پوسٹ تلاش کریں

علامہ تمنا عمادی عظیم عالم دین ہیں، شیعہ فرقہ میں طلاق کا غلط تصور، مفتی تقی عثمانی کی غلط تشریح و تشریح، قرآن میں طلاق کا عظیم تصور

علامہ تمنا عمادی عظیم عالم دین ہیں، شیعہ فرقہ میں طلاق کا غلط تصور، مفتی تقی عثمانی کی غلط تشریح و تشریح، قرآن میں طلاق کا عظیم تصور اخبار: نوشتہ دیوار

تحریر: سید عتیق الرحمن گیلانی

علامہ تمنا عمادی بہت بڑا عالم_
علامہ تمنا عمادی ایک بہت بڑے حنفی عالم دین تھے جو ہندوستان سے پہلے مشرقی پاکستان بنگلہ دیش ہجرت کرچکے تھے اور پھر کراچی میں سکونت اختیار کرلی تھی اور کراچی ہی میں بہت خاموشی کیساتھ انتہائی شہرت یافتہ ہونے کے باوجود گمنامی کی قبر میں دفن ہوگئے۔ آپ کی کتاب ” الطلاق مرتان” کا نام میں نے طالب علمی میں اپنے ایک استاذ مولانا سراج الدین شیرانی ڈیرہ اسماعیل خان والے سے غالباً سنا تھا اور استاذ جی نے یہ بھی بتایا تھا غالباً کہ اس کتاب کا جواب کسی بھی عالمِ دین کے پاس نہیں ہے۔ علامہ تمنا عمادی ایک بہت جید عالم تھے اور آپ نے دوسرے نام نہاداسلامی اسکالروں کی طرح تقیہ کا غلاف اور نقاب نہیں اوڑھ رکھا تھا بلکہ قرآن کے مقابلے میں اہل سنت کی احادیث کی کتابوں کو ایک بہت بڑی عجمی سازش قرار دیا تھا۔ آپ کے دلائل حنفی اصولوں کے بالکل عین مطابق تھے۔ آپ نے قرآن وحدیث میں طلاق کے حوالے سے بڑافرق واضح کردیا تھا۔ آپ کے نزدیک بنیادی بات یہ تھی کہ ”قرآن میں دو طلاق ہیں اور جس طلاق کے بعد حلالے کاحکم ہے وہ خلع کی صورت ہے۔ جب عورت ہی کا قصور ہو تو پھر اسی صورت میں عورت کو حلالے کی سزا دی جاسکتی ہے۔ جرم مرد کرے اور سزا عورت کو دی جائے تو غلط اور غیرفطری بات ہے”۔
فقہ ، اصول فقہ ، عربی لغت اور عربی مدارس کے مروجہ علوم کے حوالے سے علامہ تمنا عمادی کے دلائل واقعی لاجواب تھے۔ علامہ ابن تیمہ کے شاگرد ابن قیم نے زادالمعاد میں حضرت ابن عباس کا جو قول نقل کیا ہے اوردرسِ نظامی میں اصولِ فقہ کی کتابوں میں جو حنفی مؤقف پڑھایا جاتا ہے اس کا بھی تقاضہ یہی ہے کہ اس طلاق کو جس میں حلالے کا حکم ہے وہ صرف اور صرف خلع ہی کی صورت مشروط کیا جائے۔ غلام احمد پرویز ، جاوید غامدی اور ڈاکٹر ذاکر نائیک وغیرہ اگر دینی علم کے ماہر ہوتے تو اس مسئلے میں علامہ تمنا عمادی ہی کی تقلید کرتے لیکن سب نے اپنی اپنی دکان کھولنے کا فرض پورا کرکے ایک بے ہنگم ماحول میں خود کو فقہ کا امام بنانے کی اپنی سی کوشش فرمائی ہے۔ اس سلسلے میں جاویداحمد غامدی نے بہت ہی جہالت کا مظاہرہ کیا ہے اور غلام احمد پرویز نے حنفی مسلک کے طلاق احسن ہی کو قرآن کی اصل اور حتمی تفسیر قرار دیا ہے جبکہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے غلام احمدپرویز کی فکر کو اس مسئلے میں صحیح قرار دیا ہے۔ علامہ تمنا عمادی نے اصولِ فقہ کی بنیاد پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے جبکہ غلام احمد پرویز نے فقہ کی بنیاد پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔ ایک درسِ نظامی کے عالم اور غیرعالم میں یہی فرق ہوسکتا تھا۔
اہل حدیث نے ذخیرہ احادیث سے بہت ساری مرفوع احادیث صحیحہ کو چھوڑ کر ایک موقوف روایت کی بنیاد پر اپنے مسلک کی بنیاد رکھی ہے جو خوش آئند اسلئے ہے کہ دوسروں کو منکر حدیث کہنے والے خود بھی منکرِ حدیث بن گئے ہیں۔ جبکہ امام ابن تیمیہ نے اپنے مسلک کی بنیاد اس بات پر رکھی تھی کہ جب تک33،33مرتبہ سبحان اللہ دہرایا نہ جائے کہ سبحان اللہ، سبحان اللہ ، سبحان اللہ………. تو صرف33مرتبہ سبحان اللہ کہنے سے تسبیح پوری نہیں ہوگی ،اسی طرح 3طلاق کہا جائے تو3طلاق واقع نہیں ہوگی لیکن جب امام ابن تیمیہ سے کہا جاتا ہے کہ اگر طلاق ، طلاق ، طلاق تین مرتبہ دہرایا جائے تو3طلاق واقع ہوجائیں گی تو اس کا کہنا تھا کہ یہ طلاق ہے اور وہ تسبیح ۔دونوں کا حکم ایک کیسے ہوسکتا ہے۔ اگر طلاق کا لفظ3بار دہرایا جائے تب بھی ایک ہی طلاق ہوگی۔
سعودی عرب پہلے ابن تیمیہ کے مسلک پر تھا لیکن پھر اپنا سرکاری مؤقف تبدیل کرکے یہ بنالیا ہے کہ ایک مجلس کی تین مرتبہ طلاق سے3طلاق پڑیگی۔ اگر قرآن واحادیث کی طرف دیکھا جاتا تو یہ اختلافات وتضادات نہ ہوتے۔

شیعہ مسلک میں طلاق کا غلط تصور
حنفی مسلک میں طلاق کی تین اقسام ہیں۔نمبر1:طلاق احسن۔ عورت کو ایک طلاق دے کر چھوڑ دیا جائے۔ پھر عدت میں رجوع کیا جائے یا نہ کیا جائے لیکن یہ ایک ہی طلاق شمار ہوگی۔ نمبر2:طلاقِ حسن ۔ عورت کی پاکی کے ایام میں تین طہر کے اندر تین مرتبہ طلاق دی جائے۔ نمبر3:طلاقِ بدعت۔ایک دم تین طلاق دی جائے، ایک مجلس میں تین طلاق دی جائے یا حیض کی حالت میں طلاق دی جائے۔ طلاقِ بدعت واقع ہوجاتی ہے لیکن اس کا گناہ ہے۔
شافعی مسلک کے نزدیک ایک ساتھ تین طلاق سنت اور مباح ہے۔ جبکہ امام مالک اور امام ابوحنیفہ کے مسلک والے اس کو بدعت اور گناہ کہتے ہیں اور امام احمد بن حنبل کا ایک قول ایک طرف اور دوسرا قول دوسری طرف کی تائید کرتا ہے۔ علامہ ابن تیمیہ اور اہل حدیث کے نزدیک ایک مجلس کی تین طلاق ایک ہی طلاق ہے۔ سب کے ہاں اپنی اپنی احادیث اور روایات کے دلائل ہیں۔
اہل تشیع کے نزدیک طلاق حسن میں بھی سخت شرائط ہیں۔ ایک طہر میں کوئی طلاق دی جائے تو اس پر دو عادل گواہ مقرر کرنا ضروری ہیں۔ گواہوں کے بغیر طلاق واقع نہیں ہوگی۔ پھر دوسرے طہر میں دو گواہوں کی موجودگی میں دوسری مرتبہ طلاق دینی ہوگی اور پھر تیسری مرتبہ تیسرے طہر میں دوگواہوں کی موجودگی میں تیسری طلاق دینی ہوگی۔ اس کے بعد عدت کے مراحل پورے ہونے تک رجوع نہیں کیا جائے تو پھر وہ عورت اس کیلئے حلال نہیں ہوگی یہاں تک کہ اس کا کسی دوسرے شخص سے نکاح نہ ہو اور پھر اسی طرح طلاق کے مراحل سے نہیں گزرے۔ دوسروں کے مقابلے میں بظاہر اہل تشیع کے طلاق کا تصور سب سے زیادہ بہترین ہے جس میں بہت سارے تضادات سے بچت ہوجاتی ہے لیکن اس خود ساختہ فقہی مسلک کے بہت سارے نقصانات بھی ہیں۔ قرآن میں مرحلہ وار تین مرتبہ کی عدت اور طلاق کا تصور ضرور ہے لیکن ہر بار دو گواہوں کا معاملہ نہیں ہے بلکہ سورۂ طلاق کی آیت نمبر2میں عدت کی تکمیل پر رجوع یا پھر چھوڑنے کے اختیار کا ذکر ہے اور چھوڑنے کی صورت میں دو عادل گواہوں کے مقرر کرنے کا بھی حکم ہے اور اس کے بعد بھی رجوع کی گنجائش کی وضاحت ہے اور اہل تشیع کا خود ساختہ تصور بھی قرآن وسنت اور حقائق کے بالکل منافی ہے۔
قرآن وسنت، حضرت عمراور ائمہ اربعہ کے مؤقف کی درست ترجمانی کی جائے تو پھر اہل تشیع اور اہل حدیث سمیت پوری امت مسلمہ کا اس پر بڑااجماع ہوسکتا ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ جب قرآن کی آیات کا درست ترجمہ پیش کیا جائے اور اس کی درست تفسیر کی جائے تو تمام احادیث صحیحہ میں کسی ایک بھی روایت کے انکار کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔ صحابہ کرام کے متضاد مسالک کی بھی ایسی درست توجیہ ہوگی کہ ان میں اس مسئلے پر کسی قسم کا تضاد نہیں ہوگا ۔
آیت230البقرہ کی درست تفسیر سمجھنے کے بعد قرآن کی طرف لوگ بہت متوجہ ہوں گے اور حیران ہوں گے کہ ہم نے اپنی زندگی کے قیمتی لمحات کیوں کر ضائع کردئیے؟۔ آج سودی بینکاری کا مسئلہ علماء نے خود ساختہ شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کے ذمے چھوڑ دیا ہے اور مختلف ادوار میں سودی حیلہ سازی کیلئے علماء دستیاب ہوتے تھے،اسی طرح حلالے کے مسائل بھی ایسے علماء ومفتیان ہی کے ذمے چھوڑ دئے جاتے تھے۔کوئی شریف عالم دین اس حوالے سے سوچنے کی بھی ہمت نہیں کرسکتا تھا۔ یہ لوگ ایک طرف تصویر کے جواز کو خدا کی خدائی میں بھی مداخلت قرار دیتے تھے تو دوسری طرف تجارت اور حکومت کی غرض سے اس کو جوازبھی عطاء کرتے تھے۔ داڑھی کٹانے کو غیرشرعی قرار دینے والے نے اپنے بے ڈھنگے دانت تک نکلوا ڈالے ہیں لیکن مکافاتِ عمل کا وقت قریب لگتا ہے۔

_ مفتی تقی عثمانی کا غلط ترجمہ اورتفسیر_
جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید مودودی نے علماء کے تراجم اور تفاسیر کو نہ صرف سلیس انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے بلکہ اپنی طرف سے غلطیوں کے ازالے کیلئے بھرپور طریقے سے حق ادا کرنے کی بھی زبردست کوشش کی ہے لیکن شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے ترجمہ” آسان قرآن” میں اللہ کے کلام کا بالکل غلط اور متضادترجمہ جان بوجھ کر کیا ہے اورغلط تفسیر میں بھی کم عقلی کی انتہاء کردی ہے۔ مختلف آیات میں اذابلغن اجلھن کا ترجمہ بھی اپنے ہی مقصد کیلئے تبدیل کرکے رکھ دیا ہے ۔ حالانکہ اپنے مسلک پر غور کرنا چاہیے تھا۔
خود بدلتے نہیں قرآن کو بدل دیتے ہیں
ہوئے کس درجہ فقیہانِ حرم بے توفیق
ا یک جگہ پر اللہ نے مؤمنوں سے اس جنت کوپانے کا کہا ہے جس کا طول ہی نہیں عرض بھی زمین سے آسمان تک کی طرح ہے۔ دوسری جگہ اللہ نے فرمایا کہ ”فرشتوں کو اہل زمین پر اتنا غصہ آتا ہے کہ قریب ہے کہ آسمان پھٹ پڑے اور نافرمانوں کو اپنے انجام تک پہنچایا جائے لیکن جب اللہ کی طرف سے ان کو اجازت نہیں ملتی ہے تو وہ اللہ کی حمد اورتسبیح بیان کرتے ہیں اور زمین والوں کیلئے مغفرت مانگتے ہیں”۔ سود کو جواز فراہم کرنے والے شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کو وفاق المدارس کا صدر بنادیا جائے اور مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کو تنظیم المدارس کا صدر بنادیا جائے تو فرشتے کس قدر غضبناک ہوں گے؟۔ اور حلالہ کے نام سے قرآن وسنت کی طرف رجوع کرنے کے بجائے شادی شدہ خواتین کی عزتیں لوٹی جائیں تو فرشتے کس قدر غضبناک ہوں گے؟۔اللہ نے ایک مقررہ مدت تک ان کو ڈھیل دے رکھی ہے لیکن ڈھیل کا وقت موت کی شکل میں اور دنیا میں اسلامی انقلاب کی صورت میں ختم بھی ہوسکتا ہے۔ مفتی تقی عثمانی نے تفسیر لکھی کہ ” فرشتے آسمان پر عبادت کرتے ہیں تو ان کا اتنازیادہ وزن ہوتا ہے کہ قریب ہے کہ آسمان ان کا وزن برداشت نہ کرپائے اور پھٹ جائے”۔
دارالعلوم کراچی والوں نے اپنے دو قسم کے معیار قائم کررکھے ہیں۔ مفتی محمد تقی عثمانی کا بہنوئی مفتی عبدالرؤف سکھری تصوف کے نام پرعوام کو ورغلاتا ہے اور تصویر نہیں کھنچواتا ہے اور تصاویر کو سخت عذاب کا ذریعہ قرار دیتا ہے اور شادی بیاہ میں لفافے کے لین دین کو سود قرار دیتا ہے جس کے ستر سے زیادہ گناہوں میں کم ازکم اپنی سگی ماں سے زنا کے برابر قرار دیتا ہے اور دوسری طرف مفتی تقی عثمانی تصویر کو جائز قرار دیتا ہے اور بینکنگ کے سودی نظام کو معاوضہ لیکر جائز قرار دیتا ہے۔ دونوں کے فکر وعمل کے تضادات سے یہ بات اچھی طرح سے عیاں ہوگئی ہے کہ اصل مسئلہ دین کا نہیں تجارت کا ہے اور تاجر اپنی کامیابی کو دیکھتا ہے۔
وفاق المدارس کے سابق صدر اور ہمارے استاذ ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر، مفتی تقی عثمانی کے استاذ وفاق المدارس کے سابق صدر مولانا سلیم اللہ خان اور مفتی زرولی خان وغیرہ سمیت پاکستان کے دیوبندی مدارس کے علماء ومفتیان کی طرف سے مفتی تقی عثمانی کے سودی نظام کو جواز عطاء کرنے پر سخت مخالفت ہوئی لیکن اب اندھوں میں کانا راجا کی طرح مفتی تقی عثمانی کو وفاق المدارس کا منتخب صدر بنایا گیا ہے۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ”ہم چودہ اگست اسلئے مناتے ہیں کہ یہ دنیاوی بات ہے اور میلاد النبیۖ اسلئے نہیں مناتے ہیں کہ مذہبی معاملہ ہے اور جو چیز نبیۖ کے دور میں نہ ہو ،وہ مذہبی مسئلہ بدعت ہے”۔ اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ سودی نظام کا جواز بھی بدعت ہے یا نہیں؟۔ یہ تو رسول اللہۖ کے دور میں نہیں مفتی محمد شفیع اور وفاق المدارس کے سابق صدر تک بھی نہیں تھا۔ پھر یہ بدعت ہے یا سنت ہے؟۔اگر بدعت نہیں تو پھر کس چیز کا معاوضہ لیتے ہیں؟

قرآن میں طلاق کا زبردست تصور
قرآن میں طلاق کے حوالے سے جتنی وضاحت ہے شاید بلکہ یقینا کسی دوسرے معاملے کی اتنی وضاحت نہیں ہوئی ہے۔ مسلکوں کی وکالت اور آیات پر غور وتدبر کرنے کی جگہ خوامخواہ کی دماغ سوزیوں نے علماء ومفتیان، دانشوروں، فقہاء ومحدثین اور اُمت مسلمہ کو مسئلہ ٔ طلاق میں قرآن سے دور کردیا ہے۔
پہلی غلطی یہ ہوئی ہے کہ طلاق اور خلع کی آیات میں بڑا زبردست مغالطہ کھایا گیا۔ آیت229البقرہ میں دومرتبہ طلاق اورتیسری مرتبہ میں رجوع کرنے یا احسان کیساتھ رخصت کرنے کے بعد اور آیت230میں تیسری بار طلاق سے پہلے خلع کے تصور نے مسئلے کا حلیہ بگاڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جس پر امام شافعی وامام ابوحنیفہ کے مسالک میں اختلاف اور علامہ ابن قیم سے لیکر علامہ تمناعمادی تک بڑے بڑے لوگوں نے بڑی بڑی ٹھوکریں کھائی ہیں۔
مولانا سید مودودی نے سلیس اور قابل فہم ترجمہ کرنے کے چکر میں دومرتبہ طلاق اور تیسری مرتبہ رخصت کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد تفہیم القرآن میں لکھ دیا ہے کہ ” کچھ معاوضہ دے دلاکر خلع لیا جائے” جو سراسر گمراہی کی بہت بڑی بنیاد ہے۔اگر قرآن کے مطابق آیت229البقرہ میں تین بار طلاق کے بعد حقوق کا معاملہ مراد لیا جائے جس کے بغیر دوسرا کوئی امکان بھی نظر نہیں آتا ہے اور سورۂ النساء آیت19سے خلع مراد لیا جائے تو جس کے بغیر کوئی دوسرا امکان بھی نہیں ہے تو بہت سارے مسائل اپنی بنیاد سے حل ہوجائیں گے اور بہت سارے مسلکی تضادات کا حل بھی نکل آئے گا اور اپنی کم عقلی پر شرم بھی آئے گی اور قرآن کی طرف لوگ دوڑنا بھی شروع کردیں گے۔امام مہدی سے زیادہ اہمیت یقینا قرآن کی ہے اور قرآن کے ذریعے ہدایت بھی ملے گی۔
جب خلع اور طلاق کے حقوق میں بہت بڑا واضح فرق معلوم ہوگا تو پھر اس کی وجہ سے طلاق کی اصل اہمیت بھی معلوم ہوجائے گی اور طلاق کے مسائل بھی واضح طور پرسمجھنے میں آسانی ہوگی۔ یہ انتہائی غلط تصور ہے کہ جس طرح شوہر اپنا حق مہر دے کر نکاح کرسکتا ہے، اسی طرح منہ مانگی قیمت دے کر عورت خلع لے سکتی ہے۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv

اس پوسٹ کو شئیر کریں.

لوگوں کی راۓ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اسی بارے میں

عدت کی علت کیا ہے؟ جاوید احمد غامدی
طلاق کے بارے میں قرآن وسنت کے درست تصورات اور مذہبی طبقے کے اختلافات کے حل کی طرف پیش قدمی؟
نکاح کے بارے میں قرآن وسنت کے درست تصورات اور مذہبی طبقات کے اختلافات کے حل کی طرف پیش قدمی