم ہوتا ہے اتنی رقم میں شوہر اپنی بیوی کے ایک عضوء کا مالک بنتا ہے”۔
حالانکہ قرآن نے واضح کردیا ہے کہ امیر پر اپنی وسعت اور غریب پر اپنی حیثیت کے مطابق حق مہر فرض ہے۔ جب کسی صحابی نے نبی ۖ سے اس عورت کا رشتہ مانگا تھا جس نے خود کو نبیۖ کیلئے ہبہ کردیا تھا تو نبی ۖ نے مالی حیثیت پوچھ لی اور اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں تھا کہ ایک لوہے کی انگوٹھی سے بھی حق مہر ادا ہوسکتا ہے بلکہ اس صحابی کی پوری ملکیت یہی تھی۔ اور وہ ایک گھر کا مالک تھا۔ اس کے باوجود اللہ نے فرمایا کہ نبی کے علاوہ کسی اور کا یہ حق نہیں کہ کوئی عورت خود کو اس کوہبہ کردے۔
ایک آدمی کھرب پتی ہے یا ارب پتی ہے یا کروڑ پتی ہے یا لکھ پتی ہے یا مسکین ہے۔ تو اگر اس نے نکاح کرلیا اور ہاتھ لگانے سے پہلے طلاق دے دی تو اپنی حیثیت کے مطابق اس پر حق مہر کا نصف دینا فرض ہے۔ یہ اس کی مرضی پر نہیں بلکہ اس کی مالی حیثیت کے مطابق اللہ تعالیٰ نے فرض قرار دیا ہے۔
بیوہ کو1/8ملتا ہے اور وہ گھر کی مالکن بھی بنتی ہے تو حق مہر اس کی حیثیت کے مطابق سمجھنے میں کوئی دشواری نہیں ہے۔ عام حالات میں بیوی خود کواپنے شوہر کے مال کا مالک سمجھتی ہے اور وہ ایک حد تک مالک ہوتی بھی ہے ۔ لیکن جب جھگڑا یا طلاق کا مسئلہ آتا ہے تو اس کو ہر چیز سے محروم کردیا جاتا ہے۔
قرآن وسنت اور فطرت نے جو حقوق ایک بیوی کو دئیے ہیں وہ طلاق کی صورت میں ہر چیز سے محروم کردی جاتی ہے۔ یہاں تک کہ اسکے بچے بھی چھن جاتے ہیں جو سب سے زیادہ تکلیف دہ بات ہے۔ یہ قرآن وسنت اور اسلام نہیں ہے بلکہ علماء وفقہاء کے خود ساختہ مسالک ، فرقے اور مذاہب ہیں۔
مسلمانوں میں رائج نکاح میں جب عورت کو نکاح کے حقوق حاصل نہیں ہیں تو اس کو کیا نام دیا جاسکتا ہے؟۔ یہ جائز ہے یا ناجائز حرام کاری ہے؟۔ اللہ نے واضح کیا ہے کہ طلاق کے بعد شوہر کیلئے حلال نہیں ہے کہ عورت سے کچھ بھی واپس لے،اگرچہ اس کو بہت سارا مال دیا ہو اور نہ ہی مال واپس لینے بہتان طرازی کرنے کی اس کو اجازت ہے۔ (النسائ:20)
ہمارے ہاں رائج نکاح پر نکاح کا نہیں بلکہ ایگریمنٹ کا اطلاق ہوتا ہے اسلئے کہ نکاح کے قانونی حق سے عورت بالکل محروم ہوتی ہے۔ اسلام سے قبل لونڈی کیساتھ بھی وہ ناجائز نہیں ہوتا تھا جو علماء ومفتیان نے نکاح کے نام پر عورت کے ساتھ زیادتیوں کی اجازت دی ہے۔ بیوی سے شوہر کہتا ہے کہ تجھے تین طلاق ۔ پھر اپنی بات سے مکر جاتا ہے تو اس پر بیوی کو حرام قرار دیا گیا ہے اور بیوی کیلئے وہ شوہر حرام قرار دیا گیا ہے اسلئے عورت کو خلع لینے کا حکم ہے لیکن اگر شوہر خلع نہیں دیتا ہے تو عورت حرام کاری پر مجبور ہے۔ عورت اس کے ساتھ حرامکاری کی مباشرت کرے لیکن لذت نہیں اٹھائے۔ دوسری طرف یہ بکواس مسئلہ بھی بتایا ہے کہ اگر چندازواج میں سے کسی ایک کو طلاق دیدی جائے اور یہ تعین نہ ہو کہ کس عورت کو طلاق دی ؟۔ تو باری باری سب سے مباشرت کرے ، جس میں زیادہ لذت ہوگی وہی طلاق ہوگی اسلئے کہ حرام میں لذت زیادہ ہوتی ہے۔
نکاح ، طلاق اور خلع کے مسائل میں قرآنی آیات سے انحراف کرکے وہ گل کھلائے ہیں،جنہیں دیکھ کر شرمائے یہود۔ اللہ تعالیٰ نے مجھ پر اپنا فضل کیا ہے اور دین کی سمجھ دی ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی سے بھی اس دور میں ملاقاتیں کی تھیں اور قبلہ ایاز صاحب سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل میں سرکاری سطح پر سبھی فرقوں اور مسالک کی نمائندگی ہوتی ہے اور اس میں مزید اچھے لوگوں کو بھی دعوت دے کر آج مسائل کا حل کرسکتے ہیں۔
ایلاء کی عدت چار ماہ اور طلاق کی عدت تین ماہ ہے۔ بیوہ کی عدت 4ماہ10دن اور خلع کی عدت ایک ماہ ہے۔ طلاق میں عورت سے دی ہوئی منقولہ وغیرمنقولہ اشیاء واپس نہیں لے سکتے ہیں لیکن خلع میں عورت کو گھر چھوڑنا پڑتا ہے اور غیر منقولہ دی ہوئی جائیداد سے بھی دستبردار ہونا پڑتا ہے۔
مذاق اور سنجیدگی میں طلاق اس وقت معتبر ہے کہ جب وہ رجوع کیلئے راضی نہ ہو اسلئے کہ طلاق میں اس کے زیادہ حقوق ہیں۔ طلاق صریح اور طلاق کنایہ کے تمام الفاظ بھی عورت کے حق کو تحفظ دینے کیلئے ہیں۔ اگر شوہر نے ایلاء کیا جس میں کوئی صریح طلاق نہیں ہوتی ہے تو شوہر یکطرفہ رجوع نہیں کرسکتا ہے بلکہ رجوع سے پہلے عورت کو طلاق کا اختیار دینا ضروری ہے۔ اگر طلاق کا عزم تھا تو اللہ اسے پکڑے گا اسلئے کہ یہ دل کا گناہ ہے اور اس کی وجہ سے عورت3کی جگہ4ماہ تک انتظار کرے گی۔ اس ایک ماہ کی زیادہ عدت پر بھی شوہر کی پکڑ ہوگی۔
جب طلاق کا اقدام یا علیحدگی کے اسباب شوہر نے پیدا کئے ہوں گے تو عورت کو طلاق کے حقوق ملیں گے اور جب خلع عورت کی طرف سے ہوگا تو پھر عورت کو گھر اور منقولہ جائیداد سے دستبرداری اختیار کرنی پڑے گی۔ اگر قرآن وسنت کے یہ قوانین مسلمان معاشرے میں رائج ہوتے تو مغرب اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بیوی و شوہر کیلئے جمہوریت کی قانون سازی نہیں کرنی پڑتی۔ عیسائیوں میں 3سو سال پہلے تک طلاق کی شرعی اجازت نہیں تھی۔ عیسائیوں نے قرآن سے ہی متاثر ہوکر اپنے ہاں طلاق کیلئے قانون سازی کردی ہے۔
اگر مسلمانوں میں نکاح اور ایگریمنٹ کے حقوق واضح ہوتے تو عیسائی اور ترقی یافتہ ممالک کے لوگ اسلام ہی کو رائج کرتے۔ نکاح کے بعد طلاق و خلع کے حقوق جدا ہوتے اور اگریمنٹ میں بھی عورت کسی ایک شخص کے ساتھ پابند ہوتی۔ جس سے اولاد کی شناخت کو تحفظ ملتا اور عدت کی پابندی سے ایڈز وغیرہ کی بیماریاں بھی دنیا میں نہیں پھیل سکتی تھیں۔
قرآن وحدیث سے بھی مذہبی طبقہ ناواقف ہے اور نکاح وطلاق اور خلع کے احکام کے بارے میں بھی غفلت میں ہے۔ جس دن مذہبی طبقے کا رخ پھر گیا تو بہت بڑا انقلاب آجائیگا۔
اخبار نوشتہ دیوار کراچی، شمارہ مئی2024
www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv
لوگوں کی راۓ