بہشتی زیور اور بہار شریعت میں طلاق کے مسئلہ پر روگردانی
جون 3, 2016
جن علماء ومفتیان کے نصاب تعلیم درسِ نظامی میں اللہ کی کتاب کا حلیہ بگاڑ کر رکھا گیا، وہ سود، طلاق اور دوسرے معاملات کی درست تشریح وتعبیر کرنے کی کوئی صلاحیت رکھتے ہیں؟۔ علماء ومفتیان کی شکل میں جو جاہل طبقہ اللہ والوں کا گزرا ہے ان کو میں عالم ومفتی کی حیثیت سے نہیں مانتا، البتہ صالحین سمجھ کر ان لوگوں سے ضرور محبت کرتا ہوں۔ان سے بغض وعناد رکھ کر اذیت دوں تو اللہ کیساتھ اعلانِ جنگ ہوگا
احب الصالحین ولست منہم لعل اللہ یرزقنی صلاحا
میں نیک لوگوں سے محبت کرتا ہوں مگر ان میں سے نہیں ، ہوسکتا ہے کہ اللہ میری اصلاح فرمادے۔ حاجی محمد عثمانؒ سے حاجی امداداللہ مہاجر مکیؒ اور مولانا سید محمد یوسف بنوریؒ سے شیخ الہند مولانا محمودالحسنؒ تک اولیاء اللہ کا جوسلسلہ فقہ کے امام حضرت امام اعظم ابوحنیفہؒ اور دیگر اماموں اور تابعین میں مدینہ کے سات فقہاء اور صحابہ کرامؓ حضرت فاروق اعظمؓ اور صدیق اکبرؓکے توسل سے جو سلسلہ رسول ﷺ سے ملتا ہے، میں حق چار یارخلفاء راشدینؓکو حفظ مراتب کیساتھ ،چاروں فقہی امام کو برحق سمجھتے ہوئے خود کو انکے فیضان سے استفادے کا محتاج سمجھتا ہوں۔
تبلیغی جماعت اور دعوتِ اسلامی والے دیوبندی بریلوی سے تعلق رکھتے ہیں۔ مخلص ہونے کے باوجود علم سمجھ کر جہالتوں کے دلدل میں پھنسے رہتے ہیں، حضرت مولانا الیاسؒ نے خلوص کیساتھ تبلیغ کا کام شروع کرکے اخلاص کا ایک شجرہ طیبہ لگایا اور آج اس بیج کے پھل کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایاتھا کہ ’’دین خیرخواہی کا نام ہے‘‘۔ فرمایا کہ ’’ایمان اخلاص ہے‘‘۔ متقدمین علماء چاروں امام کے نزدیک قرآن سکھانے اور عبادت پرمعاوضہ جائز نہ تھا، متأخرین نے جائز قرار دیا مگر ہردور میں تاریخ کے وہ درخشندہ ستارے رہے ہیں جنہوں نے معاوضہ وصول کرنے کی بجائے بہت تکالیف اور مصیبتیں برداشت کرکے دین کی تبلیغ کی تھی اور ان میں چاروں فقہی امام، محدثین ، ائمہ اہلبیت، امام غزالی، مجدد الف ثانی ، شاہ ولی اللہ اور بہت بڑی تعداد میں غیرمعروف اجنبی ہستیاں بھی شامل ہیں۔
جہاں فتویٰ فروشان اسلام اور مذہب کو دھندہ بنانے والوں کی کمی نہ تھی وہاں یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اسلام کے ٹمٹماتے ہوئے شمعوں کو دلوں کی کڑہن سے سینہ بہ سینہ منتقل کرنے والا سلسلہ حق ہردور میں موجود رہا ہے، یہ بحث کرنے کی ضرورت نہیں کہ صحابیؓ کا ذاتی کردار کیا رہا ہے مگر جن آنکھوں نے نبیﷺ کی زیارت کی تھی، ان کی عقیدت واحترام کیلئے صاحبِ ایمان ہونا کافی ہے، اگر ذوالخویصرہ جیسے کسی گستاخ سے عقیدت ومحبت نہیں ہوسکتی تو جن کی نظر میں کسی کا کردار ذوالخویصرہ کی طرح یا اس سے بھی بدتر ہو، ان پر عقیدت و احترام کو لازم قرار دینا کوئی فرض نہیں۔
حضرت عمرؓ کی طرف علماء ومفتیان نے یہ منسوب کیا ہے کہ پہلے کوئی بیوی سے تین مرتبہ طلاق طلاق طلاق کہتاتو اگر اس کی نیت ایک طلاق کی ہوتی تو اس کی بات قبول کرلی جاتی اور اس کو بیوی سے رجوع کی اجازت مل جاتی مگر پھر حضرت عمرؓ کے دور میں لوگ خائن ہوگئے، تین طلاق کی نیت ہوتی تب بھی کہتے کہ ایک طلاق کی نیت تھی، اسلئے حضرت عمرؓ نے اپنے دور کے دوسال بعد حکم جاری کردیا کہ ’’جو ایک مجلس میں طلاق طلاق طلاق کہے گا، اس کو رجوع کی اجازت نہ ہوگی‘‘۔ اگر واقعی یہی معاملہ تھا ۔اس پر صحابہ کرامؓ، چاروں امام بالخصوص حضرت امام ابوحنیفہؒ اور تمام دیوبندی بریلوی اکابر کا اجماع ہوچکا ہے تو بسم اللہ مجھے بھی کسی اختلافِ رائے اور تنازعہ کھڑا کرنے کا شوق نہیں ہے اور نہ ایسی حیثیت کہ لوگ میری مان لیں۔
لیکن اگر اس سے دیوبندی مکتبۂ فکر کی مشہور کتاب مولانا اشرف علی تھانویؒ کی ’’بہشتی زیور‘‘ اور بریلوی مکتبۂ فکر کی مشہور کتاب’’بہار شریعت‘‘ کو اتفاق نہ ہو تو پھر مجھے حضرت عمرؓ اور اسلاف کو بدظنی سے بچانے میں کردار ادا کرنا چاہیے یا نہیں ؟۔ یہ مسئلہ ان دونوں مشہور کتابوں میں ہے کہ ’’ اگر شوہر نے طلاق طلاق طلاق کہہ دیا تو بیوی کو تین طلاقیں ہوجائیں گی لیکن اگر نیت ایک طلاق کی ہوگی تو پھر ایک طلاق واقع ہوگی، شوہر کو رجوع کا حق ہے مگر بیوی پھر بھی سمجھے کہ تین طلاق ہوچکی ہیں‘‘۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جس بات پر حضرت عمرؓ نے فیصلہ کردیا، اجماع کا تصور بھی قائم ہوگیا، پھر اللہ کے ولیوں کو انحراف کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟، کیا چاروں امامؒ اور سلف صالحینؒ یہ تصور بھی کرسکتے تھے کہ شوہر کو طلاق سے رجوع و نکاح کے برقرار رکھنے کا فتویٰ دیا جائے اور بیوی کو تین طلاق کا فتویٰ دیا جائے؟۔
اس قدر حماقت و بیوقوفی تو گاؤں دیہاتوں میں رہنے والے ان پڑھ چرواہے بھی نہ کریں گے۔ 1000سال پہلے ابوالعلاء معریٰ ایک عربی عالم گزرے ہیں کہتے ہیں کہ’’ لوگوں کی دوقسمیں ہیں ایک وہ جن کے پاس عقل ہے مگر انکا کوئی دین نہیں،دوسرے وہ جنکا دین ہے مگر انکے پاس کوئی عقل نہیں‘‘۔ جب اسلامی علوم پر زوال اور انحطاط کا دور آیا تو مولانا ابوالکلام آزادؒ کے بقول ’’ اس دور کی تعلیمات کو نصاب کا حصہ بنایا گیا، جو عقلمند لوگوں کو بھی کوڑھ دماغ بنانے کیلئے کافی ہے‘‘۔
اللہ تعالیٰ نے دینِ اسلام میں طلاق کے ہر پہلو کو قرآن میں واضح کردیااور پھر نبی کریم ﷺ نے اپنی احادیث سے اس کی وضاحت بھی فرمادی جسکے بعد عقل کیلئے کوئی بھٹکنے کی گنجائش نہ تھی مگر نہ جانے کہاں کہاں غیرفطری طور سے کم عقلی اور بیوقوفی کے گھوڑے نہیں ڈھینچو ڈھینچوکی انتہائی خراب آوازیں نکال کرگدھے دوڑائے گئے۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ’’ جتے دی کھوتی اتے ان کھلوتی‘‘ جہاں کی گدھی تھی اس جگہ آکر کھڑی ہوگئی۔ امت مسلمہ کو جن جہالت کے اندھیروں سے اسلام نے نکالا تھا، قریب کے دور میں اسلام کو پھر اجنبی بنادیا گیا اور امت اسی اندھیر نگری کا شکار ہوئی۔
حضرت عمرؓ نے ایک ایسے دور میں جب خواتین پر غلامی کی زنجیریں دوبارہ کسنا شروع کردی گئیں، قرآن و سنت کی روح کے عین مطابق عورت کے حق میں فیصلہ کر دیا تھا۔ مشہور مقولہ ہے کہ میاں بیوی راضی تو کیا کریگا قاضی۔ میاں بیوی میں جھگڑا ہو تو قرآن و سنت میں اس کا حل موجود ہے۔ شوہر نے کہہ دیا کہ تجھے تین طلاق یایہ کہ تجھے طلاق طلاق طلاق، پھر بیوی ساتھ میں رہنے کیلئے راضی نہیں تو شریعت میں کیا تصور ہے اور عقل وفطرت کا کیا تقاضہ ہے کہ کیا فیصلہ ہونا چاہیے؟۔ حضرت عمرؓ کا فیصلہ 100،200نہیں بلکہ 300فیصد درست تھا، اسلئے کہ محض طلاق دینے کے بعد بھی عورت راضی نہ ہو تو شوہر کو قرآن نے رجوع کا کوئی حق نہیں دیا ہے۔
وبعولتھن احق بردھن فی ذلک ان ارادوا اصلاحا ’’اورانکے شوہروں ہی کو اس عدت میں لوٹانے کا حق ہے بشرط یہ کہ صلح کا پروگرام ہو‘‘۔یہ بڑا المیہ ہے کہ عدت میں صلح کی شرط پر شوہر کو رجوع کا حقدار قرار دیاگیا لیکن علماء و مفتیان اور فقہاء و محدثین نے صلح کی شرط بھوسہ سمجھ کر کھالی،صلح کے بغیر بھی رجوع کا حق دیا۔ حضرت عمرؓ کی عظمت کو دنیا سلام کرتی ہے، شیعہ بھی انشاء اللہ ضرورکریں گے۔حضرت عمرؓ کا یہ اقدام قرآن کی روح کے مطابق عورت کے حق کا تحفظ تھا۔
حضرت علیؓ اور حضرت ابن عباسؓ کا اس بات سے اتفاق نہ تھا کہ ایک ساتھ تین طلاق کے بعد صلح پر بھی پابندی لگائی جائے، مگر عورت راضی نہ ہوتی تھی تو انہوں نے بھی یہی فیصلہ اور فتویٰ دیا کہ ’’شوہر ایک ساتھ تین طلاق دینے کے بعد عورت کو نہیں لوٹا سکتا، اسلئے کہ حکومت عورت کیساتھ کھڑی تھی‘‘۔ یہ کسی مجبوری کا فتویٰ نہیں تھا بلکہ قرآن وسنت کی روح کے مطابق تھا، اسلئے کہ عدت میں صلح نہ ہوسکے تو عورت پھر دوسری جگہ شادی کرسکتی ہے، ائمہ مجتہدینؒ اور امام ابوحنیفہؒ نے بھی اسی وجہ سے طلاق واقع ہونے کا فتویٰ دیا مگر یہ تو وہم وگمان میں بھی نہ ہوگا کہ میاں بیوی کے راضی ہونے کے باجود بھی عدت میں رجوع کی اجازت نہ ہو گی اور حلالہ پر مجبور کیاجائیگا۔
لوگوں کی راۓ