شیعہ کے بارہ ائمہ اہل بیت کااصلی تصور
جنوری 31, 2023
شیعہ کے بارہ ائمہ اہل بیت کااصلی تصور
تحفظ بل پر عقائد کااحترام اورفرقہ پرستوں کی چھترول
مسجد نبویۖ پر ترکی خلافت عثمانیہ کے دور سے خلفاء راشدین ، عشرہ مبشرہ (10صحابہ کرام )شیعہ کے 12امام علی، حسن، حسین، زین العابدین، باقر ، جعفر صادق ………حسن العسکری ، محمدالمھدی کے نام بھی لکھے ہوئے ہیں۔ مفتی فضل ہمدرد نے ویڈیو بنائی ہے۔ اس میں تمام تفصیلات اور تصاویر موجود ہیں۔
پارلیمنٹ میں جو بل پیش ہوا، اس میں توہین صحابہ وتوہین اہل بیت پر سزا ہے۔ شیعہ سمجھتے ہیں کہ علی پہلے امام ہیں ۔ ابوبکر، عمر اور عثمان کی جگہ مسند خلافت پر علی کاحق تھا اور خلافت پر بنوامیہ و بنوعباس کی جگہ بارہ امام کا حق تھا ۔ اس بحث ، تقریر اور تحریر سے بسا اوقات بات توہین وتضحیک تک پہنچتی ہے۔ مولانا اعظم طارق نے شیعہ کے امام مہدی غائب کی توہین کی تو اس پر قاتلانہ حملے ہوئے اور قاتل کو پھانسی دی گئی تو کاشف عباسی یا طلعت حسین نے علامہ امین شہیدی سے انٹرویو میں پوچھا تھا کہ ” آپ کے نزدیک اس نے جہاد کیا ہے؟”۔ اور علامہ امین شہیدی کی تصویرTVاسکرین پر دکھائی، جس میں وہ قاتل کی قبر کے سامنے اس طرح سے بیٹھے ہیں جس طرح ممتاز قادری سے عقیدت رکھنے والے اسکی قبر پر بیٹھتے ہیں۔ جب سپاہ صحابہ کے کارکن کو پھانسی دی جاتی تھی تو وہ پھندہ عقیدت سے چوم لیتے تھے کہ اس نے دہشت گردی نہیں کی ہے بلکہ جہاد کیا ہے۔
پاکستان میں توہین کے قوانین اداروںاور شخصیات کے حوالے سے موجود ہیں لیکن اصل مسئلہ عمل ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ آرمی چیف کے عہدے پر پارلیمنٹ کی قانون سازی سے پہلی مرتبہ بیٹھے اور جاتے جاتے کہہ رہے تھے کہ ”فوج پر تنقید کرو لیکن لہجہ نرم رکھو”۔ یہ انسان کی قسمت، طاقت اور ماحول پر انحصار کرتا ہے کہ کب عدالت پر حملہ بھی سزا کا باعث نہ بنے اور کب الیکشن کمیشن کو منشی کہنے پرپکڑ ہوجائے؟۔ ام المؤمنین حضرت عائشہپر بہتان لگا تو قرآن نے کسی عورت پر بہتان کی سزا80کوڑے اور زنا کی سزا100کوڑے رکھی۔ جس میں امیر غریب ، طاقتور کمزوراور عزتدار و کم عزت کی تفریق نہیں۔ جب ام المؤمنین اور جھاڑو کش عورت پر بہتان کی اللہ نے ایک سزا رکھی ہے تو اس سے ہم دنیا کا نظام ٹھیک کرسکتے تھے۔ علماء اور مذہبی طبقے نے کبھی پارلیمنٹ میں اس کو پیش کرنے کی جرأت نہیں کی۔ جو پاکستانی عوام بلکہ دنیا کیلئے روشنی کا مینار ہوتا۔
بارہ خلفاء پر سوشل میڈیا میں مولانا اسحاق اور بڑے سنی شیعہ علماء کے بیانات ہیں۔ مسئلہ خلافت پر پہلے انصار ومہاجرین میں اختلاف ہوا۔ علی و ابوبکر میں اختلاف تھا۔ اہل سنت کے نزدیک حضرت فاطمہ کے انتقال کے بعد علی نے ابوبکر سے بیعت کی ۔شیعہ یہ توہینِ اہل بیت سمجھتے ہیں کہ امام کسی غیر کی بیعت کرلے۔ ان کے نزدیک علی نے تقیہ میں تین خلفاء ابوبکر، عمر اور عثمان کیساتھ تعاون کیااور مجبوری میں حسن نے معاویہ کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا ۔ حسین نے سردیا مگر یزید کی بیعت نہیں کی۔ یزید بیعت پر مجبور کرنے کی کوشش نہ کرتا تو جس طرح علی و حسن نے مصالحت اور صلح سے کام لیا،اسی طرح حسین نے جنگ کو ٹالنے کی کوشش کی۔ یزید کا لشکر مان جاتا تو حسین نے اسی طرح زندگی گزارنی تھی جیسے آپ سے پہلے اور بعد والے اماموں نے گزاری۔ حسین کیخلاف یزید نے ظلم کی انتہاء کردی ۔ حسین کا جہادبڑی علامت ہے۔ امام حسن العسکری کے بیٹے امام محمد مہدی الغائب خضر علیہ السلام کی طرح زندہ ہیں۔ سنی علماء ومشائخ سے خضر ملتے ہیں تو شیعہ سے مہدی غائب ملتے ہیں۔ موسیٰ علیہ السلام نے رجل الغیب خضر سے ملاقات کی تھی تو قرآن میں ذکر ہے ۔ خضر کا کام باطنی خلافت تھا۔کوئی یہ نہیں کہتا کہ خضر نے بچے کو قتل کیا لیکن فرعون سے جہاد نہیں کیا؟۔ عقیدت سے لڑنا مشکل ہے۔ غیب پر ایمان رکھنے والوں کو عقل ومنطق کی ضرورت نہیں ہوتی۔ فرقہ واریت میں مبتلاء عناصر ایکدوسرے کو لاجواب کرنے کے بجائے اچھے انداز میں سمجھائیں تو بہتر ہوگا۔
مفتی فضل ہمدرد نے الشیخ حسن فرحان المالکی کی کتابوں کا ذکر کیا جو سعودی عرب کی جیل میں اہل بیت وصحابہ پر علمی تحقیق کی سزا کھارہے ہیں۔مولانا سید سلیمان ندوی کو اس جرم میں ندوة العلماء کے بڑے مدرسے سے ریٹائرڈ کیا گیا۔ ہندوستان کے سعودی اور مقامی علماء ان پر فتوے لگارہے ہیں۔ شیعہ سنی صحابہ و اہل بیت پر لڑتے ہیں لیکن قرآن پر بالکل بھیگی بلی بن جاتے ہیں۔ میں نے پشاور جامعة الشہید عارف الحسینی کے مدرسہ میں قرآن کی حفاظت پر بات کی تو مولانا نورالحق قادری ، مولانا روح اللہ مدنی، مولانا طیب قریشی، درویش مسجد صدر پشاور اور معروف مدارس اور درگاہوں کے جانشین کے علاوہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز صاحب بھی موجود تھے۔ قرآن کی حفاظت سے شیعہ وسنی ایسے بھاگتے ہیں جیسے گدھے شیر سے بدحواس ہوکر بھاگتے ہیں۔ قرآن کے بغیر صحابہ واہل بیت پرلڑنا دین وایمان سے زیادہ پیٹ اور ماحول کا مسئلہ ہے۔
www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv
لوگوں کی راۓ