طلاق کے بارے میں قرآن وسنت کے درست تصورات اور مذہبی طبقے کے اختلافات کے حل کی طرف پیش قدمی؟
مئی 18, 2024
طلاق کے بارے میں قرآن وسنت کے درست تصورات اور مذہبی طبقے کے اختلافات کے حل کی طرف پیش قدمی؟
جب شوہر کا عورت سے نکاح ہوجاتا ہے تو اس رشتے کی باریکی اور مضبوطی کا تعلق دو طرفہ بنیادوں پر اللہ نے رکھاہے۔
شوہر کا انتقال ہوجائے تو عورت عدت پوری ہونے کے بعد زندگی بھر اس نکاح کو برقرار رکھ سکتی ہے۔ اس کی قبر پر اسکے شوہر کے نام کی تختی لگتی ہے کہ زوجہ فلاں۔ جنت میں بھی قرآن کہتا ہے کہ لوگ اپنی ازواج اور اولاد کے ساتھ ہوں گے۔
لیکن اگر عورت عدت پوری ہونے کے بعد کسی اور شوہر سے نکاح کرلیتی ہے تو اس کا بھی عورت کو مکمل اختیار دیا گیا ہے اور اس کے بعد وہ دوسرے شوہر کی بیوی بن جائے گی۔ پہلے سے اس کا تعلق قائم نہیں رہے گا۔ قرآن وحدیث اور صحابہ سے ان چیزوں کا بھرپور ثبوت ملتا ہے لیکن مذہبی طبقات نے اس معاملے کو اپنی جہالتوں سے بہت بگاڑ دیا تھا، جس کی اصلاح ایک حد تک ہماری تحریرات سے الحمدللہ اب ہوچکی ہے۔
قرآن میں پہلی بار عدت کا ذکر سورہ بقرہ کی آیت226اور طلاق کا پہلی بار ذکر سورہ بقرہ کی آیت227میں ہے۔
انگریزی میں کہا جاتا ہے کہ ”پہلا امپریشن ہی آخری امپریشن ہوتا ہے”۔ فقہاء اور مسالک کے علمبرداروں نے پہلے ذکر کا ستیاناس کرکے رکھ دیا ہے۔ قصور قرآن کا نہیں ہے بلکہ جہالت کے اندھیرے میں پھنسے ہوئے ائمہ کا قصور تھا۔
اللہ نے طلاق سے پہلے طلاق کا مقدمہ بیان کردیاہے۔ سورہ البقرہ آیت:224میں واضح کردیا ہے کہ ”تم اپنے عہدو پیمان کو رکاوٹ نہ بناؤ کہ نیکی کرو، تقویٰ اختیار کرو اور عوام کے درمیان صلح کراؤ”۔ جب عوام الناس کے درمیان اللہ کے نام پر صلح کیلئے رکاوٹ بننا ممنوع ہے تو پھر جب میاں بیوی صلح کرنا چاہتے ہوں تو اللہ اور مذہب کو کیسے رکاوٹ بناسکتے ہیں؟۔
اس آیت سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اللہ نے کسی بھی حال میں میاں بیوی کے درمیان کوئی ایسا فتویٰ نہیں دیا ہے جس میں وہ صلح چاہتے ہوں اور اللہ اور مذہب اس میںرکاوٹ بنتا ہو۔
پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ البقرہ آیت230میں اللہ نے کیوں فرمایا ہے کہ ”پھر اگر اس نے طلاق دی تو اس کیلئے حلال نہیں ہے یہاں تک کہ وہ کسی اور شوہر کیساتھ نکاح کرلے”۔
اس کا جواب سیدھے سادے الفاظ میں بالکل واضح ہے کہ جب تک سیاق وسباق کو نہ دیکھا جائے تو آیت کا مفہوم سمجھ میں کبھی نہیں آسکتا ہے۔البقرہ آیات231اور232میں یہ واضح ہے کہ ”جب تم نے عورتوں کو طلاق دی اور پھر وہ اپنی عدت کو پہنچ گئی تو معروف طریقے سے رجوع کرو یا معروف طریقے سے اس کو چھوڑ دو۔ ان کو اسلئے مت روکو تاکہ تم ان کو ضرر پہنچاؤ”۔ اور ” جب تم نے عورتوں کو طلاق دی اور اپنی عدت کو پہنچ گئی تو ان کو مت روکو کہ اپنے شوہروں سے نکاح کریں ،اگر وہ آپس میں معروف طریقے سے راضی ہوں”۔
جب اللہ تعالیٰ آیت230کے بعد کی دو آیات میں حلالہ کے بغیر عدت کی تکمیل کے بعد بھی رجوع کی اجازت دیتا ہے تو پھر آیت230کا معاملہ اور پس منظر کیا ہے؟۔ اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس سے پہلے آیت228البقرہ میں اللہ تعالیٰ نے عدت میں اصلاح کی شرط پر شوہروں کو ان کے لوٹانے کا زیادہ حقدار قرار دیا تھا۔ جب عدت کے اندر اور عدت کی تکمیل کے بعد اللہ تعالیٰ نے باہمی اصلاح اور معروف طریقے سے رجوع کی اجازت دی ہے تو پھر درمیان کی بات بھی حقائق سمجھ کر دیکھنے کی کوشش کریں تو ذرا تدبر سے معاملہ سمجھ آجائے گا۔
سورہ طلاق کی پہلی دو آیات میں بھی عدت کے اندر اور عدت کی تکمیل کے بعد معروف طریقے سے رجوع کی اجازت دے دی ہے۔ جس میں کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں ہے۔
جہاں تک آیت230البقرہ کا تعلق ہے تو اس سے پہلے آیت229میں بھرپور وضاحت ہے کہ
” طلاق دو مرتبہ ہے پھر معروف طریقے سے روکنا یا احسان کیساتھ چھوڑ دینا ہے اور تمہارے لئے حلال نہیں کہ جو کچھ ان کو دیا کہ اس میں سے کچھ واپس لے لو مگر جب دونوں کو یہ خوف ہو کہ دونوں اللہ کے حدود پر قائم نہیں رہ سکیں گے اور اگر تمہیں خوف ہو کہ وہ دونوں اللہ کے حدود پر قائم نہیں رہ سکیں گے تو دونوں پر کوئی حرج نہیں ہے کہ عورت کی طرف سے اس چیز کو فدیہ کردیا جائے۔ یہ اللہ کے حدود ہیں ،ان سے تجاوز مت کرو اور جو ان سے تجاوز کرے تو وہی لوگ ظالم ہیں”۔
اگر اس وضاحت کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے تو پھر کوئی ابہام بھی باقی نہیں رہتا ہے۔ اس آیت میں چند وضاحتیں یہ ہیں۔
البقرہ228میں عدت کے تین مراحل واضح ہیں۔البقرہ آیت229میں تین مراحل میں تین مرتبہ طلاق واضح ہے۔ مولانا سلیم اللہ خان اور علامہ غلام رسول سعیدی نے اپنی اپنی بخاری کی شرح میں یہ حدیث لکھ دی ہے کہ نبی ۖ سے صحابی نے پوچھا کہ قرآن میں تیسری طلاق کہاں ہے۔ جس کے جواب میں نبی ۖ نے فرمایا کہ آیت229البقرہ میں دو مرتبہ طلاق کے بعد احسان کے ساتھ رخصت کرنا تیسری طلاق ہے۔ علاوہ ازیں بخاری کتاب التفسیر سورہ طلاق میں ہے کہ حضرت عمر نے نبی ۖ کو بتایا کہ عبداللہ نے اپنی بیوی کو حیض میں طلاق دی ہے ۔ جس پر رسول اللہ ۖ غضبناک ہوگئے اور عبداللہ سے رجوع کیلئے کہا اور فرمایا کہ طہر کی حالت میں اپنے پاس رکھویہاں تک کہ حیض آجائے۔ پھر طہر یعنی پاکی کے دن آجائیں اور پھر حیض آجائے۔ پھر پاکی کی حالت آجائے تو اگر طلاق دینی ہو تو ہاتھ لگائے بغیر چھوڑ دو اور رجوع کرنا ہو تو اس میں رجوع کرلو۔ یہی وہ ہے عدت ہے جس میں اس طرح اللہ نے طلاق کا امر دیا ہے۔ یہ کتاب الاحکام، کتاب الطلاق اور کتاب العدت میں بھی ہے لیکن بخاری نے ان میں صرف غضبناک کے الفاظ کا ذکر نہیں کیا ہے۔ اگر صحیح بخاری کی تمام کتابوں میں غضبناک ہونے کے الفاظ کا ذکر ہوتا تو اس کا نتیجہ کچھ اور نکلتاکیونکہ اس سے مسئلے کی وضاحت میں بھرپور مدد ملتی
محمود بن لبید کی روایت ہے کہ رسول اللہۖ کو ایک شخص نے خبر دی کہ فلاں نے اپنی بیوی کو طلاق دی ہے تو اس پر رسول اللہ ۖ غضبناک ہوکر کھڑے ہوگئے اور فرمایا کہ تم اللہ کی کتاب کیساتھ کھیل رہے ہو۔ جبکہ میں تمہارے درمیان میں موجود ہوں۔ ایک شخص نے کہا کہ کیا میں اس کو قتل کروں؟۔
اس روایت سے احمق لوگ یہ اخذ کرتے ہیں کہ اگر ایک ساتھ تین طلاق کے بعد رجوع ہوسکتا تھا تو نبی ۖ غضبناک نہ ہوتے بلکہ رجوع کا حکم دیتے۔ حالانکہ اس سے زیادہ مضبوط روایت میں ہے کہ نبی ۖ نے غضبناک ہونے کے باوجود بھی رجوع کا حکم دیاتھا جو بخاری میں ہے اور محمود بن لبید کی روایت بخاری ومسلم میں نہیں ہے۔ روایات میں یہ بھی موجود ہے کہ قتل کی پیشکش کرنے والے حضرت عمر تھے اور یہی واقعہ ہے جس میں عبداللہ بن عمر نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دیں۔
محمود بن لبید کی روایت سے زیادہ مضبوط روایت صحیح مسلم میں ہے کہ حسن بصری نے کہا کہ مجھ سے ایک مستند شخص نے کہا کہ عبداللہ بن عمر نے اپنی بیوی کو ایک ساتھ تین طلاقیں دیں۔20سال تک کوئی دوسرا مستند شخص نہیں ملا جس نے اس کی تردید کی ہو۔20سال بعد ایک اور زیادہ مستند شخص نے کہا کہ عبداللہ بن عمر نے ایک طلاق دی تھی۔ صحیح مسلم کی اس روایت سے پتہ چلتا ہے کہ بعد میں لوگوں کا رحجان بدل گیا تھا۔رحجان کی تبدیلی کی ایک وجہ یہ تھی کہ حضرت عمر نے اپنے دور خلافت کے2سال بعد ایک ساتھ تین طلاق پر رجوع نہ کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔جس پر اہل علم کے مناظرانہ اور مسلکانہ وفرقہ وارانہ رنجشوں کی وجہ سے امت مسلمہ میں زبردست قسم کی تقسیم آگئی۔
پھر حضرت علی کے شاگردوں کی طرف سے بھی یہ بات سامنے آگئی کہ کسی شخص نے اپنی بیوی سے کہا کہ تو مجھ پر حرام ہے۔ جس پر حضرت علی نے فتویٰ دیا کہ اب رجوع نہیں ہوسکتا ہے۔ جس میں ایک ساتھ تین طلاق کے واقع کرنے پر اتفاق ہوگیا تھا اور حضرت عمر و حضرت علی کے ماننے والے ایک ہوگئے ۔
کاش! یہ لوگ روایات اور اقوال کی طرف دیکھنے کی جگہ قرآن کے بنیادی آیات سے بھی کچھ استفادہ کرنے کی کوشش کرتے۔ لیکن قرآن کو روایات میں کھو دیا گیا۔ خلفاء راشدین کی طرف منسوب کیا گیا کہ اگر بیوی کو حرام کہہ دیا جائے تو پھر سب کا فتویٰ اور فیصلہ الگ الگ تھا۔ حضرت عمر ایک طلاق رجعی قرار دیتے تھے۔ حضرت علی تین طلاق مغلظہ قرار دیتے تھے اور حضرت عثمان اس کو ظہار کے حکم کے مترادف کہتے تھے۔
علامہ ابن تیمیہ کے شاگرد علامہ ابن قیم نے” زادالمعاد” میں چار خلفاء راشدین اور چار ائمہ مجتہدین کے علاوہ حرام کے لفظ پر دوسرے فقہاء کیساتھ20اجتہادات کا ذکر کیا ہے۔اس کا ذکر صحیح بخاری میں حسن بصری نے کیا ہے کہ ” بیوی کو حرام کہا تو جو نیت کی جائے۔ بعض علماء کا اجتہاد ہے کہ یہ تیسری طلاق ہے۔ جس کے بعد عورت حلال نہیں ہوتی جیساکہ کھانے پینے کی اشیاء کو حرام قرار دینے کے بعد کفارہ ادا کرنے سے حلال ہوجاتی ہیں”۔ بخاری میں ایک روایت چھوڑ کر حضرت ابن عباس کے قول کو بھی نقل کیا گیا ہے کہ بیوی کو حرام قرار دینے پر کچھ بھی واقع نہیں ہوتا نہ طلاق ، نہ قسم اور نہ کفارہ اور یہی رسول اللہ ۖ کی سیرت کا تقاضہ ہے۔ حضرت ماریہ قبطیہ کیلئے فرمایا کہ مجھ پر حرام ہے اور اس کا سورہ تحریم میں ذکر ہے مگر یہ توفیق مسالک کے انبار لگانے والوں کو بخاری سمیت کسی کو بھی نہیں ملی ہے کہ قرآن کی سورہ تحریم کا حوالہ دے دیتے اور بس کرتے۔
آیت کا دوسرا حصہ ہے۔ جس میں مرحلہ وار تین مرتبہ طلاق کے بعد اللہ نے فرمایا ہے کہ ” اور تمہارے لئے حلال نہیں ہے کہ جو کچھ بھی ان کو دیا کہ اس میں سے کچھ بھی واپس لو مگر جب دونوں کو خوف ہو کہ اللہ کی حدود پر دونوں قائم نہیں رہ سکیں گے۔ جب تمہیں یہ خوف ہو کہ وہ دونوں اللہ کی حدود پر قائم نہیں رہ سکیں گے تو پھر عورت کی طرف سے اس کو فدیہ کرنے میں کوئی حرج نہیںہے اور یہ اللہ کی حدود ہیں اور جو ان حدود سے تجاوز کرے گا تو یہی لوگ ظالم ہیں”۔ آیت229
اس میں واضح ہے کہ تیسرے مرحلے میں طلاق کا فیصلہ کیا تو تمہارے لئے حلال نہیں کہ ان کو جوکچھ بھی دیا ہے کہ اس میں سے کچھ بھی واپس لے لو۔ یعنی شوہر کی طرف سے دی ہوئی چیز بھی واپس نہیں لے سکتے مگر کوئی ایسی چیز ہو جو رابطے کا ذریعہ ہو اور اس کی وجہ سے دونوں کو اور فیصلہ کرنے والوں کو یہ خوف ہو کہ وہ واپس نہیں کی گئی تو پھر وہ دونوں اللہ کی حدود پر قائم نہیں رہ سکیں گے یعنی اس چیز کی وجہ سے رابطہ اور تعلق بن سکتا ہے اور دونوں کے جنسی تعلقات کا اندیشہ ہو۔ مثلاً شوہر نے موبائل کی ایک سم دی ہے اور وہ سم شوہر کیلئے واپس لینا حلال نہیں ہے مگر وہ دونوں اور فیصلہ کرنے والے خدشہ رکھتے ہیں کہ اگر یہ ”سم” واپس نہیں کی گئی تو اس کی وجہ سے گڑ بڑ ہوسکتی ہے ۔ پھر اس سے بچنے کیلئے وہ ”سم” عورت کی طرف سے دینے میں کوئی حرج دونوں پر نہیں۔ علاوہ ازیں مکان یا کوئی بھی ایسی چیز ہوسکتی ہے جس پر سب کا اتفاق ہوجائے کہ یہ خطرناک ہے۔
حنفی مسلک نے بھی اپنے اصول فقہ میں اسی صورتحال کی بنیاد سے اگلی آیت230البقرہ کی طلاق کو جوڑ دیا ہے اور یہی بات علامہ ابن قیم نے ابن عباس کے حوالے سے بھی لکھ دی ہے اپنی کتاب ”زاد المعادجلد4باب خلع” میں اور اسی بنیاد پر علامہ تمناعمادی نے اپنی کتاب ”الطلاق مرتان” لکھ دی ہے۔ لیکن اس سے خلع مراد لینا غلط ہے اسلئے کہ دو اور تین مرتبہ کی طلاق کے بعد خلع کی کوئی صورت نہیں بنتی ہے۔ حدیث میں تو خلع کی عدت بھی ایک حیض ہے۔ طلاق مرد کی طرف سے ہے اور خلع عورت کی طرف سے ہے۔
آیت230میں طلاق کی وہ صورت ہے کہ جس میں یہ طے ہوجائے کہ دونوں نے صلح نہیں کرنی ہے اور آئندہ رابطے کیلئے بھی کوئی صورت نہیں چھوڑنی ہے۔ اور یہی صورتحال ہی تمام آیات میں واضح طور پر موجود ہے۔ چنانچہ آیت228البقرہ میں اصلاح کی شرط پر عدت میں رجوع کی اجازت دی گئی ہے۔ آیت229میں معروف کی شرط پر عدت میں رجوع کی اجازت دی گئی ہے۔ اگر اصلاح اور معروف کی شرط کے بغیر شوہر رجوع کرے گا تو اس پر رجوع کرنے کے بجائے اسی طرح حلال نہ ہونے ہی کا اطلاق ہوتا ہے۔ اور اگر اصلاح اور معروف کی شرط ہو تو عدت میں بھی رجوع کی وضاحت ہے اور عدت کی تکمیل کے بعد بھی سورہ البقرہ کی آیات231،232میں رجوع کی وضاحت موجود ہے اور اسی کا خلاصہ سورہ طلاق کی پہلی دو آیات میں بھی موجود ہے۔
احادیث صحیحہ ، صحابہ کرام اور ان کے شاگردوں میں کوئی تضاد نہیں ہے۔ عبداللہ بن عباس نے ٹھیک فرمایا کہ حضرت عمر کے دور سے پہلے تین طلاق کو ایک سمجھا جاتا تھا۔ طلاق ایک فعل ہے ، جس طرح روزہ دن میں ایک مرتبہ رکھا جاتا ہے اور نکاح ایک بار میں ایک ہی ہوسکتا ہے اسی طرح عدت کے ایک مرحلے میں ایک ہی مرتبہ طلاق ہوسکتی ہے ۔ روزہ اور کھانے پر ہزار بار بھی کہا جائے تو ایک ہی روزہ اور ایک ہی مرتبہ کھانا کھانا مراد ہوگا۔ حضرت عمر نے فیصلہ اسلئے دیا کہ عورت رجوع کیلئے راضی نہیں تھی اور حضرت علی نے حرام کے لفظ پررجوع نہ کرنے کا فتویٰ اسلئے دیا کہ عورت رجوع کیلئے راضی نہیں تھی۔ حضرت ابن عباس کے جن شاگردوں نے ایک ساتھ کو تین طلاق قرار دیا تو اس کی وجہ بھی یہی تھی کہ عورت رجوع کیلئے راضی نہ تھی اور جن شاگردوں نے تین طلاق کو ایک قرار دیا تو اس میں رجوع کیلئے عورت راضی ہوتی تھی۔
طلاق کا اظہار تو بڑی بات ہے جب نبی ۖ نے ایلاء کیا اور آپ ۖ کو معلوم تھا کہ رجوع پر امہات المؤمنین بہت ہی خوش ہوجائیں گی لیکن اللہ نے فرمایا کہ رجوع نہیں کرسکتے۔ پہلے ان کو طلاق کا اختیار دے دو اور پھر وہ چاہیں تو رجوع ہوسکتا ہے۔ یہ صرف قرآن میں عورتوں کے حق کی رہنمائی کیلئے تھا۔
طلاق ونکاح کے نام پرمسالک اور فرقہ واریت نے جس طرح کے بدبودار لیٹرین اور گند کیا ہے اگر عوام کو پتہ چلے گا تو بڑے بڑوں کی بالکل خیر نہیں ہوگی۔ جب حضرت عمر سے کہا گیا کہ عبداللہ بن عمر ہی کو اپنا جانشین بنالو۔ تو حضرت عمر نے کہا کہ اس کو طلاق کے مسئلے کا پتہ نہیں اور اتنی بڑی ذمہ داری کے قابل اس کو سمجھوں گا؟۔ یہ خلافت کیلئے نااہل ہے۔
ابوسفیان اور حضرت عمر میں اس کے علاوہ بھی بہت فرق تھا لیکن جب امام حسن اور امیر معاویہ نے آپس میں صلح کرلی تو شیعہ سنی اہل بیت وصحابہ پر نہیں لڑیں۔ یزیداور مروان بن حکم کے دور میں حضرت حسین اور عبداللہ بن زبیر جب شہید کئے گئے تو حکمران غیر صحابی اور شہداء صحابی تھے۔ صحابہ کی توقیر دل میں ہو تو حسین و عبداللہ بن زبیر کے مقابلے میں یزید ومروان کی کوئی حیثیت نہیں ہوسکتی ہے۔ البتہ یزید ومروان سے زیادہ قرآن کے مقابلے میں مسالک اور فرقے بنانے والے مجرم ہیں۔ پہلے تو لوگ بہت سادہ تھے ۔ ملاجیون اور اس کو ماننے والا طبقہ سادگی کے باعث اچھے لوگ تھے۔ اب تو سودی بینکاری کو جواز بخشنے والے اور زکوٰة کو کالعدم قرار دینے کے فتوے والوں کو چالاک وعیار لوگ پہنچانتے بھی ہیں مگر ………….؟۔
اخبار نوشتہ دیوار کراچی، شمارہ مئی2024
www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv
لوگوں کی راۓ