ترجمان اسلام میں سیٹھو سے رقم لیکر حلالہ کرنیوالے مولویوں کے نام شائع ہوئے. قاری گل رحمان
اگست 9, 2017
کراچی (عبد الکریم ، محمد منیر) قاری گل رحمان ، سابق ایم این اے متحدہ مجلس عمل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آپ کا رسالہ ’’تین طلاق سے رجوع کا خوشگوار حل‘‘ اور اخبار نوشتۂ دیوار پڑھ کر دل صاف ہوتا ہے اور دماغ خوشگوار ہوتا ہے۔ میں کوئی عالم تو نہیں ہوں مگر علماء کی خدمت میں رہا ہوں۔ علماء بڑے لوگوں کیلئے اسپیڈ بریکر ہیں جسے چاہتے ہیں ٹھوکر مار دیتے ہیں۔ علامہ غلام غوث ہزاروی صاحبؒ فرمایا کرتے تھے اور کراچی کے بڑے بڑے مولویوں کے نام بتایا کرتے تھے کہ وہ بڑے سیٹھوں سے رقم وصول کرکے ان کی بیویوں سے خود حلالہ کرتے تھے۔
اور دو دو تین تین دن اپنے پاس رکھ کر اچھی خاصی رقم بٹورتے تھے۔ ہفت روزہ ’’ترجمان اسلام‘‘ کے پرانے رسالوں میں ان مولوی حضرات کے نام بھی انہوں نے شائع کئے ہیں جو کہ جمعیت علماء اسلام کا رسالہ ہے۔ حلالے کی رقم وصول کرنا مولویوں کا ایک زبرست ٹوٹکا ہے۔ شاہ صاحب اور آپ لوگ میدان میں آئے ہیں جس سے دل بہت خوش ہوتا ہے۔ آج کل کے مولوی مہینے کے مہینے تنخواہ لیتے ہیں ان کو پڑھنے پڑھانے سے کوئی غرض نہیں اور جو مولوی پڑھاتے ہیں وہ کسی حد تک علم سیکھنے سمجھنے کے قابل ہوتے ہیں۔ حلالہ پیسے والے لوگ اور پیسے والے مولویوں کا کھیل ہے۔ درمیانہ اور غریب طبقے کا آدمی حلالہ کرانے پر کبھی راضی نہیں ہوتا۔ آپ کے اخبار جو کہ ماہوار ہیں اسے ہفت روزہ ہونا چاہیے۔ جس میں زیادہ لمبی چوڑی تفصیلات لکھنے سے گریز کرتے ہوئے مختصر اور جامع طریقے سے بات سمجھانے کی کوشش ہو تو بہتر ہوگا۔ میں نے آپ کے اخبار اور رسالے کے ذریعے سے کافی گھروں کو طلاق کی صورت میں جدا ہونے سے بچایا ہے۔
لوگوں کی راۓ