پوسٹ تلاش کریں

معاشرے میں گرد آلودہ مذہبی فضائیں!

معاشرے میں گرد آلودہ مذہبی فضائیں!

ہمارا معاشرتی، ریاستی ، حکومتی، سیاسی ، عدالتی ، انتظامی اور معروضی نظام زندگی ایسا ہے کہ اسلام کی بات مشکل سے سمجھ میں آسکتی ہے لیکن مغرب اور یورپ کو اسلام کی بات زیادہ اچھی طرح سے سمجھ میں آسکتی ہے۔ چونکہ مغرب اور یورپ ہمارے وحشیانہ نظام کی وجہ سے اسلام سے متنفر ہیں اسلئے مسلمانوں کو ہی اسلامی نظام کے حقائق پہلے سمجھانے پڑیںگے۔ جس دن مسلمانوںکی سمجھ میں اسلام آیا تو اس پر عمل کرنا بھی بالکل مشکل نہیں ہوگا۔ اسلام کو قرآن وسنت سے نکال کر فقہ و روایات کی کتابوں میں تقسیم در تقسیم فرقہ واریت کا شکار بنایا گیاہے۔ حنفی، مالکی، شافعی، حنبلی اور جعفری کے علاوہ بھی کئی مسالک اور فرقے ہیں۔ مسلک حنفی کا میدان روایات نہیں قرآن کریم اور سنت نبوی ۖ تھا۔ قرآن میںہے کہ ” گدھے، گھوڑے اور خچر سواری اور زینت کیلئے ہیں”۔ نبی کریم ۖ کے ماحول میں گدھے اور گھوڑے کھانے کیلئے نہیں بلکہ سواری کیلئے ہوتے تھے۔ نمازمیں رفع یدین بھی روایات نہیں ماحول امام ابوحنیفہ کے مسلک کی دلیل تھا۔ برصغیر پاک وہند میں قرآن وسنت کا ماحول ہے۔گھوڑے ، گدھے کو کھایا نہیں جاتا ۔ سواری ، مال برداری اور زینت کیلئے رکھا جاتا ہے۔ انکے گوشت کو کھانے کیلئے حرام وحلال کی بحث کرنا قرآن وسنت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ جب نبیۖ کے پاس گوہ نما جانور کا گوشت پیش کیا گیا تو نبیۖ نے فرمایا کہ” ہم یہ نہیں کھاتے مگر حلال یا حرام نہیں قرار دیتے”۔ فرقہ واریت اور مسلکانہ چپقلش نے نکاح،طلاق ، رجوع اور خلع میں انواع واقسام کے خود ساختہ حلال وحرام کے مسائل سے انبار لگادئیے ہیں کہ آسمان کے فرشتے بھی الحفیظ والامان کی صدا لگاتے ہیں۔
نکاح شرعی عقد ہے جسکے بعد معاہدے کو بچانے کیلئے اللہ نے فرائض و حقوق ٹھہرائے ہیں۔ طلاق کے بعدعدت میں باہمی صلح ومعروف رجوع،عدت کی تکمیل پر باہمی صلح ومعروف رجوع اور عدت مکمل ہونے کے عرصہ بعد اللہ نے رجوع کاحق واضح آیات میں بیان کیا ہے۔ جو تعلیم یافتہ ، جاہل سب کو یکساں سمجھ میں آسکتی ہیں۔ مرد کو اللہ نے طلاق اور عورت کو خلع کا حق دیاہے۔ پڑھے لکھے ڈنگروں، دانشور خچروں اور مولوی گدھوں کویہ پتہ نہیں کہ اللہ نے کونسی آیت میں عورت کو خلع کا حق دیا ہے؟۔ مذہبی طبقہ یہ بات سمجھنے کی کوشش نہیںکرتا کہ سورۂ النساء آیت19میں خلع کا حق ہے اورسورۂ النساء آیت20اور21میں طلاق کا حق ہے۔ خلع و طلاق میں عورت کو مالی تحفظ ہے ۔آیت229البقرہ میں خلع مراد نہیں ہوسکتا ہے۔ دو مرتبہ طلاق کے بعد تیسری طلاق فامساک بمعروف اوتسریح باحسان ( معروف طریقے سے رکھ لو یا احسان کیساتھ چھوڑدو) احسان کیساتھ چھوڑ دینا ہی تیسری مرتبہ طلاق ہے۔عربی قاعدہ اور حنفی مسلک میں ”ف” کے حرف کی وجہ سے دومرتبہ طلاق کا تعلق اس متصل طلاق سے ہے۔ نبیۖ سے صحابہ نے پوچھا کہ قرآن میں تیسری طلاق کہاں ہے؟۔ نبی ۖ نے فرمایا کہ تسریح باحسان آیت229تیسری طلاق ہے۔
آیت229البقرہ میں تین مرتبہ طلاق کے بعد اللہ تعالیٰ نے یہ واضح کیا ہے کہ ” ان طلاق شدہ عورتوں کو جو کچھ بھی دیاہے ،ان سے کچھ بھی واپس مت لو مگر یہ کہ دونوں کوخوف ہو کہ اس چیز کو واپس کئے بغیر دونوں اللہ کی حدود کو قائم نہیں رکھ سکیںگے۔ پھر (اے فیصلہ کرنے والو!) اگر تمہیں خوف ہو کہ دونوں اللہ کی حدود پر قائم نہ رہ سکیںگے تو عورت کی طرف سے وہ چیز فدیہ کرنے میں دونوں پر کوئی حرج نہیں ہے۔ یہ اللہ کی حدود ہیں ان سے تجاوزمت کرو۔ جو اللہ کی حدود سے تجاوز کرے تو وہ لوگ ظالم ہیں”۔(آیت229البقرہ )
قرآن وحدیث میں تین مرتبہ طلاق اور اس تیسری مرتبہ کے بعدحلالے کا کوئی تصور نہیں ۔ سورہ ٔالطلاق میں بھی تین مرتبہ مرحلہ وار طلاقوں کے بعد دوسری آیت میں پھر عدت کی تکمیل کے بعد معروف طریقے سے رجوع کی اجازت ہے۔ قرآن میں بار بار صلح واصلاح ، معروف اور باہمی رضامندی کی بنیاد پر طلاق کے بعد رجوع کی اجازت ہے ۔حضرت عمراور حضرت علی میں طلاق اور حلالہ کے مسئلے پر کوئی اختلاف نہیں تھا۔ جب عورت رجوع کیلئے راضی ہوتی تھی تو رجوع کرنا حلال ہوتا تھا اور جب عورت رجوع کیلئے راضی نہیں ہوتی تھی تو رجوع کرنا حلال نہیں ہوتا تھا۔ جس دن حلالہ کی بے غیرتی اور عورت کے حقوق سلب کرنے کا معاملہ ٹھیک ہوگیا توپشتونوں، پاکستانیوں ،افغانیوں اور دنیا بھر میں اسلامی انقلاب کے آغاز میں بالکل دیر نہیں لگے گی۔
جاویداحمد غامدی اور مولانا مودودی نے بھی اس آیت سے خلع مراد لیا ہے لیکن اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں طلاق کے بعد عورت کو مالی تحفظ دیا ہے کہ اسے شوہر نے جو کچھ بھی دیا ہے اس میں سے کچھ بھی واپس لینا تمہارے لئے حلال نہیں۔البتہ دوشرائط کیساتھ بالکل محدود چیز واپس لینا حلال قرار دیا۔ پہلی شرط یہ ہے کہ دونوں کو یہ خوف ہو کہ اگر وہ چیز واپس نہیں کی گئی تو دونوں اللہ کے حدود پر قائم نہ رہ سکیں۔ یعنی طلاق کے بعد وہ رابطے کا ذریعہ بنے اور دونوں کے ناجائز جنسی تعلقات کا خطرہ ہو۔ دوسری شرط یہ ہے کہ فیصلہ کرنے والے بھی یہ خطرہ محسوس کرتے ہوں کہ ان دونوں کا اس کی وجہ سے رابطہ ہوگا اور وہ ناجائزجنسی تعلق میں پڑیں گے۔ایسی صورت میں شوہر کی طرف سے وہ دی ہوئی چیز فیصلہ کن طلاق کے بعد بھی واپس کرنا حلال ہوگا۔

نوٹ: اس آرٹیکل کو مکمل پڑھنے کیلئے متصل عنوانات والے آرٹیکل
” مرد وں کاعورتوں پر درجے کا مطلب؟” اور
”عورت کے حقوق کا بہترین قرآنی چارٹر” ضرور پڑھیں۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv

مرد وں کاعورتوں پر درجے کا مطلب؟

مرد وں کاعورتوں پر درجے کا مطلب؟

بنیادی بات یہ ہے کہ قانون کا مقصد کمزور کو تحفظ دینا ہوتا ہے۔ طاقتور اپنا حق کمزور سے زبردستی حاصل کرسکتا ہے۔ انسانی تہذیب وتمدن کی ترقی وعروج میں کمزوروں کو پورا انصاف ملے گا۔ نوازشریف اور عمران خان دونوں کا تعلق پنجابی اسٹیبلیشمنٹ سے ہے۔ نواز شریف اشتہاری مفرور مجرم ہونے کے باوجود لندن میں ڈپلومیٹک پاسپورٹ حاصل کرچکا ہے اور عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے لیکن اپنی مرضی کیFIRدرج نہ ہونے کی شکایت کررہاہے۔ اس کو پختون، بلوچ ،سندھی اور مہاجر پنجاب کا پنجۂ استبداد سمجھ رہے ہیں۔
اسلام میں طاقتور نہیں کمزور کو تحفظ ملتاہے ۔ ملت ابراہیمی کو یہ بتایا ہے کہ جب نمرود نے حضرت ابراہیم کو آگ میں پھینک دیا تو اللہ نے آگ سے کہا : یا نار کونی بردًا وسلامًا علی ابراہیم ” اے آگ ہوجاؤ ٹھندی اور سلامتی والی ابراہیم پر”۔ وزیرستان کی نامورشخصیت ڈاکٹر سیدعالم محسود نے پشتومیں تفصیل سے بات کی کہ ”پاکستان سودی گردی قرضوں میں پھنسا ہوا ہے اور اس سے نکلنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اسلام اور پختونوں کو بیچ کر دوبارہ امریکہ کی جنگ مسلط ہو۔ افغانستان میں اصل اقتدار پنجابی طالبان، لشکر طیبہ، لشکر جھنگوی، سپاہ صحابہ اور آئی ایس آئی کی پیداوار کا ہے۔ ایک منصوبے کے تحتTTPکو اسلحہ سمیت پختونخواہ میں لایا گیا۔ ان کیساتھ جنرل فیض نے وعدہ کیا کہ اسلحہ تمہارے پاس ہوگااور قبائلی علاقہ تمہارے سپرد ہوگا۔ سوات سے چمن تک پشتون قوم کو متحد ہوکر ایک بات کرنی ہوگی کہ ہمیں امن چاہیے۔ باقی یہ ایک دوسرے کو ماریںتو یہ جانے اور ان کا کام جانے۔ اور امریکہ ، پنجاب کی اسٹیبلیشمنٹ اور انکے پروردہ ہمیں آگ میں پھر دھکیل رہے ہیں”۔پاکستان میں مدارس اور مساجد میں90فیصد پختون اور10فیصد دوسری قوم کے ہیں۔
سلیم صافی سے مولانا فضل الرحمن نے کہا :”میں بندوق اٹھانے کے حق میں نہیںلیکن جب سن1973سے جمہوری بنیاد پر اسلام کا راستہ روکا جائے گا تو لوگ بندوق اٹھانے پر مجبور اور حق بجانب ہوں گے”۔
سب سے زیادہ اسلام کے علمبردار پختون اور سب سے زیادہ محکوم اور مظلوم بھی پختون خواتین ہیں۔ بلاشبہ اللہ نے قرآن میں فرمایا : الرجال قواموں علی النساء ”مردوں کو عورتوں پر محافظ بنایا گیا ہے”۔ پاکستان کی محافظ پاک فوج ہے۔ اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ قوم کے محافظ کا مطلب یہ ہے کہ سیاست، عدالت، معاشرت، معیشت، عبادت اور ہر چیز میں اس کو قانون سے بھی بالادستی حاصل ہے یا پھر اس کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں؟۔ اسلام نے طاقتور کے فرائض زیادہ رکھے ہیں لیکن حقوق میں برابری رکھی ہے بلکہ طاقتور کے مقابلے میں کمزور کو زیادہ حقوق دئیے ہیں۔ پاکستان میں پروفیسر احمد رفیق اختر اسٹیبلیشمنٹ کے بھی استاد اور پیر ہیں۔ وہ فرماتے ہیں کہ دنیا میں خواتین ورکر کی تعداد بہت ہی کم ہے، جب تک وہ گھریلو ذمہ داریوں کو ادا کرے گی اور مرد حضرات کمائی کا فرض ادا کریںگے تو ان کی یہی محکوم حیثیت رہے گی اور جب عورتوں کی اس حوالے سے تعداد بڑھ جائے گی تو پھر برابری حاصل ہوگی ۔ اس کا مطلب یہی ہوا کہ ہندوستان سے پاکستان نے جس بنیاد پر علیحدگی اختیار کی تھی کہ اکثریت میں حقوق نہیں مل سکیںگے تو60فیصد پنجاب کے مقابلے میں باقی تین صوبوں کو بھی اقلیت میں کبھی حقوق نہیں ملیںگے۔ پھر تو قوم پرستی اور جہادیوں کیلئے اس ظلم واستبداد کے خلاف کھڑے ہوئے بغیر کوئی چارہ بھی نہیں بنتا ہے؟۔
جب تک اسلام کی درست تصویر نہیں پیش کی جائے گی تو پاکستان کو جنگ وفساد، ناانصافی اور ظلم وجبر کے نظام سے نکالنا کسی پروفیسر، پیرطریقت، مولوی، سیاستدان، حکمران اور دانشور کے بس کی بات نہیں ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ اسلام طاقتور کو نہیں کمزور کو تحفظ دیتا ہے اور ظالم کی نہیں مظلوم کی حمایت کرتا ہے۔ عورت دورِ جاہلیت میں بھی کمزور اور مظلوم تھی اور آج بھی کمزور اور مظلوم ہے۔ ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی بدنصیبی یہ ہے کہ بات سنتا نہیں ہے، سنی جائے تو سمجھنے کی کوشش نہیں ہوتی اور سمجھ لی جائے تو اس پر عمل کی ہمت نہیں ہوتی ہے۔ نبیۖ نے جو انقلاب برپا کیا تھا ،اس کیلئے صحابہ کرام کی ایسی جماعت پیدا کرلی کہ وہ سنتے بھی تھے، سمجھتے بھی تھے اور عمل بھی کرتے تھے۔ قرآن کی آیات تلاوت ہوتی تھیں تو ان کو ترجمہ کرنے کی بھی ضرورت نہیں تھی وہ کھلی ہوئی اپنی مادری عربی زبان کوخوب سمجھتے تھے۔ نبی کریم ۖ ان کا تزکیہ فرماتے تھے۔ ان کو کتاب کے احکام کی تعلیم دیتے تھے اور انہیں سیاست کی حکمتِ عملی بھی سکھاتے تھے۔ سورۂ جمعہ میں ایسے لوگوں کا ذکر ہے کہ جو اس عمل کے ذریعے سے پہلوں سے مل جائیںگے۔سورۂ واقعہ اور سورۂ محمد میں بھی ان کا ذکر ہے کہ صحابہ کرام کے مقابلے میں وہ بہت قلیل ہوں گے اور عرب کے بجائے وہ بالکل عجم ہوں گے۔
پختون عالم نے کہا کہ ”پٹھانوں میں خارش ہے، پنجابی آرام سے بیٹھے ہیں اُدھر دھماکے نہیں ہوتے”۔ مفتی نور ولی محسود نے کہا کہ ”جن علماء اور دانشوروں کا مؤقف تھا کہ جہاد ٹھیک تھا دلائل سے سمجھائیں کہ کس طرح بندوق رکھیں؟”۔
1: اسلام کے معاشرتی حقوق اور نظام کو پہلے نافذ کرنا ہوگا۔
2: خود محفوظ جگہ پر بیٹھ کر مخلص لوگوں کو مروانا اسلام نہیں۔
3: امریکہ وپاکستان اور افغانستان میں تمہاری وجہ سے ہی جنگ ہوگی۔

نوٹ: اس آرٹیکل کو مکمل پڑھنے کیلئے متصل عنوانات والے آرٹیکل
” معاشرے میں گرد آلودہ مذہبی فضائیں!” اور
”عورت کے حقوق کا بہترین قرآنی چارٹر” ضرور پڑھیں۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv

ا بن مبارک کے درس میں40ہزار طلبہ شریک ہوتے مگرفقہ حنفی میں انکے نام کاذکر نہیں؟

ا بن مبارک کے درس میں40ہزار طلبہ شریک ہوتے مگرفقہ حنفی میں انکے نام کاذکر نہیں؟

شاگردامام ابوحنیفہ، فقیہ العصر ،محدث اعظم، صوفی باصفا، مجاہدکبیرحضرت عبداللہ بن مبارک
علماء حق کی اصل ذمہ داری صرف اسلام کا تحفظ ہے

آج عوامی سطح پر علماء و مفتیان مجبور ہیں کہ عبد اللہ ابن مبارک کے مطابق قرآن کی حفاظت کا عقیدہ لوگوں کو بتائیں۔ درباری علماء نے درسِ نظامی میں جو عقیدہ شامل کیا وہ چھپایا جارہا ہے۔

مولانا عبیداللہ سندھی نے قرآن اوراصل مسلک حنفی کا معاملہ اُٹھایا تو انگریز نے دارالعلوم دیوبند سے نکلوادیا ، مولانا انورشاہ کشمیری نے بعد میں معافی مانگی مگر نصاب درست نہیں ہوسکا

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ماشاء اللہ قرآن کے تحفظ کی بات کی ہے تو مدارس کے نصاب میں قرآن کے علاوہ آیات اور بسم اللہ میں شبہ کی تعلیم کا نوٹس لیکر تحریف قرآن کا سلسلہ ختم کیا جائے

عام مسلمان امام ابوحنیفہاور عبداللہ بن مبارک کے عقیدے پر ہیں۔ منبر و محراب پر علماء یہ تعلیم دیتے ہیں کہ قرآن کی حفاظت کا ذمہ اللہ نے خود لیا اور اس میں تحریف ، شک وشبہ کا عقیدہ کفر ہے ۔1980کی دہائی میںمولانا محمد منظور نعمانی اور مفتی اعظم پاکستان مفتی ولی حسن ٹونکی نے شیعہ پر کافر کا فتویٰ لگایا تھا۔ جس کی تائید پاکستان، بنگلہ دیش اور ہندوستان کے مدارس اور علماء ومفتیان نے کی مگر مفتی محمد تقی عثمانی اور دارالعلوم کراچی نے تائید اسلئے نہ کی کہ وہ جانتے تھے کہ”گدھوں کو پتہ نہیں کہ شیعہ کتب میں تحریف قرآن ہے تو سنی میں بھی ہے”۔ پھر مولانا سلیم اللہ خان ، جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی اور دیگر علماء نے شیعوں پر کفر کے فتوے سے رجوع کرلیا۔کیا درسِ نظامی میں تحریف قرآن کا عقیدہ ہے ؟۔ عبداللہ بن مبارک ، مجدد الف ثانی اور شاہ ولی اللہ وہ حنفی علماء تھے جنہوں نے عوام کا عقیدہ ٹھیک کیا۔ درباری علماء کا عقیدہ کتے کی دُم ہے جو ٹھیک ہونے کیلئے تیار نہیں۔مفتی تقی عثمانی پہلے درباری تھا ۔ اب جامعة الرشید کا مفتی عبدالرحیم نمبر لے گیا ۔ مفتی محمود اور جمعیت علماء اسلام پر کفر کا فتویٰ لگایا۔ حاجی محمد عثمان کے خلاف سازش کی۔ پہلے شادی بیاہ کی رسم میں لفافے کی لین دین کو سود اور اسکے کم ازکم گناہ کو اپنی سگی ماں سے زنا کے برابر قرار دیا پھر عالمی سودی بینکاری کو بھی اسلامی قرار دیا۔ ریاست کی پشت پناہی سے سودی نظام مدارس کے نصاب کا حصہ بن جائیگا۔ علمائِ حق نے مخالفت کی تھی لیکن ان کی اولاد یہ نصاب پڑھائیں گے۔تاریخ میں ہمیشہ یہ دھندہ چلتا رہا اور نصاب گندا رہا۔ جب کور کمانڈروں ، لیفٹینٹ جنرلوں اور برگیڈئیروں کی تعداد کم ہوتی تھی تو جنرل ضیاء الدین خواجہ ، کورکمانڈر جنرل نصیر اختر ،8برگڈئیرحاجی عثمان سے بیعت تھے۔ مفتی تقی و مفتی رفیع عثمانی کے استاذ مولانا عبدالحق، استاذ جامعہ بنوری ٹاؤن مولانا فضل محمداور بڑی تعداد میں مدارس کے فضلائ،مدرسین اورمساجد کے ائمہ بیعت تھے۔ مدینہ منورہ کے عرب سرکاری آفیسر اورشام کے عربی بھی بیعت تھے۔ شیخ الحدیث مولانا انیس الرحمن درخواستی شہید وغیرہ تو فتوے کے بعد بیعت ہوئے تھے۔
الائنس موٹرز کا پیسہ لگانے والوں سے یہ معاہدہ تھا کہ ”رقم واپس لینے کیلئے ایک ماہ پہلے اطلاع دینی ہوگی اور اس اطلاعی مدت کا منافع نہیں ملے گا”۔ پھر مفتی عبدالرحیم نے الائنس موٹرز کے کہنے پر پہلے اس اطلاعی مدت کو 3ماہ تک اور پھر بعد میں6ماہ تک بڑھانے کا شرعی فتویٰ لکھ دیا۔ مفتی رشیداحمد لدھیانوی کی اجازت سے اس کی طرف سے الجواب صحیح کے دستخط بھی خود کردئیے تھے۔
کیا فریقین کا معاہدہ یکطرفہ فتویٰ سے بڑھایا جاسکتا ہے؟۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پہلے سودی کٹوتی کو زکوٰة قرار دیا اور پھر عالمی سودی بینکاری کو اسلامی قرار دیا۔ علامہ زاہدالراشدی نے کہا کہ ” مدارس کے علماء کے پاس جدید تعلیم یافتہ طبقے کو سمجھانے کا اسلوب نہیں۔ سود کے حوالہ سے قرآنی آیات، احادیث اور فقہ کی کتابوں کا حوالہ دیںگے تو بات سمجھ میں نہیں آئے گی۔ قرآنی آیت میں نفع کے مقابلے میں زیادہ نقصان کا ذکر ہے۔ جدید طبقے نے سودی نظام کے نقصانات کا ذکر کیا ہے تو وہ بتانا شروع کردیں۔ سود کی شرح کو کم ازرکھیں۔کتنا کم رکھیں؟۔ اس کا جواب یہ ہے کہ زیرو فیصد رکھیں”۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ”حرمت سود کانفرنس” کراچی میں شرکت کی تو اس نے بتایا کہ جب اسلامی بینک میں شرح سود عام بینکوں سے بھی 2فیصد زیادہ ہے تو کون ان بینکوں میں آئے گا؟۔ آپ اس کو کامیاب کرنا چاہتے ہیں یا ناکام؟”۔ وفاق المدارس کے سابق صدور مولانا سلیم اللہ خان اور ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر سمیت ملک بھر کے علماء ومفتیان نے سودی بینکاری کیخلاف فتوے دئیے تھے لیکن حرمت سود کانفرس کے نام پر ”حلت سود کانفرنس” میں بڑے مدارس کے نمائندوں اور صاحبزادوں کی شرکت نے بھی مفتی محمدتقی عثمانی اورمولانا فضل الرحمن کا حوصلہ نہیں بڑھایا اسلئے کہ ہمارا دنبے کے کپوروں کی تصویر کیساتھ ”کٹاکٹ بنے گا یا دودھ نکلے گا” کا اخبار پہلے شائع ہوچکا تھا اورسود کانفرنس کے ہال میں بھی پہنچ چکا تھا۔
جامعة الرشید اور پنچ پیر والوں کا الگ وفاق بن چکاہے۔ آنے والے وقت میں سارے مدارس کو اسی طرزمیں بدل دیا جائیگا۔ امریکہ واسرائیل نے پہلے جو جہادی تنظیمیں بنائی تھیں جن کے ذریعے روس کے خلاف جہاد ہوا لیکن کشمیر اور فلسطین کیلئے کچھ نہیں ہوا۔ ضرب مؤمن کراچی نے اس کو سپورٹ کیا اور اب یہ شکل تبدیل ہوچکی ہے اور امریکہ نے جامعة الرشید کی شکل میں اسلامی اقتصادی نظام کوتبدیل کرنا شروع کردیا ہے اور مدارس بھی بدلیںگے۔ مدارس کو تجارت اورمذہبی سیاسی جماعتوں کو دین کے تحفظ سے نہیں بلکہ سیاسی قوت حاصل کرنے سے غرض ہے۔ مولانا عبیداللہ سندھی نے المقام المحمود میں سورة القدر کی تفسیر میں پاکستان اور افغانستان کو قرآن اوراصل مسلک حنفی کی طرف رجوع کی بنیاد قرار دیا ہے اور یہ عبداللہ بن مبارک سے کڑی ملانے کی کوشش تھی۔

__حضرت عبداللہ بن مبارک حنفی __
افغان طالبان دیوبندی ہیں۔ خیبر پختونخواہ، بلوچستان ، پنجاب اور سندھ میں دیوبندی اکابرین کی سند میں شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ، مجدد الف ثانی، عبداللہ بن مبارک، امام ابوحنیفہ ، عبداللہ بن مسعوداور حضرت عمر شامل ہیں۔
عبداللہ بن مبارک کا والد غلام اورباغ کا چوکیدار تھا۔مالک نے اس سے ترش انار مانگا تو میٹھا نکلا۔ مالک نے ناراضگی کا اظہار کیا تو مبارک نے کہا کہ میں چکھتا تو پتہ چلتا کہ کونسا انار ترش ہے۔ مالک نے کہا کہ نہیں چکھا؟۔ مبارک نے کہا کہ ” چوکیداری کیلئے رکھاتھا، ،انار چکھنے کیلئے تو نہیں ”۔ مبارک کا مالک اتنا متأثر ہوا کہ اپنی بیٹی سے شادی کرادی اور خوب مال ودولت سے بھی نواز دیا۔
مبارک ہندو سے مسلمان بنا تھا۔ خراسان ترکمانستان کے شہر مرو سے تعلق تھا۔ بیٹا عبداللہ کنیز کے عشق میں مبتلاء ہوا ۔ ایک رات انتظار کے بعد خیال آیا کہ اللہ کیلئے رات گزارتا تو اچھا ہوتا۔ خواب میں دیکھا کہ چڑیا آیت پڑھ رہی ہے کہ ” کیا ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ لوگوں کے دل اللہ کی طرف متوجہ ہوں”۔ توبہ کی توفیق مل گئی اور والد نے تجارت کیلئے رقم دی لیکن آپ نے علم حاصل کیا۔ والد نے مزید رقم دی کہ علم حاصل کرے۔ پھر والدہ کی طرف سے بہت سارا مال وارثت میںملا اور ایک اچھے تاجر تھے۔ ابوحنیفہ ، مالک اور معروف ائمہ حدیث کے شاگرد تھے اور چار ہزار افراد سے احادیث کی روایات حاصل کیں مگر صرف ایک ہزار اساتذہ کرام کو اس قابل سمجھا کہ ان سے روایات نقل کی جائیں۔
عبداللہ بن مبارک نے فرمایا کہ ” اگر میں امام ابوحنیفہ سے سیکھنے کی توفیق نہ پاتا تو عام لوگوں جیسا ہوتا”۔ آپ کے درس میں40ہزار افراد شریک ہوتے تھے۔آپ کی بہت تصانیف نایاب ہیں۔ درسِ نظامی میں امام ابوحنیفہ اور آپ کے دوسرے شاگردوں کا مسلک ہے ۔ عبداللہ بن مبارک کا مسلک نہیں جو فقیہ، محدث، صوفی اور مجاہد تھے۔ حالانکہ اسماء الرجال میں عبداللہ بن مبارک کے مقام کو کوئی نہیں پہنچتا ۔ بڑے بڑوں نے لکھا ہے کہ ”آپ اور صحابہ کے اندر ایک فرق تھا کہ آپ نے نبی کریم ۖ کی صحبت نہیں اٹھائی تھی”۔ جب فقہاء اور محدثین اور علماء وصوفیاء میں کسی بھی بات پر اختلاف ہوتا تو عبداللہ بن مبارک پر سب اتفاق سے آپ کو فیصل بناتے۔جب عبداللہ بن مبارک نے نمازمیں رفع الیدین کیا تو امام ابوحنیفہ نے کہا: ”میں سمجھ رہا تھا کہ آپ نماز میں اُڑ نہ جائیں۔ جس کے جواب میں عبداللہ بن مبارک نے کہا کہ ” اگر تکبیر تحریمہ کے وقت آپ رفع الیدین کرتے ہوئے نہیں اُڑے تو رکوع میں جاتے اور اٹھتے وقت میں بھی رفع یدین سے کیسے اُڑ سکتا تھا؟”۔ رفع یدین کی احادیث میں اختلاف ہے۔ اور زیادہ روایات سے یہ بات ثابت نہیں ہوتی کہ یہ معمول کا حصہ بھی تھا اسلئے کہ خلاف معمول چیز زیادہ روایت کی جاتی ہے۔ جیسے کالی پگڑی کی روایات بھی سب سے زیادہ ہیں لیکن اس سے معمولات کے زیادہ ہونے کی دلیل نہیں بنتی۔
بریلوی دیوبندی علماء شاہ ولی اللہ محدث دہلوی، مجدد الف ثانی اور عبداللہ مبارک کواپنی سند سمجھتے ہیں۔ حنفی مسلک کے دو مختلف روپ ہیں۔ ایک میں شیخ الاسلام قاضی القضاة امام ابویوسف سے لیکر شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی اور مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن تک کا ایک درباری سلسلہ ہے اور دوسرا عبداللہ بن مبارک، مجدد الف ثانی ، شاہ ولی اللہ اور اسیرمالٹا شیخ الہند مولانا محمود الحسن اور کالے پانی کی قید کاٹنے والے مولانا فضل الحق خیر آبادی کے توسط سے مفتی محمد حسام اللہ شریفی اور مفتی خالد حسن مجددی تک موجودہ دور کے علماء حق ہیں۔
جامعہ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی کے اساتذہ سے تلمذ اورحاجی محمد عثمان سے طریقت کا شرف ملا۔ امام ابوحنیفہ کے شاگرد نے چیف جسٹس کے عہدے پر تعیناتی اختیار کرکے دربارکا شرف حاصل کیا اور امام ابوحنیفہ جرم کے بغیر جیل میں قید کرکے شہید کردئیے گئے۔ عبداللہ بن مبارک مایہ ناز شاگرد تھے لیکن سکہ رائج الوقت نہ بن سکے ۔ جس طرح امام ابوحنیفہ کے مسلک کو بگاڑنے والے درباری علماء نے ریاست کی مدد سے مدارس پر قبضہ کیا ۔ حاجی محمد عثمان کے خلفاء نے سازش کرکے فتوے سے سولی پر چڑھانے کی کوشش کی اور عبداللہ بن مبارک کی طرح ان کے مشن کو زندہ رکھنے والے عتیق گیلانی کو منظرعام سے غائب کرنے پر مجبور کیا گیااور سازشی ومفاد پرست ٹولہ خانقاہ پر قابض ہوا۔
عبداللہ بن مبارک کے توسل سے علامہ جلال الدین سیوطی نے اپنی کتاب ”تاریخ الخلفائ” میں لکھا کہ ” وقت کے خلیفہ کا دل اپنے باپ کی لونڈی پر آیا تو امام ابویوسف نے جواز فراہم کرنے پر معاوضہ مانگا اور پھر باپ کی لونڈی کو بیٹے کیلئے جائز کردیا”۔ یہی باتیں امام غزالی نے لکھ دیں تو ان کی کتابوں کو مصر کے بازاروں میں جلادیا گیا۔ ٹانک شہر میں علماء دیوبند کے سرخیل جمعیت علماء اسلام کے امیرمولانا فتح خان نے جلسۂ عام میں میرے مشن کی تائید میں فرمایا کہ ”امام غزالی کی کتابوں کو جلانے والے علماء کو آج کوئی نہیں جانتا مگر غزالی کو دنیا جانتی ہے”۔ مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہید نے فرمایاکہ ” جس طرح امام مالک کے خلاف فتوے لگانے والے علماء کو آج کوئی نہیں جانتا ،اسی طرح وہ وقت آئیگا کہ تاریخ حاجی محمد عثمانکے نام سے واقف ہوگی لیکن ان پر فتوے لگانے والے تاریخ میں نہیں ہوںگے”۔ ہمارافرض بنتاہے کہ امام ابوحنیفہ کے درست مسلک کو عبداللہ بن مبارک کی طرح عام کریں۔ لوگوں نے قرآن واحادیث کے ترجمے اور تشریح کی طرح اپنے اپنے مسالک میں بہت زیادہ بگاڑ پیدا کیا اور اس کو درست کرنا ہوگا۔صحیح عقیدہ یہی ہے کہ قرآن محفوظ ہے لیکن درس نظامی میں امام ابوحنیفہ سے متعلق غلط عقیدہ پڑھایا جاتاہے کہ قرآن محفوظ نہیں ہے۔
اصولِ فقہ ہم نے جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی کے استاذالاساتذہ مولانا بدیع الزمان سے پڑھی۔ کتاب میں قرآنی آیت کے مقابلے میں صحیح حدیث کو مسترد کیا گیا ہے کہ” حتی تنکح زوجًا غیرہ (یہاں تک کہ وہ عورت کسی اور شوہر سے نکاح کرے) میں عورت خود مختار ہے اور حدیث ( جس عورت نے اپنے ولی کی اجازت کے بغیر نکاح کیا تو اس کا نکاح باطل ہے، باطل ہے، باطل ہے) خبر واحد ہے اسلئے ناقابل عمل ہے”۔ میں نے مولانا بدیع الزمان سے عرض کیا کہ ” حنفی مسلک میں قرآن وحدیث کی تطبیق کی جائے گی۔ جبکہ یہاں قرآنی آیت میں طلاق شدہ مراد ہے اور حدیث سے کنواری مراد لی جائے”۔ استاذ کو بات بہت اچھی لگی اور میری حوصلہ افزائی فرمائی کہ” اس میں بڑا وزن ہے، جب آئندہ کتابوں کا علم حاصل کرو تو کسی نتیجہ پر پہنچ جاؤگے”۔
اس نکتے پر نہ صرف اصل حنفی مسلک کو سمجھا بلکہ قرآن وسنت کی روشنی میں راہِ حق ایسا دکھائی دیا کہ تمام فرقوں کو مسلکِ حق قبول کرنا پڑے گا۔ دعا زہرہ ایک شیعہ لڑکی کا ایک سنی لڑکے سے مسلک حنفی کے عین مطابق نکاح اور قرآن و احادیث سے مسئلے کا حل بہت بڑا چیلنج ہے۔ کیا یہ نکاح جائز یا حرام کاری ہے؟۔ قرآن وحدیث اور مسلک حنفی کی روشنی میں ہم نے شیعہ ، حنفی، اہلحدیث اور جماعت اسلامی سب کیلئے قابل قبول حل پیش کردیا۔ اس طرح تین طلاق سے حلالہ کے بغیر رجوع کا معاملہ بھی سب کیلئے قابلِ قبول حل پیش کردیا لیکن سفید پوش علماء ومفتیان نے بگلوں کی طرح آنکھیں بند کرکے مینڈکوں سے نہیں عوام کی عزتوں سے کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے جو قرآن کا بالکل مذاق ہے۔
حضرت عمرنے نبیۖ کے سامنے حدیث قرطاس کا منع کیا کہ ہمارے لئے قرآن کافی ہے۔ قرآن کے مقابلے میں خبرواحد کی تو دور کی بات متواتر حدیث کی بھی صرف امام ابوحنیفہ ہی نہیں بلکہ کسی امام کے نزدیک کوئی حیثیت نہیںتھی ۔

__اصل مسلک حنفی کیا تھا کیابنادیا؟__
مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی نے کہاتھا جو ضرب مؤمن و ضربِ حق میں شائع ہوا کہ ” صرف15فیصد امام ابوحنیفہ اور باقی85فیصد انکے شاگردوں کا مسلک فقہ حنفی ہے”۔ مسلک حنفی یہ ہے کہ ” قرآن کے مقابلے میں اگر صحیح حدیث آئے تو قابلِ قبول نہیں ”۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم قاری محمد طیب نے اپنی کتاب ” تقلید کی شرعی حیثیت ” میں لکھا کہ ” مسلک حنفی میں تطبیق ممکن ہو تو ضعیف حدیث کو رد نہیں کیا جائیگا”۔ امام ابوحنیفہ نے فرمایا کہ ” حدیث صحیح ہو تو وہی میرا مذہب ہے”۔ عبداللہ بن مبارک نے چارہزار راویوں میں ایک ہزار کو مستند سمجھا تویہ امام ابوحنیفہ کے مسلک کی تفسیر تھی۔ ا بویوسف نے باپ کی لونڈی کو بادشاہ کیلئے جائز قرار دیا تویہ امام ابوحنیفہ سے انحراف تھا۔مجد د الف ثانی اور اکبربادشاہ کے درباری علماء میں سجدۂ تعظیمی اور دین الٰہی کا اختلاف تھا۔ فتاویٰ عالمگیریہ میں بادشاہ کیلئے قتل، زنا، چوری اور ڈکیتی پر شرعی حد نافذ نہ کرنے کا فتویٰ500درباری علماء نے دیا تھا جن کیخلاف شاہ ولی اللہ نے فک النظام ”نظام کی کایا پلٹ دو” کا نعرہ بلند کیا۔ حالانکہ ان کاوالد شامل تھا۔ جنرل ضیاء الحق کے ریفرینڈم کو اسلام قرار دینے والے مدارس، علماء اور جماعت اسلامی نے درباری کا کردار ادا کیا لیکن مولانا فضل الرحمن اور حاجی محمد عثمان نے علماء حق کا کردار ادا کیا تھا۔ سود ی زکوٰة کیلئے فتویٰ دینے والے مفتی تقی عثمانی اور مفتی رفیع عثمانی نے علماء سو ء اور مولانا مفتی محمود اور مولانا شاہ احمد نورانی نے علماء حق کا کردار ادا کیاتھا۔ مولانا فضل الرحمن بھی علماء حق کا کردار ادا کررہے تھے۔ سودی بینکاری پر مفتی محمد تقی عثمانی نے علماء سوء کا کردار ادا کیا اور مولانا سلیم اللہ خان ، مفتی زرولی خان، ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر ، مولانا عبدالمجید دین پوری شہید اور سارے علماء دیوبند نے علماء حق کا کردار ادا کیا۔ اب ایک طرف کتب خانوں اور مدارس میں سودی بینکاری کیخلاف متفقہ فتوے کا مواد ہے اور دوسری طرف اکابر اوراپنے باپ سے انحراف کرنے والے سود کی بینکاری کو اسلامی قرار دے رہے ہیں۔ شریعت کسی کے باپ کی مولی نہیں کہ جو معاوضہ لیکر اور ماحول کی زد میں آکر اس کو گٹر کے پانی میں اُگادے اور اس کو حلال بھی قرار دیدے۔
کہتے ہیں کہ لوہے کو لوہا کاٹتاہے۔ امام ابوحنیفہ نے بند باندھ دیا کہ ” قرآن کو احادیث سے مسترد نہیں کیا جاسکتا ” تو یہ راستہ نکالا گیا کہ” قرآن کے مقابلے میں جھوٹی آیات خبر احاد یا مشہور ہوں تویہ شریعت ہیں”۔ یہ بہت بڑی گھناؤنی بات تھی۔ امام محمد پہلے سے امیرزادے تھے اسلئے مذہب کو کاروبار نہیں بنایا اور امام شافعی جیسا شاگرد پیدا کیا جس نے قرآن کے مقابلے میں جعلی آیات کو کفر و نفاق قرار دیا۔قرآن پرامام شافعی اورامام ابوحنیفہ کا عقیدہ ایک ہی تھا۔
امام ابوحنیفہ، عبداللہ بن مبارک ،امام شافعی اور علمائِ حق کا عقیدہ مساجد کے منبروں پر سکھایا جاتا ہے کہ ”قرآن محفوظ ہے جس میں کمی بیشی نہیں ۔ ایک حرف اور حرکت کا اس میں ردوبدل ممکن نہیں اور نہ اس کے علاوہ کوئی آیات ہیں”۔ درسِ نظامی میں یہ کفریہ عقیدہ ہے کہ امام ابوحنیفہ کے مسلک میں ”قرآن کے مقابلے میں خبر واحد کی حدیث معتبر نہیں مگر خبر واحد کی آیت معتبر ہے”۔بڑا علمی مقام رکھنے والے علامہ مناظراحسن گیلانی نے ”تدوین القرآن” کتاب لکھ کر ان خرافات سے قرآن کو تحفظ دیا جس کو جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی نے بھی شائع کردیا ۔ عبداللہ بن مسعود پر بہتان ہے کہ ان کا الگ مصحف موجودہ قرآن سے مختلف تھا ، جس میں سورۂ فاتحہ اور آخری دو سورتیں شامل نہیں اور متعہ کے حوالہ سے یہ اضافہ تھا کہ ” الی اجل مسمٰی” (مقررہ مدت تک) کے قرآنی الفاظ انکے مصحف کا حصہ تھے۔ اگر یہ درست ہوتا تو درسِ نظامی میں یہ پڑھایا جاتا کہ مسلک حنفی میں متعہ قرآن کی آیت سے جائز ہے۔ درسِ نظامی میں تو امام مالک کی طرف منسوب ہے کہ” وہ وقتی نکاح (متعہ)کے قائل تھے”۔
مفتی حسام اللہ شریفی کے پاس اورنگزیب بادشاہ کے ہاتھ کا لکھا ہوا قرآن ہے جس میں سورۂ فاتحہ اور آخری پانچ سورتیں نہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ اورنگزیب بادشاہ کا عقیدہ خراب تھا بلکہ اس نسخے کے کچھ صفحات پھٹ کر ضائع ہوگئے۔ حضرت عبداللہ بن مسعود کے مصحف کی بھی اصل بات یہی تھی، جلالین کی طرح تفسیر بیچ میں لکھ دی تو اس کو نالائقوں نے الگ مصحف بنادیا ۔ علماء حق کو چاہیے کہ خرافات کو درسِ نظامی سے نکال باہر کرنے پر متفق ہوجائیں۔ حرمت سود کانفرنس کی طرح خرچہ دیکر ہم تمام مکاتبِ فکر کے علماء ومفتیان کو اکٹھا نہیں کرسکتے ہیں لیکن اگر دینی غیرت اور حمیت کوئی چیز ہوتو میدان میںاترنا ہوگا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر یہ کام کرسکتے ہیں ۔ جن سیاسی پارٹیوں اور مذہبی تنظیموںکو جنم دینے کیلئے پاک فوج کوبدنام کیا جاتا ہے ۔ کارِ خیر میں پاک فوج اقدامات اٹھائے تو قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ جس کے اثرات افغانستان، بھارت، سعودی عرب ،ایران اور دنیا کے مسلم و غیر مسلم ممالک پر پڑیںگے اور پھردہشت گرداور ان کے استاذ بھی نئی اور مثبت سوچ پر مجبور ہوں گے۔
پاکستان بننے سے بھی پہلے علامہ سید سلیمان ندوی نے ”معارف اعظم گڑھ” میں مدلل طریقے سے صرف ان تصاویر اور مجسموں کو شریعت اسلامی بلکہ سابقہ شریعتوں میں بھی ناجائز قرار دیا جن کی پوجا کی جاتی تھی۔ ان کے علاوہ مجسموں اور تصاویر کو قرآن واحادیث سے بالکل جائز قرار دیدیا۔ سات فقہاء مدینہ میں دو فقہاء کے عجائب گھر تھے جن میں عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم کی تصاویر اور مجسمے تھے۔ عیسائیوں کیلئے جو تصاویر ومجسمے پوجا پاٹ کا ذریعہ تھے وہ مسلمانوں کیلئے عجائب گھر کی حیثیت رکھتے تھے۔ مولانا ابوالکلام آزاد نے بھی موجودہ دور کی جدید تصاویر کو شرعاًجائز قرار دیا تھا لیکن جاہل مفتی محمد شفیع کو دارالعلوم دیوبند کے اکابر نے جواب کی تلقین کرتے ہوئے لالچ دی کہ ”تمہارا مضمون دیوبند کے ماہنامہ میں شائع کیا جائے گا” تو اس نے کم علمی وکم عقلی کا ریکارڈ قائم کرکے جواب دیا تھا۔جس پر جاہل کے سامنے علماء حق نے ہتھیار ڈال دئیے تھے۔
پاکستان بننے کے بعدمفتی شفیع اندھوں میں کانا راجہ بن گئے تو جاندار کی تصویر کو ریاست و تجارت کیلئے جائز قرار دیا۔ اگر علامہ سید سلیمان ندوی کی کتاب ”معارف اعظم گڑھ” شائع کردی جاتی تو غلط فتوے سے علماء و عوام کو نجأت مل جاتی۔ اپنی خطاء سے اعلانیہ رجوع شعور میں بڑااضافہ کرتا ہے۔ ظہارکے مسئلے پر نبی کریم ۖ سے ایک عورت نے بحث وتکرار کا حق ادا کردیا تو اللہ نے عورت کے حق میں سورۂ مجادلہ نازل فرمائی۔ اپنی غلطی پر ڈٹ جانا اور اس کو چھپانا نبی کریم ۖ کی وراثت اور جانشینی نہیں بلکہ ڈھیٹ ابلیس کا وظیفہ ہے۔
مولانا فضل الرحمن، مفتی محمد تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمن،مولانا اویس نورانی، مفتی محمدانس مدنی ، علامہ ساجدمیر، علامہ شہنشاہ حسین نقوی اور علامہ جواد حسین نقوی کی قیادت میں علماء ومفتیان کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے جو چند دنوں میں فقہی مسائل کا قرآن کی روشنی میں متفقہ حل نکال لیں۔ مجھے بھی حاضر خدمت کا موقع دیا جائے تو نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان، ایران اور سعودی عرب کی طرف سے بھی ایک مثبت اسلامی انقلاب کی تائید ہوسکتی ہے جس سے ملک میں جاری دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔ امریکہ اس خطے میں اسلامی سود ی نظام اور دہشت گردی کا قیام چاہتا ہے۔الحاد سے ہمارے ذہین اور جدید تعلیم یافتہ طبقے کے ذہن ودل بہت متأثر ہیں اور اس میں غلطی ان ہٹ دھرم علماء ومفتیان، مدارس ، مذہبی تنظیموںاور سیاسی جماعتوں کی ہے جنہوں نے مذہب کو تجارت اور سیاست طاقت کیلئے آلۂ کار بنایا ہے۔

__دہشت گردی کی نئی لہرکا بڑا آئینہ__
پاکستان و افغانستان کیلئے بڑا مسئلہ دہشت گردی کا تدارک ہے۔ جب تک امن وامان قائم نہیں ہوتا تو سیاسی اور معاشی حالات بہتر نہیں ہوسکتے ہیں۔9/11سے پہلے بینظیر بھٹو کے دور میں جنرل نصیراللہ بابر کے ذریعے ملاعمر کی حکومت قائم ہوئی تو نجیب اللہ شہیدکو لٹکایا گیا اور ناک میں سگریٹ ٹھونسے گئے۔ ملا محمد عمر کی طالبان حکومت کو پاکستان، سعودیہ اور عرب امارات نے تسلیم کیا۔ سیاسی پارٹیوں، مذہبی جماعتوں، صحافیوں ، علماء ومدارس اور عوام الناس کے علاوہ ریاستِ پاکستان کیلئے افغانستان کی تاریخ میں یہ پہلی دوست حکومت تھی۔
داڑھی ، تصویر، عورتوں کے پردہ، نماز میں جبر سمیت موجودہ طالبان کے مقابلے میںسابقہ طالبان کا طرزِ عمل سخت تھا ،اسکے باوجودامیرالمؤمنین ملا عمر اور طالبان سب کی آنکھوں کے تارے، دل کے چاند اور دماغ کے سورج تھے۔ جو چیز انسان اپنے لئے پسند کرے وہ اپنے بھائی کیلئے بھی پسند کرے۔ نصیراللہ بابر، بینظیر بھٹو ، ہماری ریاست نے جو افغانستان کیلئے پسند کیا اپنے لئے پسند کیا؟۔ افغانیوں کو جس دلدل میں دھکیل دیا گیا اس کا خمیازہ بینظیر بھٹو شہید نے بھائی مرتضی بھٹو ساتھیوں سمیت قتل ، اقتدار کا خاتمہ، آصف علی زرداری کی طویل جیل ، خود ساختہ جلاوطنی اور قتل تک بھگت لیا۔ طالبان نے نجیب اللہ سے لیکر افغانیوں پر جو مظالم کئے تواسکی سزا مقامی سطح سے گوانتا ناموبے تک بھگت لی ۔کرنل امام، خالد خواجہ اور ہمارے گھرانے نے بھی ظلم کی حمایت کرنے کی سزا بھگت لی ۔
طالبان نے افغانستان کے اندر کچھ اقدامات شروع کردئیے توISIکے ایک خٹک اہلکار نے مجھ سے کہا کہ آپ کا مشن خلافت کا قیام ہے ، افغانستان میں خلافت قائم ہوگئی ہے، آپ خود بھی جائیں اور اپنے ساتھیوں کو بھی لے جائیں۔ میں نے کہا کہ ” یہ تم امریکہ کے کہنے پر کررہے ہوگے؟ اپنے ملک میں خلافت قائم نہیں کرنی ہے تو دوسرے ملک میں کیا ضرورت ہے؟”۔
پاکستان اسلامی نظرئیے کی بنیاد پر بناتھا ۔ افغانستان حکومت کی بنیاد افغانی قومیت تھی۔پاکستان اپنے اوپر اسلام نافذنہیں کرتا تو دوسرے ملک پر اسلام نافذ کرنے میں کیسے مخلص ہوگا؟۔ طالبان کے حامی بڑے بڑے صحافی، مذہبی و سیاسی قائدنفاق کا شکار نظر آتے تھے۔ہم نے طالبان کو کچھ وجوہات کی بنیاد پر ہدفِ تنقید بنایا۔ اسامہ بن لادن پر امریکہ نے کروز میزائل سے حملہ کیا جس میں اسامہ بچ گیا ،150پاکستانی شہید ہوگئے تو ہمارے اخبار ضر ب حق کی شہہ سرخی یہ تھی کہ ” کلنٹن کی بیٹی کو اسامہ کی لونڈی بنایا جائے”۔ تفصیلی بیان یہ تھا کہ اسلام میں دہشت گردی نہیں ۔ اگر امریکہ سے جہاد کرنا ہوا تو اعلانیہ جہاد کیا جائے گا۔ اسلام کی دعوت دی جائے گی، پھر اسلام کی دعوت قبول نہ کرے تو جہاد کیا جائے گا اور قیدی بنانے کی شکل میں مردوں کو غلام اور عورتوں کولونڈی بنایا جائے گا۔
پھرطالبان حکومت قائم ہوئی تو امریکہ و پاکستان کی مخالفت کے باوجود طالبان نے اقتدار حاصل کیا۔ آرمی پبلک سکول کے واقعہ پر قومی ایکشن پلان کے تحت شمالی اور جنوبی وزیرستان محسود ایریا اور قبائلی علاقہ جات کے دیگر علاقوں سے عوام کو نقل مکانی کروانے کے بعد آپریشن کا فیصلہ ہوا تو بڑی تعداد میں خاندان افغانستان چلے گئے۔ پھردوبارہ ان کو اسلحہ سمیت واپس آنے دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اب کافی شور شرابے سننے کے بعد آرمی چیف کی کمان بھی بدل گئی اور پھر بنوں تھانے پر قبضے کا واقعہ ہوا اور اسلام آباد کو بھی خطرہ محسوس ہوا ہے۔
مولانا فضل الرحمن کی آل پارٹیز کانفرنس پشاور میں جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم نے کہاکہ ”سن2001سے دہشت گردی کا معاملہ بتائیں۔…… ڈیرہ اسماعیل خان سے بنوں تک پولیس کے چیک پوسٹوں پر ہماری بے عزتی کی حد تک تلاشی ہوتی تھی، اب چوکیاں خالی ہیں ،لگتاہے کہ طالبان اور فوج کو لانے کا پروگرام ہے۔ جب وردی پہنتے تھے تو فوجی کا کردار ادا کرتے تھے اور جب وردی اتارتے تھے تو طالبان بن جاتے تھے۔یہاں کی گیس یہاں والوں کو دینے کی بجائے مرکز کو دی جارہی ہے، معدنیات منتقل ہورہے ہیں۔یہ وسائل پر قبضہ کرنے کا چکر تو نہیں ہے؟عجب ہے کہCTDپولیس کا سینٹر بنوں شہر سے باہر منڈان میں تھا تو چھاؤنی میں کیسے منتقل ہوا؟۔ جہاں حال ہی میں واقعہ ہوا۔ اگرCTDپولیس سول ادارہ ہے تو اس کو سول رہنا چاہیے اور فوجی ہے تو فوجی ہونا چاہیے۔ ساہیوال میں بھی بچوں کے سامنے والدین کو قتل کسی اور ادارے نے کیا اور نامCTDپولیس کا لیا گیا۔ جنرل پاشا نے سن2008میں ہمیں میٹنگ میں بتایا تھا کہ مغربی سرحد مشرقی سرحد کی طرح نہیں ہے کہ اس پر باڑ لگائی جائے۔ کیونکہ دونوں طرف ایک خاندان کے لوگ رہتے ہیں۔ ایک طرف گاؤں ہے دوسری طرف اس کی مسجد ہے۔ گیٹ پر دہشت گردوں کا راستہ نہیں روکا جاتا بلکہ وہاں پر بیٹھے فوجی اہلکار بھی عوام سے پیسہ لیتے ہیں۔ ایک دن بیمار بچہ والدین پشاور ہسپتال لانا چاہتے تھے مگر نہیں آنے دیا گیا۔
جب پختونخواہ میں متحدہ مجلس عمل کی حکومت تھی تو جمعیت علماء اسلام کھل کر دہشت گردی کی مخالفت کرتی تھی مگر جماعت اسلامی ان کی معشوقہ تھی۔ ریکارڈ پرمولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ حکومت کا سرکاری نہیں بلکہ شرعی فریضہ بھی ہے کہ دہشت گردوں کا خاتمہ کرے۔روزنامہ مشرق پشاور۔ مولانا فضل الرحمن نے ان کو دجال کا لشکر قرار دیا تھا لیکن میڈیا نے رپورٹ نہیں کیا۔ پولیس نے عوام سے کوئی بدسلوکی کبھی نہیں کی لیکن اب واقعات کے بعدشاید خوفزدہ ہوںگے۔
منظور احمد پشتین قائدPTMنے جانی خیل بنوں میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” لاہور میں مختلف مذہبی سیاسی جماعتوں، فرقوں اور مذاہب کے علاوہ متضاد کردار کے لوگ آپس میں ایکدوسرے کیساتھ رہتے ہیں اور کوئی لڑائی جھگڑا ، دنگا فساد اور بدامنی کی فضاء نہیں پھیلاتے ہیں تو پشتون قوم کو بھی چاہیے کہ آپس میں امن وامان سے رہیں۔ پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی، جمعیت علماء اسلام اور کسی بھی مذہبی سیاسی جماعت سے اس کا تعلق ہے لیکن پشتون قوم کو اپنے اندر اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ جلسے، جلوس اور دھرنے سیاسی عمل ہیں اور اس سے امن وامان کی فضاء پیدا ہوتی ہے۔ پہلے جب یہاں ہمارا اجتماع ہوتا تھا تو دشمن نے کسی کو حملہ کرنے کیلئے کھل کر بٹھایا ہوتا تھا اور اب ایسا نہیں ہے۔ فضاء ہماری قربانیوں کی بدولت بہت بدل چکی ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن ، ممبری، سیاسی مفادات پر لوگ لڑتے ہیں ہم الیکشن میں حصہ نہیں لیںگے ۔
محسن داوڑ نے باجوڑ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب میں کہا : میں نے اب پارلیمنٹ میں بھی یہ بات اُٹھائی ہے کہ ہماری فوج کرائے کا کام کرتی ہے جبکہ امریکہ اپنی پراکسی کیلئے ہماری قوم اور ہماری مٹی کو استعمال کرتاہے۔ راناثناء اللہ نے کہا کہ ہم افغانستان میں کاروائی کرینگے اورامریکی ترجمان نے اس کی تائید کردی۔ ہم اس کھیل کا حصہ نہیں بنیںگے۔ جنگ کی پرامن مزاحمت کرینگے۔
پشاور ہائی کورٹ نے بونیر سے تعلق رکھنے والے ایک خانہ بدوش گجر خاندان میں جرگے اور دونوں خاندانوں کے فیصلے پر ریپیسٹ اور بچہ جننے والی مظلوم یتیم لڑکی میں صلح کراتے ہوئے دونوں کی آپس میں شادی کرانے پر فیصلہ دیاہے۔ جس پر ڈان نیوز میں وسعت اللہ خان وغیرہ نے ”ذراہٹ کے” میں اپناتبصرہ کیاہے اور ایک خاتون کی رائے بھی اس میں شامل کی ہے۔ ریپیسٹ کی سزابھی وہی ہو جو قرآن وسنت میں ہو اور زنا بالرضا کی سزا بھی وہی ہو جو قرآن وسنت میں ہے تو افغانستان ، پاکستان، ایران اور سعودی عرب کے اسلام کو دنیا قبول کرنے میں تھوڑی دیر بھی نہیں لگائے گی لیکن ہم اس میں مخلص بن جائیں۔

__دہشت گردی کا تدارک کیسے ہوسکتاہے؟ __
افغانستان میں داعش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کررہاہے اور پاکستان میں تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو دھمکی دی گئی ہے اور پختونخواہ میں کافی عرصہ سے بدامنی کی فضاء کا ایک ماحول قائم ہے جس میں دن بہ دن خاطر خواہ اضافہ دیکھنے کو مل رہاہے۔ عوام میں مایوسی کی فضاء ہے۔
قرآن میں اللہ تعالیٰ نے دو جرائم کا ذکر کیا ہے کہ مدینہ میں انقلاب آنے کے بعد ایسا نہیں ہوگا کہ لوگ خواتین کو تنگ کریں اور دوسرا یہ کہ افواہ سازی کی فیکٹریاں ختم ہوجائیںگی۔ یہ لوگ معلون ہیں جہاں پائے گئے قتل کئے گئے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کے بارے میں افواہ چھوڑ دی گئی کہ وہ قادیانی ہے لیکن بعد میں پتہ چلا کہ اسکے باپ اور دادا کی قبریں گھگڑ منڈی گوجرانوالہ میں ہیں۔ علامہ زاہدالراشدی نے بھی جنرل قمر جاوید باجوہ کے مسلمان ہونے کی تصدیق کی۔ غلط افواہ پھیلانے میں سابقہDGISIجنرل رضوان اختر کا کردار تھا جو بعد میں کور کمانڈر کوئٹہ تھے اور اس جرم کی پاداش میں جبری ریٹائرڈ کیا گیاتھا۔ اب جنرل سیدعاصم منیرکے بارے میں ٹاپ کے فوجی جنرل ، بیوروکریٹ اور سعودی اہلکار نے یہ افواہ اڑادی تھی کہ شیعہ ہیں۔ جس کی وجہ سے سعودی عرب نے اس کی تعیناتی پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان اور دنیا میں سب سے بڑی بیماری افواہ سازی کی بنیاد پر دوسروں کو نقصان پہنچانا ہے۔ اگر ان لوگوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے صفائی کا بھی میڈیا پر بھرپور موقع دیا جائے مگر معقول بات پیش نہ کرنے پر قتل کی سزا دی جائے تو اس فتنے کا سدباب ہوجائے گا ۔ معاشرے کو اس سے بہت زبردست نقصان پہنچ رہاہے۔ سوشل میڈیا کے علاوہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں بھی منظم افواہ سازی کی جاتی ہے۔
سورہ النساء کی ایک آیت میں اللہ نے فرمایا کہ ” اگر تمہاری عورتوں میں سے کوئی کھلم کھلا فحاشی پھیلانے کے ارتکاب میں مبتلاء ہو تو اس کو اپنے گھروں میں بند رکھو،یہاں تک کہ اللہ کوئی راستہ بنالے”۔ ایک عورت بھی خراب ہوجائے تو معاشرے میں بہت زیادہ فحاشی پھیل سکتی ہے۔ اگر چار افراد یہ گواہی دیں تو پھر اس عورت کو گھر میں بند رکھنے پر کسی کو کیا اعتراض ہوسکتاتھا؟۔ قرآن کی بات آج بھی پوری دنیا کیلئے قابلِ قبول ہے کہ ایسے ناسور کا تدارک کرنا اسکے اپنے گھر والوں کا فرض ہے۔ یہ حکومت کا کام نہیں ہے اسلئے کہ حکومتی اہلکار کس کس خاتون کو کہاں کہاں سے اٹھاکر کیا کیا کریںگے؟۔
علماء نے لکھا ہے کہ ”اس آیت میں آئندہ حکم کیلئے انتظار ہے اورپھر سورۂ نور میں اللہ نے سزا کا حکم نازل کیا ”۔ سوال یہ ہے کہ سورہ ٔ نور میں کیا احکام ہیں؟۔ پہلا حکم یہ ہے کہ ” زانیہ عورت اور زانی مرد کو100،100کوڑوں کی سزا ہے۔ جن پر کچھ لوگوں کو گواہ بھی بنایا جائے”۔کیا علماء یہ حکم مانتے ہیں؟۔ صحیح بخاری میں ایک صحابی سے پوچھا گیا کہ ”کیا سورۂ نور کی آیات کے بعد کسی کو سنگسار کیا گیاہے؟”، تو اس نے جواب دیا کہ ”میرے علم میں نہیں کہ کوئی سنگسارہوا ہو”۔
حنفی مسلک بلکہ سارے مسالک میںیہ بات مسلمہ ہے کہ ”قرآن سے کوئی بھی حدیث متصادم ہو تو اسکے جھوٹا ہونے کیلئے یہی کافی ہے”۔ قرآن میں زنا کی سزا100کوڑے ہیں تو سنگساری والی روایات قرآن کیخلاف ہیں۔ جن آیات سے قرآن کی دوسری آیات منسوخ ہوسکتی ہیں تو کیا ان سے احادیث کو منسوخ نہیں کیا جاسکتا؟۔ غیرت اس سے بڑھ کر کس میں ہوسکتی ہے کہ ” شوہر اپنی بیوی کو کسی اور کیساتھ رنگے ہاتھوں پکڑ لے؟”۔ قتل کی اجازت نہیں تو کسی اور کو کیسے قتل کیاجاسکتا ہے؟۔ غیرت کاقتل اسلام نے ساڑھے چودہ سو سال پہلے اکھاڑ پھینکا۔ سورۂ نور میں لعان کی آیات ہیں۔ عورت نے انکار کیا تو ا سے سزا نہیں دی جائے گی۔ لعان کی آیات کوعام کیا جائے اسلئے کہ انگریز نے برصغیرپاک و ہند میں غیرت کے نام پر قتل کی اجازت دی اور بے غیرت مولویوں نے حلالہ کے نام پر روئے زمین کی تاریخ میں بے غیرتی کے سب ریکارڈ توڑدئیے ۔
سوال یہ ہے کہ لعان یا سزا کے بعد کیا کاروائی کی جائے گی؟۔ اس کا جواب بھی قرآن نے دیا ہے کہ ” زانی کا نکاح زانیہ یا مشرکہ سے کیا جائے اور زانیہ کا نکاح زانی یا مشرک سے کیا جائے اور یہ مؤمنوں پر حرام ہے”۔ جس عورت کو جس مرد کیساتھ پکڑا جائے تو100کوڑوں کی سزا کے بعد اس کا نکاح اس مردسے کرایا جائے۔ وہ زانی مرد مسلمان ہو یا مشرک کوئی فرق نہیں۔ معاشرے میں خبیث کا تعلق عقیدے سے نہیں اس کے خباثت والے عمل سے ہے۔
اللہ نے مؤمن خواتین سے فرمایا کہ” ایسا لباس پہنو تاکہ تم پہچانی جاؤ اور تمہیں ستایا نہ جائے”۔ حکمرانوں کو یہ حکم نہیں کہ کسی کے لباس پر گرفت کریں۔ طالبان سعودی عرب اور ایران کے برعکس خواتین پر لباس کی پابندی نہ لگائیں بلکہ یہ قانون نافذ کردیں کہ ” اگر کسی نے جبری بنیاد پر کسی عورت سے زیادتی کی تو اس کو سنگسار کردیا جائے گا”۔ کچھ افراد سنگسار ہوجائیں تو پوری دنیا میں سب خواتین اور باضمیر مرد حضرات ان کے حق میں کھڑے ہوجائیںگے۔ یہی اسلام اور پشتو کا مشترکہ قانون ہے۔ قرآن میں قتل کرنے کا حکم ہے اور حدیث ایسے شخص کو سنگسار کرنے کا حکم دیتی ہے۔ طالبان کو اس پر عمل کرنا چاہیے۔
نام نہاد احناف قرآن کے مقابلے میں صحیح حدیث کو بھی نہیں مانتے ۔ابن ماجہ کی روایت ہے کہ شادی شدہ کیلئے سنگسار کرنے اور بڑے آدمی کو دودھ پلانے سے رضاعت ثابت ہونے کی دس آیات تھیںجو نبیۖ کی وفات کے وقت بکری کے کھا جانے سے ضائع ہوگئیں۔ حالانکہ صحیح مسلم میں ہے کہ حضرت عمر نے کہا کہ ” اگر مجھے یہ ڈر نہ ہوتا کہ لوگ کہیںگے کہ عمر نے قرآن میں اضافہ کیا ہے تو رجم کا حکم قرآن میں لکھ دیتا”۔یہ متضاد روایات خرافات کی بڑی دلیل ہیں احناف کے نزدیک قرآن کے مقابلے میں احادیث قابلِ قبول نہیں لیکن قرآن کے مقابلے میں جعلی آیت قابلِ قبول ہے ۔ سورہ نور کی واضح آیت کے مقابلے میں جعلی آیت الشیخ والشیخة اذا زنیا فاجرموھما ”جب بوڑھا مرد بوڑھی عورت سے زنا کرے تو دونوں کو سنگسار کردو”۔ ایسی آیت ہے جس کا حکم باقی ہے اور تلاوت منسوخ ہے؟۔یہ شادی شدہ کیلئے نہیں بلکہ بوڑھوں کو رجم کرنے کا حکم ہے، چاہے بوڑھا شادی شدہ ہو یا کنوارا۔ یہ توراة کی آیت ہو تو مطلب ہوگا کہ بوڑھا بوڑھی کوزنا پرکوڑے مارنے کے بجائے لعنت بھیجو۔ شیطان لعنت بھیجنے سے رجیم ہے۔ کوڑوں کے کھانے کے بڈھے متحمل نہیں۔ ایگریمنٹ والی سے نکاح کے بعد آدھی سزا50اور نبی ۖ کی ازواج کیلئے ڈبل200کا حکم ہے۔درباری ملاجیون کے” نورالانوار”کی جگہ علامہ مناظر احسن گیلانی کی کتاب ”تدوین القرآن” کو درسِ نظامی میںہونا چاہے تھا۔
اگر ہمارے پشتون مخلص طالبان بھائی افغانستان میں درباری فقہ احناف کی جگہ درست فقہ احناف نافذ کردیںگے توپاکستان ، ایران اور سعودی عرب سے بھی اس کا خیرمقدم ہوگا اور پوری دنیا میں اسلامی انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکے گا۔ داعش اور تحریک طالبان پاکستان بھی ضائع ہونے سے بچ جائیں گے۔ یہ خطہ دہشت گردی کی جگہ امن وامان کا گہوارہ بن جائے گا۔ افغانستان، ایران اور پاکستان کو امن وامان اور بھارت و چین وغیرہ کو راہداری دینے کے بدلے اتنا زرمبادلہ مل جائے گا کہ ہماری ریاستیں دنیا کی امیر ترین ریاستیں ہوں گی۔ مزارعین کو مفت میں زمینیں اور دنیا کو سستی راہداری دینے سے انقلاب آئے گا۔ ہند اور بیت المقدس لڑائی کے بغیر فتح ہوںگے لیکن ہم اسلام کو اپنائیں تو سہی!۔ ریاستِ پاکستان اصلی اسلام کوسامنے لانے کی ذمہ داری کی طرف توجہ دے۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv

عثمان لالا کی خواہش تھی کہ خواتین شانہ بشانہ ہوں،صاحبہ بڑیچ

عثمان لالا کی خواہش تھی کہ خواتین شانہ بشانہ ہوں،صاحبہ بڑیچ
جب بھی میرے بھائیوں نے ہم پر بھروسہ کیا ہم پورا اترے فیروزہ کاکڑ

پشتونخواہ ملی نے خوشحال کاکڑ کو قیادت سونپ دی اورمحمودخان اچکزئی نے سازش قرار دیا

خوشحال خان کی قیادت میں نئی پارٹی قیادت نے ڈکٹیٹر شپ ، اقرباء پروری اور پارٹی کے اہداف و مقاصد سے ہٹ کر پنجاب اور اسٹیبلشمنٹ کے ایماء پر طالبان کو تسلیم کرنے کا الزام لگادیا

محمود خان اچکزئی نے سہہ روزہ10ہزار کرسیوں ، رہائش اور خوراک کے بڑے انتظام کو بڑی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پختون داڑھی اور مونچھوں والوں میں تقسیم ہوکر لڑ رہے ہیں

پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے نئے دھڑے نے عثمان کاکڑ شہید کے بیٹے خوشحال خان کاکڑ کی قیادت میں خواتین ونگ کا اعلان کردیا۔ اگلی بار برابری کی سطح پر10ہزار خواتین کا اعلان کیا

پختونخواہ ملی عوامی پارٹی تقسیم ہوگئی۔ عثمان خان کاکڑ کے بیٹے خوشحال کاکڑ اور ناراض یا نکالے گئے رہنماؤں نے نیا سفر شروع کیا۔ خواتین ونگ بن گیا ۔ صاحبہ بڑیچ،فیزروزہ کاکڑ ودیگر خواتین نے خطاب کیا۔ ایک خاتون رہنمانے کہا کہ امید ہے کہ سینٹ اور قومی اسمبلی میں کچن خواتین نہیں کارکن خواتین کو بھیجا جائیگا۔ پشتون خواتین سیاسی سرگرمی میں حصہ لیں تو بنیادی مسائل حل ہونگے۔ اسلامی حقوق کاچارٹ بن جائے تو پشتواور اسلامی غیرت سے انقلاب آئیگا۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ پشتون نسلی اونچ نیچ کا فرق نہیں رکھتے۔ باقی اقوام کے نواب، وڈیرے ،چوہدری اپنے سے نیچے طبقے والے کو ساتھ نہیں بٹھاتے۔ انہوں نے کہا کہ بہت وقت ساتھ گزاراہے اسلئے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ان کی سوچ یہ ہے کہ افغانستان کے اسٹیک ہولڈرز ایک حکومت پر متفق ہوں اور خون خرابے سے توبہ کی جائے۔ افغانستان وپاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ۔ اغیار یہاں پر جنگ برپا کرنا چاہتے ہیں تاکہ وسائل پر قابض ہوں۔ اگر وہ پھر آگئے تو ہم سب مل کر اغیار کیخلاف لڑینگے۔ عراق و لیبیا کو تیل کیلئے لوٹ لیا گیا۔ ہم پاکستان اور افغانستان میں دوستی اور امن چاہتے ہیں۔ ایک طرف پختون داڑھی رکھ کرکہتاہے کہ میں مسلمان ہوں۔ دوسرا مونچھ رکھ کرکہتاہے کہ انقلابی ہوں ۔ ایکدوسرے کوکتا، گالی اور ایجنٹ کے الزامات چھوڑ کر بھائی چارہ قائم کرنا ہوگا۔
سب سے پہلے خواتین کے حقوق کا مسئلہ حل کرنا ہوگا جو طالبان سے زیادہ پشتون قوم کی قیادت کے پاس ہے۔ علماء کرام اور پشتون قومی قیادت بیٹھ جائیں اورقرآن میں لکھے گئے ایک ایک رسم جاہلیت کو ختم کرنے کا اعلان کریں پھر یہ قوم پاکستان اور دنیا بھر کی اقوام کی قیادت کرنے کے قابل بن جائے گی۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv

علی وزیر کی تازہ تصویرکراچی سینٹرل جیل

علی وزیر کی تازہ تصویرکراچی سینٹرل جیل

جنوبی وزیرستان کےMNAعلی وزیر کو دو سال سینٹرل جیل کراچی میں مکمل ہوگئے ہیں۔ علی وزیر کے بارے میں عوام کو درست معلومات نہیں ہیں۔ جب علی وزیر جنوبی وزیرستان سے الیکشن میں کھڑے ہوئے تو عمران خان نے تحریک انصاف کا کوئی نمائندہ ان کے سامنے کھڑا نہیں کیا بلکہ تحریک انصاف نے بھی علی وزیر کی حمایت کی۔ علی وزیر نے قومی اسمبلی کے فلور پر کہا تھا کہ ہمارے خاندان نے پاک فوج کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ یہ وہ قربانی نہیں تھی جو قبائل نے مظفر نگر تک کشمیر کو فتح کرنے کیلئے1948میں دی تھیں۔ بلکہ دہشت گردی کیخلاف موجودہ جنگ میں علی وزیر کے خاندان کے18افراد شہید کردئیے گئے۔ صحافی ارشد شہید نےARYنیوز کے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ ”افسوسMNAعلی وزیر اورMNAمحسن داوڑ کی قیادت میں کچھ لوگوں نے پاک فوج کی چوکی پر حملہ کردیا ، جس میں5فوجی اہلکار زخمی اور متعدد حملہ آور ہلاک ہوئے۔ ہم نے اس وقت بھی پاک فوج سے کہا تھا جب کور کمانڈر نے مجاہد نیک محمد کو ہار پہنائے تھے کہ یہ ہم ان سانپوں سے ہمدردی کا برتاؤ کرکے بہت غلط کررہے ہیں۔ آج نوبت یہاں تک پہنچی ہے کہ فوج کی چوکیوں پر حملے ہورہے ہیں”۔ ارشد شریف شہید ایک تحقیقاتی صحافی تھے لیکن ان کو یہ معلوم نہیں تھا کہ علی وزیر کو بھی یہی شکایت تھی کہ ”دہشت گرد ایک طرف ہماری عوام کو مار رہے ہیں اور دوسری طرف پس پردہ پاک فوج ان کے ساتھ پینگیں بڑھاتی ہے”۔ علی وزیر نے ایک طرف دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور وہی دہشت گرد نہ صرف پاکستان کی ریاست اور پاک فوج پر حملہ آور تھے بلکہ عوام الناس ، قبائلی عمائدین اور علماء کرام میں سے کسی کو بھی معاف نہیں کررہے تھے۔MNAمولانا معراج الدین قریشی شہید اورMNAمولانا نور محمد وزیر شہید بھی دہشت گردی کی نذر ہوگئے۔ پاک فوج بھی عام لوگوں کی طرح ایک عرصے تک اس تذبذب کا شکار تھی کہ دہشت گردوں سے نرمی یا سختی سے برتاؤ کیا جائے؟۔ پاکستان کی تاریخ میں جمہوریت کیلئے سب سے بڑے اور معتبر نام معراج محمد خان بھی اس دور میں طالبان کی بھرپور حمایت کررہے تھے۔ پشتون قبائل ، پنجابی و بلوچ ، سندھی و مہاجر سب کے سب طالبان کے حامی تھے۔ متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد کے کہنے پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بھی امریکہ کے خلاف طالبان کی حمایت میں ہڑتال کی تھی۔
جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان کی وزیر قوم نے سب سے زیادہ مجاہدین کا ساتھ دیا تھا اور امریکہ کی مخالفت میں پیش پیش تھے۔ یہاں تک کہ جنوبی وزیرستان کے وزیروں نے ازبکوں کے ساتھ بھی رشتے تک کئے تھے۔ پھر ازبک سے وزیر قوم کا ٹکراؤ آیا تو پاک فوج نے وزیر قوم کا بھرپور ساتھ دیا۔ وزیر مجاہدین نے بھی اپنی قوم کا ساتھ دیا اور پنجابی طالبان نے بھی ازبک کیخلاف کاروائی کی۔ ازبک وزیر ایریا سے بھاگ کر محسود ایریا میں پہنچ گئے۔ پاک فوج سے وزیر قوم نہ صرف اس بنیاد پر بہت محبت رکھتی ہے بلکہ احسان مند بھی ہے۔ آج تک جنوبی وزیرستان میں علی وزیر کے حلقہ انتخاب میں کبھی کوئی گرینڈ آپریشن نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کبھی وزیر قوم کو انخلاء پر مجبور کیا گیا ہے۔ البتہ کچھ لوگوں نے مجاہدین کے روپ میں چھپ کر علی وزیر کے والد اور خاندان کے افراد کو بلا وجہ شہید کیا۔ پوری قوم میں اس خاندان کی شرافت مثالی ہے۔ محسود ایریا میں کوٹ کئی کے ملک خاندان اور اس کی فیملی کو بھی اسی طرح سے شرپسندوں نے بلاوجہ شہید کردیا تھا۔ جبکہ محسود علاقے میں پاک فوج نے جنرل کیانی کے دور میں راہ راست کے نام پر آپریشن کیا تھا۔ لوگوں کو علاقے سے انخلاء پر مجبور کیا گیا اور طالبان ادھر اُدھر کے علاقوں میں بھاگ گئے۔ اسلئے کہ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے باقی علاقے مجاہدین سے بھرے ہوئے تھے۔ اس وقت ازبک کی مدد سے محسود ایریا کو نہ صرف دہشت گردوں نے یرغمال بنایا تھا بلکہ ٹانک ، ڈیرہ اسماعیل خان اور کراچی تک میں لوگوں کے جرگے اور فیصلے بھی طالبان کرتے تھے۔ اس آپریشن کی اجازت اور مشورہ محسود قبائل کے مشران نے خود دیا تھا۔ اگر آپریشن نہ ہوتا تو دہشت گردوں نے اپنے علاقے اور دوسرے علاقوں سے یرغمالی لالا کر محسود ایریا کو مذبح خانہ بنارکھا تھا۔ لوگوں کو سر عام ذبح کرکے ویڈیو بنائی جاتی تھی جن میں ژوب کے ایک عالم دین خونامیر مُلا بھی شامل تھے جس کو ذبح کرتے ہوئے خونامیر مُلا خنزیر مُلا کی تکبیر پڑھی گئی۔ اس طرح بیٹنی قبائل کے مولوی ظاہر شاہ کو بھی شہید کردیا گیا۔ ملک خاندان کوٹ کئی کی فیملی کو جب شہید کیا گیا تو ان میں ایک حافظہ بچی بھی تھی۔ ایک لیڈی ڈاکٹر کو بھی ٹانک سے اغوا برائے تاوان میں وزیرستان لے جایا گیا۔ کئی دن رکھنے کے بعد بھتہ وصول کیا گیا اور پھر گاڑی چھین کر چھوڑ دیا گیا۔ اگر پاک فوج راہ راست آپریشن نہ کرتی تو دہشت گردوں نے محسود خاندانوں کے شریف لوگوں کا جینا بہت دوبھر کرنا تھا لیکن دہشت گردوں کو نقصان اسلئے نہیں ہوا کہ قریب کے علاقوں میں چلے گئے اور جب لوگوں کو واپس آنے کی اجازت دی گئی تو دہشت گرد بھی واپس آگئے۔
البتہ جس طرح دہشت گردوں کے پیچھے پولیس پڑ گئی تھی اس طرح اس کی زد میں عام محسود بھی متاثر ہونے لگے۔ جب اس سلسلے نے بہت زور پکڑا تو پھر نقیب شہید کا واقعہ ہوا ، جس سے محسود قوم نے کروٹ بدلی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نقیب شہید کے والد کے ساتھ نقیب کے بچوں کو گود میں بٹھا کر عہد و پیمان کیا کہ راؤ انوار کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ راؤ انوار کو عدالت نے اس طرح سے ریلیف دی جیسے ہماری عدالتوں کے اندر معاملات چلتے ہیں۔ یہ بھی پتہ نہیں کہ وہ مجرم تھے بھی یا نہیں؟۔ جب ہماری ریاست نواز شریف کو ایون فیلڈ کے فلیٹوں پر سزا نہیں دلواسکی تو کس کو کیسی سزا دی جاسکتی ہے؟۔ شاہ رُخ جتوئی نے پولیس افسر کے بیٹے شاہ زیب کو قتل کردیا تو عدالت نے اس کے باپ کو پکڑ کر اس کو دوبئی سے واپس آنے پر مجبور کیا۔ وارثوں نے دیت لے کر معاف کردیا مگر عدالت اور صحافت معاف کرنے کیلئے تیار نہیں تھے۔ اسلئے کہ آصف علی زرداری کے ساتھ تعلقات کا جرم تھا۔ دوسری طرف اسی طرح کے کیس میں بیوہ خاتون کے اکلوتے بیٹے کو ن لیگ کے صدیق کانجو کے بیٹے مصطفی کانجو نے قتل کیا اور بیوہ ماں نے سپریم کورٹ کے دروازے پر کہا کہ مجھے بچیوں کی عصمت دری کی دھمکیاں ملی ہیں اسلئے مجبوراً بچیوں کی عزت بچانے کیلئے دستبردار ہورہی ہوں۔ لیکن میڈیا اور عدالت کے کانوں پر کوئی جوں نہیں رینگی۔ اب بھی اگر آصف علی زرداری حکومت میں نواز شریف کے اتحاد ی نہ ہوتے تو شاہ رُخ جتوئی کی جان نہیں چھوٹنی تھی۔ ہماری صحافت و عدالت کا یہ دوہرا معیار ہے۔
جب شہباز گل اور اعظم سواتی کی چیخ و پکار دنیا نے سن لی توPTMوالوں کو یقین آگیا کہ پشتونوں کے ساتھ خصوصی مہربانی نہیں بلکہ جو بھی منہ کھولتا ہے اس کے ساتھ یہی کچھ ہوتا ہے۔ پھر سوشل میڈیا پر شہباز گل کی سانس بند ہوتی ویڈیو اور علی وزیر کی باوقار تصویر ایک ساتھ شیئر کی جاتی تھی کہ پشتون اتنا مضبوط ہوتا ہے۔ شہباز گل نے جس انداز میں تصویر کشی کی تھی کہ کیمرہ زوم کرکے آگے پیچھے سے میری تصویریں لی جارہی تھیں تو علی وزیر کے ساتھ ہمیں یقین ہے کہ کچھ بھی زیادتی نہیں ہوئی ہوگی۔ احمد نورانی پاک فوج کے بہت سخت خلاف یا اصلاح کیلئے ویڈیو ز بناتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل کیساتھ تشدد نہیں ہوا ہے۔
علی وزیر کی معمر والدہ ہیں اور بیوی بچے ہیں۔ ہم پہلے بھی کئی مرتبہ درخواست کرچکے ہیں کہ علی وزیر کو با عزت رہائی دی جائے۔ اگر کوئی غلط بات کی ہے تو یہ سزا بھی کم نہیں ہے جو دو سال سے وہ بھگت رہے ہیں۔ پشتون قوم پرست اتنے چیخ و پکار مچاتے تھے کہ مسنگ پرسن کو اپنے والدین اور بیوی بچوں کیلئے رہا کرو۔ جب پاکستان کی جیلوں اور افغانستان سے ان کو لایا گیا تو اب کہتے ہیں کہ کیوں لائے ہو؟۔ دشمنی میں کچھ نہیں رکھا ہے۔ تحریک انصاف اور پاک فوج شیر و شکر تھے۔ جونہی تحریک انصاف کی حکومت گئی تو ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ شروع ہوگئی۔ اب ایسا وقت آگیا ہے کہ کوئی کسی پر اعتماد کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ مہنگائی ختم کرنے کیلئے موجودہ حکومت میدان میں اتری تھی لیکن مہنگائی سے اس نے غریب عوام کی جان نکال دی ہے۔ ملک کو بحران سے نکالنے کے بجائے مزید بحرانوں کا شکار کردیا ہے۔ ایک طرف ریاست کو تنخواہیں دینے کیلئے کچھ نہ ہو اور دوسری طرف دہشت گردوں کی طرف سے خودکش حملوں کیلئے بھرتیاں بھی جاری ہوں تواسکے نتائج کیا نکلیں گے؟۔ مایوسی کفر ہے لیکن امید کیلئے بھی کچھ نہ کچھ عوام کو چاہیے۔ عوام کے پاس اب اللہ کے سوا کوئی امید نہیں رہی ہے۔
پاک فوج سے اپیل ہے کہ علی وزیر کے خلاف تمام مقدمات واپس لیکر ایک نئے دور کا آغاز کریں۔ بنوں جیل میں قیدی دہشت گردوں نے کینٹ ایریا میں موجودCTDپولیس کے تھانے کو یرغمال بنایا تو ان سے یرغمالی چھڑائے بغیر یہ قبضہ چھڑانا بڑی بات نہیں ہے۔ اگر اس کے سامنے سرنڈر ہوجاتے اور مطالبے کو مان لیتے تو اور زیادہ برا ہوتا۔ مایوسی اور بدگمانی اس حد تک پھیلی ہوئی ہے کہ یہ صفائی بعض لوگ پیش کررہے ہیں کہ یہ افواہ غلط ہے کہ ڈالر سمیٹنے کیلئے جان بوجھ کر دہشت گردوں کو قبضے کا موقع دیا گیا۔ جب تک بنیاد سے معاملات کو سمیٹنے کی کوشش نہیں کی جائے گی تب تک کوئی مائی کا لعل افراتفری پر قابو نہیں پاسکتا ہے۔
حجاز مقدس میں کوئی ریاست نہیں تھی لیکن جب قرآنی آیات کے ذریعے سے معاشرے کی اصلاح کا کام شروع ہوا تو یہ منتشر ، متکبر ، بدمزاج ، بد خلق اور بدمعاشرت لوگ کیسے سچے اور پکے مومن بن گئے؟۔ یہ محض وعظ و نصیحت کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ اس کیلئے اللہ تعالیٰ نے بہت زبردست قسم کے ایسے قوانین وحی کے ذریعے سے نازل فرمائے کہ جس سے کمزوروں ، ضعیفوں ، عورتوں، غلاموں اور لونڈیوں کو بنیادی حقوق ملے۔ مزارعین کو کاشت کیلئے مفت میں زمینیں مل گئیں۔ پاکستان میں اگر فوجی جرنیل ، سیاستدان اور خان وڈیرے اپنی زمینیں مزارعین کو مفت فراہم کریں تو کم از کم پاکستان میں خوراک کی مہنگائی کا عوام کو سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیرستان سے سوات تک اور ژوب سے تربت تک اگر پہاڑی علاقوں میں محنت کشوں کو کچھ سالوں کیلئے باغات اور جنگلات کیلئے مفت میں کوئی پہاڑوں کے ٹکڑے بھی فراہم کئے جائیں تو لوگوں کو بہت بڑاروزگار مل جائیگا۔
سندھ ، پنجاب، پختونخواہ اور بلوچستان کی زرخیز و شاداب زمینوں اور دشت و صحراؤں کو مزارعت کیلئے مفت فراہم کیا جائے تو افغانستان اور اس سے ملحقہ ممالک میں بڑے پیمانے پر اناج وغیرہ ایکسپورٹ کرکے ڈالروں کی بھی بارش آسکتی ہے اور اپنی کرنسی مضبوط کرکے ڈالروں کی قیمت کو بھی گھٹاسکتے ہیں۔
آخر میں اتنا کہوں گا کہ ہمارے پشتون بھائی غیرت میں بے مثال ہیں لیکن امریکہ ، دہشت گردوں اور پاک فوج سے گلہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اعمال پر بھی تھوڑی نظر ڈالیں۔ اپنی بیٹی کو پیسوں سے یا بہو کے بدلے میں دینے کے بجائے بہتر ہے کہ اس سے خودکش کرایا جائے۔ اسلئے کہ ساری زندگی غلامی کی طرح گزارنے سے بہتر ہے کہ ایک ہی مرتبہ میں ڈھیر ہوجائے۔ علی وزیر خان ایک قابل انسان ہیں جب رہا ہوجائیں تو سب سے پہلے قوم پرست رہنماؤں اور مذہبی قیادت کو ایک ساتھ بلائیں۔ عورتوں کے حقوق کے بارے میں قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کیلئے کچھ نشستیں رکھیں۔ افہام و تفہیم کی فضاء میں مسئلے مسائل کو پہلے سمجھیں اور پھر اس کیلئے ایک زبردست لائحہ عمل تشکیل دیں۔
جب بڑے بڑے مسائل پر اتفاق ہو تو تبلیغی جماعت اور دعوت اسلامی کو بھی سمجھائیں اور حنفی مکتبہ فکر کے ساتھ ساتھ دوسرے مکاتب فکر کو بھی ساتھ بٹھائیں اور پھر دیکھیں کہ یہ قوم، یہ ملک اور یہ خطہ کس طرح فسادو ظلم سے بچتا ہے۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv

صوابی سے بازارِ حسن تک کی واردات

صوابی سے بازارِ حسن تک کی واردات

پشتون عورتوں سے بغیر نکاح اور نکاح کے نام پر بڑادھوکہ؟

خیبر پختونخوا سے شاد ی کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کو حیدر آباد بازار حسن میں فروخت کرنے کا انکشاف
شیما شاہین نامی خاتون نے کہا کہ جب ہم گئے ہیں تو انہوں نے ہمیں تالوں میں بند کردیا۔ لڑکیوں کو گندی چیزوں میں استعمال کررہے تھے۔ (عمران ملک: یہ جو لڑکیاں ہیں آپ نے کتنے میں خریدی ہیں؟۔ )
8لاکھ میں۔ یہاں پر ہم نے ریڈ کیا تو دو اور بچیاں اور ایک ان کی ماں ان کو بھی ہم نے ریکور کروایا۔
میں ہوں آپ کا میزبان عمران ملک اور آپ دیکھ رہے ہیں مہران ٹریبیون حیدر آباد ۔ ہم اکثر بیشتر سنتے رہتے ہیں کہ لڑکیوں کو فروخت کرنے کا ایک بہت بڑا دھندہ ہے جو پاکستان میں بھی کیا جارہا ہے اور دوسرے ملکوں سے لاکر پاکستان میں کیا جاتا ہے۔ آج مارکیٹ تھانے پر ہم موجود ہیں ویسا ہی ایک کیس ہے مارکیٹ تھانے کی یہ کاروائی ہے ہم تھوڑا گفتگو کریں گے کہ پورا ماجرا کیا ہے کیا صورتحال ہے تاکہ اس پر بہتر بات ہوسکے۔ آپ لوگوں کے ساتھ کیا ہوا ہے؟ کس طریقے سے لاکر آپ کو بیچ دیا گیا ہے یہاں پر، شادی کا جھانسا آپ کو دیا گیا ہے ، کیا ہوا ہے آپ کے ساتھ؟۔
لڑکی کاجواب: السلام علیکم۔ ایسا ہوا ہے کہ جعفر جن کا نام ہم نے آپکو دیا ہے وہ ماموں بنے تھے ہمارے، وہاں سے لیکر آئے کہ ادھر شیما شاہین نامی خاتون ہے اس کا اپنا گھر ہے ادھر ، اسکے گھر رشتے کے سلسلے میں ہمیں لے کر آئے تھے ، یہ جو خاتون ہے مجھے ان کا نام یا د نہیں انکے ساتھ رخصت کیا ہے کہ ادھر لڑکے آئیں گے ادھر لڑکے کا گھر بار ہے۔ جب ہم گئے ہیں تو ان لوگوں نے ہمیں بند کردیا تالے میں باہر زنجیریں لگاکر۔ تو میں وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئی ہوں ۔ میں سیدھاDIGصاحب کے پاس گئیں ہوں کیونکہ میں کسی پر اعتماد نہیں کرسکتی تھی۔ سارے لوگ مجھے یہاں پر کہہ رہے تھے تھانے نہیں جانا یہ لوگ پھر آپ کو اسی جگہ پر لے جائیں گے ۔ میں کسی پر ٹرسٹ نہیں کرسکتی تھی پھر یہاں سے میںDIGآفس گئی ہوں ۔
سوال: وہاں سے لاکر جب آپ کو بند کردیا گیا تو وہاں سے نکلے کیسے؟۔
جواب: انہوں نے یہ بتایا تھا کہ رشتہ ہے انہوں نے کچھ بھی نہیں بتایا تھا ناں۔ میں نے ان کو ظاہر نہیں ہونے دیا کہ مجھے ان لوگوں پر شک ہوا ہے۔
سوال: بند آپ کو بازار حسن میں کیا تھا یا کہیں اور کیا تھا؟۔
جواب: ہمیں نام تو نہیں پتہ وہ یونٹ سا بنا تھا، اوپر نیچے کمرے ہی کمرے تھے۔ زنجیریں لگاکر گرل میں اس کو تالا لگاتے تھے یہ۔ تو وہاں میں نے ان کو بولا کہ میڈیسن لے کر آتی ہوں۔ تو انہوں نے کہا کہ ہمارا بندہ آپ کیساتھ آئیگا۔ میں نے کہا ٹھیک ہے۔ وہ جیسے آیا وہ زنجیر لگانے میں مصروف تھا پیچھے سے میں گلیوں سے نکل گئی ہوں۔ اس کو نہیں سمجھ آئی۔ وہیں سے پھر میں نے درخواست دی ہے ۔ میںSHOصاحب کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے موقع پر ہماری مدد کی ۔ ہمارے ساتھ جاکر ریڈ کیا اور سارے لوگوں کو موقع سے برآمد کیا۔ کافی زیادہ اندر لڑکیاں تھیں۔ تو پہلے ہی کسی نہ کسی کے جھانسے میں آکر فروخت ہوچکی تھیں۔
سوال: آپ کہاں کے رہنے والے ہو؟۔(جواب: ہم لوگKPKمیں صوابی سے ہیں ، تو رہائش ہماری راولپنڈی میں ہے اور راولپنڈی سے آئے تھے ہم لوگ)۔سوال: جن لوگوں نے آپ کو بیچا وہ تو پیسے لے کر چلے گئے ان کا نام کیا ہے؟۔ (جواب: ایک کا نام جعفر تھا دوسرے کانظام الدین)۔ سوال: آپ کیسے انکے جھانسے میں آگئیں، شادی کا کیا کہا انہوں نے ، کیا وہ خود شادی کرنا چاہتے تھے آپ سے؟۔
جواب: نہیں نہیں، وہ ماموں بنے تھے وہ کہہ رہے تھے کہ بہت اچھا رشتہ ہے۔ وہ آنٹی کرواتی ہیں اپنا گھر ہے۔( وہ آپکے ماموں بنے تھے؟) جی ہاں۔ کہہ رہے تھے کہ24سال سے آنٹی کا اپنا گھر ہے۔ ہم آئے تو واقعی اپنا گھر تھا۔ اچھی فیملی کے لگ رہے تھے سارا خاندان تھا۔ پوری فیملی تھی۔ تو ہم انکے ٹرسٹ پر انکے گھر آئے لیکن ہمیں پتہ نہیں تھا کہ یہ گھر نہیں ہے یہ یونٹ نما بنی ہوئی کوئی اور چیز تھی جہاں پر لڑکیوں کو مختلف گندی چیزوں میں استعمال کررہے تھے میں فرار ہونے میں کامیاب ہوئی ہوں اور میں نے ان سب کو وہاں سے نکلوایا ہے۔
سوال: کتنے لوگ اور کتنی لڑکیاں تھیں آپ کے ساتھ جب آپKPKسے نکلے اور شادی کا جھانسہ دیا۔(جواب: ہم6لوگ تھے جن میں سے4لیڈیز تھیں2میل تھے ۔ میل آپس میں ملے ہوئے تھے وہ سارے غائب ہوگئے)۔
سوال: اچھا جو جاننے والے تھے وہ آپ کے رشتے دار ہیں؟۔ (نہیں رشتے دار نہیں تھے ویسے جاننے والے تھے۔ ) کیسے جاننے والے تھے؟۔ (والدہ کا منہ بولا بھائی بناہوا تھا ) ۔ تو وہKPKمیں ہی رہتا ہے؟۔
جواب: جیKPKمیں رہتا ہے۔ جو آنٹی ہیں وہ بھیKPKکی ہیں۔ (سوال: مطلب آپ کو کہا گیا کہ آپ کے اچھے رشتے اور شادی کروادیں گے اور آپ کو سندھ میں لیکر آئے اور بازار حسن میں بیچ دیا۔ )۔ جی ایسے ہی ہے۔
سوال: تو آپ جب وہاں سے نکلی ہیں تو آپSSPیاDIGآفس کیسے پہنچیں؟۔ (جواب: ٹیکسی والے جو ڈرائیور تھے ۔ ایک نے میری مدد کی ہے، انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ آپ ڈائریکٹ نہ جائیں کیونکہ یہ سارے لوگ ملے ہوتے ہیں، تو پھر دوبارہ آپ ادھر ہی پہنچ جائیں گی۔ آپ اوپر سے آئیں یا کوئی سفارش لیکر آئیں۔ اس طرح نہیں جانا۔ میں نے پوری رات آپ کے مقامی بڑے ہسپتال میں گزاری ہے۔ ادھر روڈوں پر پھرتی رہی ہوں پھر صبح6بجے کے ٹائم میں یہاں سے واپس نکلی ہوں تو میں نے ان کی مدد لی ہے)۔
سوال: آپ کے علاوہ6لڑکیاں برآمد ہوئی ہیں باقی لڑکیوں کو انہوں نے غائب کردیا؟۔(جواب :چار برآمد ہوئی ہیں اور باقی کو ہم نہیں جانتے ۔ )
سوال: جو لڑکیاں بند تھیں ان کو بھی شادی کا جھانسہ دیکر بلایا تھا؟
جواب: جی ہاں! وہ کہہ رہی تھیں کہ آپ نے ان کی باتوں میں نہیں آنا ہے۔ یہ جھوٹ موٹ کے اپنے شوہروں کیساتھ نکاح کرواکر غلط کام کرواتے ہیں۔وہ پہلے ایک بوڑھا آدمی نکاح کیلئے لائے تو انہوں نے انکار کیا ، دوسرا کوئی اور بندہ لیکر آئے تھے جسکے ساتھ نکاح کررہے تھے لیکن موقع پر پولیس پہنچ گئی ہے جہاں پر وہ وکیل سارے بیٹھے ہوئے تھے۔ تو موقع پر پولیس نے سب کو پکڑ لیا ہے۔
عمران ملک: ہمارے ساتھ موجود ہیں جوKPKسے لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دیکر لایا گیا اور جن کے یہاں بیچا گیا جن کا نام بینظیر بتایا جاتا ہے۔ ہم گفتگو کرتے ہیں۔ یہ جو لڑکیاں ہیں آپ نے کتنے میں خریدی ہیں؟۔
جواب:8لاکھ میں۔ (سوال: آپ نے کیوں خریدی تھیں کوئی غلط کام کروانے تھے؟۔ ) نہیں نہیں غلط کام نہیں میں نے بچے کی شادی کرنی تھی۔ (کس کی شادی؟) ایک بیٹا ہے ایک بھانجا ہے میرے ساتھ رہتا ہے اس کی شادی کرانی تھی۔ (سوال: آپ کہاں رہتے ہو؟) جواب:ہم ادھر سرے گھاٹ پر۔ (سوال: بازار حسن تو اچھی جگہ نہیں ہے وہاں رہنے کے بعد ؟)
جواب : شادی کرواکر اپنے گھر بھیجنا ہے کہ ادھر بٹھانا ہے۔
سوال: تو آپ تو خود بازار حسن میں بیٹھے ہیں تو وہاں سے لڑکیاں لاکر یہاں کیا کام کروانا تھا شادی کرکے ؟ (جواب: نہیں کوئی کام نہیں کرانا تھا۔ شریف خان نے بھیجا ہے اپنے بچوں کے پاس بھیجا ہے)۔ سوال: تو آپ اپنے رشتے داروں میں شادی کرلیتے8لاکھ میں بچیوں کو خریدنے کا کیا مقصد تھا؟۔
جواب: یار ادھر نہیں ملا تو ہم ادھر سے لے رہے تھے اس میں مجھے کہا کہ ہمارے پاس لڑکیاں ہیں ہم دیں گے۔ میں جبھی لے رہی تھی۔
سوال: آپ کو پتہ نہیں لڑکیاں خریدنا اور بیچنا کتنا بڑا گناہ ہے اور کتنا بڑا جرم ہے؟۔(جواب: وہ مالکان تھے انہوں نے بیچا ہے میں نے تھوڑی بیچا ہے۔ ان کے ماں باپ نے بیچا ہے ۔ لڑکی اپنے ماموں کے ساتھ آئی اس نے مجھ سے پیسے لئے ہیں)۔ عمران ملک: مارکیٹ پولیس کا ایک اور بڑا کارنامہ شادی کا جھانسہ دیکر چند لڑکیوں کو خیبر پختونخوا سے لایا گیا اور بازار حسن میں بیچ دیا گیا۔ یہ کیا صورتحال ہوئی ہے اور لڑکیوں کو کیسے ریکور کروایا گیا ہمارے ساتھSHOمارکیٹ محمد خان صاحب موجود ہیں ان سے گفتگو کریں گے۔
SHOمارکیٹ محمد خان: یہ نظام دین اور جعفر نام کاKPKسے تعلق رکھتا ہے وہ ان کو لیکر آیا شادی کے بہانے سے اور ان کو کہا آپ کی شادی کرواتا ہوں۔ تو وہاں سے ایک لڑکی بھاگ کر صبح کو ہمارے پاس یہاں آئی۔ اس نے کہا میری دو اور بہنیں ہیں اور ایک ماں ہے میری جن کو انہوں نے قید کیا ہوا ہے۔ یہاں پر ہم نے ریڈ کیا دو وہ بچیاں اور ایک ان کی ماں ان کو ہم نے ریکور کروایا۔ اور انکا یہ کہنا تھا کہ شادی کے بہانے سے انہوں نے ہمیں یہاں قید کیا ہوا ہے۔ جعفر نامی لڑکاہمیں بیچ کریہاں سے بھاگ گیا ۔ (سوال: کتنے پیسے لئے کتنے میں فروخت ہوئیں ؟) جواب : یہ بول رہے ہیں8لاکھ روپے میں بقول ان کے جن کے گھر سے برآمد کیا ہے ان عورتوں کواور دو کو۔ لیکن یہ جو کہہ رہی ہیں1،1لاکھ روپیہ ان کامقصد ہے انہوں نے8لاکھ روپے دئیے ہیں۔
سوال: جن کو بیچا ہے ان کو بھی آپ نے گرفتا ر کیا ہے؟۔
جواب: جی ، جسکے گھر سے برآمد ہوئی ہیں ان کی دو عورتیں ہم لیکر آئے ہیں۔ (سوال: تو وہ کیا کہتی ہیں کہ ہم نے پیسوں میں خریدا؟۔ کس طرح انکے پاس پہنچی ہیں؟ ) وہ کہہ رہی ہیں کہ جعفر نامی لڑکے سے ہم نے خریدیں8لاکھ روپے میں لیکن یہ ہے کہ جعفر نامی لڑکا جو ہے وہ ناہی ان عورتوں کا کوئی رشتہ دار ہے نا ہی ان سے کوئی واسطہ ہے لیکن شادی کے بہانے سے ان کو ضرور لیکر آیا ہے۔
سوال: ایک ویڈیو ہے جس میں پیسے گن رہے ہیں جعفر وہی ہے جو پیسے لے رہا ہے اور یہ ویڈیو پیسے دیتے ہوئے کس نے بنائی ہے۔
جواب: یہ انہوں نے بنائی جسکے گھر پر ریڈ کیا ۔ جب یہ پیسے ان کو دے رہی تھی۔ انہی لڑکیوں نے کہا کہ وہی بندہ ہے جس کو انہوں نے پیسے دیئے ہیں۔
سوال: یہ جو کاروائی ہوئی جنہوں نے بیچا وہ گرفتار ہوگئے یا نکل گئے ہیں؟۔ (جواب: نہیں جو بیچ کر گئے ہیں وہ وہاں سے فرار ہوگئے ہیں)۔سوال: ان کیلئے کوئی کاروائی یا چھاپے مارنے کا پروگرام ہے؟۔ (جواب: بالکل ان کو تو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے بچیاں ہیں کسی کی زندگی کا معاملہ ہے شادی ایک الگ بات ہے لیکن کسی جگہ پر انہوں نے بٹھایا ہوا ہے ہمیں بھی دکھ ہے اس چیز کا۔
عمران ملک: پاکستان میں چلنے والا یہ گھناؤنا دھندا عروج پر ہے۔ جس کو آج ایکسپوز کیا گیا ہے مارکیٹ تھانے پر اور مارکیٹ تھانے کےSHOنے۔ اور جن لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دیکر لایا گیا اور انہیں بازار حسن میں بیچ دیا ان کو برآمد کروالیا ہے۔ یہ حیدر آباد پولیس کی بڑی کامیابی ہے۔
تبصرہ: نوشتہ ٔ دیوار
پاکستان میں اقتدار کا مرکزGHQراولپنڈی ہے اور مذہب کے زیادہ تر ٹھیکیدار میرے پشتون بھائی ہیں۔ جس طرح کے کمرے ہی کمرے کا نقشہ بازارِ حسن حیدر آباد بتایا گیا ہے، اسی طرح کے کمرے لال کرتی راولپنڈی میں بھی ہیں جو اب الحمدللہ بالکل ویران پڑے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق اور مختلف ادوار میں مختلف لوگوں نے ہیرامنڈی لاہور، نیپیئرروڈ کراچی اور برائیوں کے مراکز کو ختم کرنے کی کوششیں بھی کی ہیں لیکن جب تک عورت کے خلاف جبری نظام کے خاتمے کی کوشش نہ ہو تو یہ سانحات رونما ہوتے رہیںگے۔ بازارِ حسن میں زنجیروں سے باندھنا اس بات کی علامت ہے کہ اس میں جبری جنسی زیادتیوں کا کام ہوتا ہے۔ اگر یہ لڑکی خود فرار ہونے میں کامیاب نہ ہوتی تو ان سب کو یہاں استعمال کیا جاتا۔ دوسروں نے بھی انہیں نئے جال میں پھنسنے سے خبردار کیا تھا کہ شادی کے نام پر جھانسہ دیتے ہیں اور غلط کام کرواتے ہیں۔ اس میں کتنے لوگ کہاں کہاں ملوث ہیں؟۔ اس کا اندازہ لگانا اچھا خاصا مشکل ہے۔
یوں تو پنجاب کی غربت کا یہ حال ہے کہ اقرارالحسن نے سرعام میں دکھایا تھا کہ عورتیں اپنی بیٹیاں چند لاکھ میں بیچنے کیلئے تیار ہیں جن کی قیمت بھینس سے بھی کم ہے۔ پنجاب میں لڑکیوں کیساتھ جہیز بھی دینا پڑتا ہے اور پشتون اس سے پیسہ کماتے ہیں۔ دونوں معاشرے میں بے غیرتی کی یہ انتہاء ہے۔ جب تک ان معاشرتی برائیوں کا خاتمہ نہیں کرینگے تو ہر بات دوسروں پر ڈالنے سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔ بونیر سے ایک لڑکی کی افغانی سے شادی کروائی تھی تو وہ بعد میں تگ ودو کے بعد لاہور کی ہیرہ منڈی سے والدین کو مل گئی۔ ایک محسود لڑکی ہیرہ منڈی میں ایک محسود لڑکے کو ملی جس کو رہائی دلائی اور باپ نے اس کوبیچ دیا تھا۔

نوٹ: اس پوسٹ کو مکمل پڑھنے کیلئے ”ایدھی سینٹروں میں یہ کیا کیا ہورہا ہے؟۔” کے عنوان کی پوسٹ ضرور پڑھیں۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv

ایدھی سینٹروں میں یہ کیاکیا ہورہاہے؟

ایدھی سینٹروں میں یہ کیاکیا ہورہاہے؟

پشتون عورتوں سے بغیر نکاح اور نکاح کے نام پر بڑادھوکہ؟

کراچی میں سعدیہ7سال کی عمر میں اغوا ہوئی،19سال کی عمر میں واپس ملی، وہ ان تیرہ سالوں میں کس کرب سے گزری؟۔ کرن ناز سما ء ٹی وی۔کراچی میں7سال کی عمر میں اغوا ہونے والی بچی سعدیہ13سال بعد اپنے والدین کو مل گئی۔ ٹیم7سے8ان کے گھر گئی۔ اس بچی کے ساتھ ان کی زندگی کے بارے میں بات کی۔ دیکھئے اس معصوم بچی کے13سال کیسے گزرے؟۔منیزہ فاطمہ آپ کو بتارہی ہیں۔
منیزہ فاطمہ: کراچی کی سعدیہ جو7سال کی عمر میں لاپتہ ہوئی اور19سال کی عمر میں گھر والوں کو واپس ملی۔ ان13سالوں میں گھر والے اس کی تلاش میں در بدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے۔ اور وہ خود نہ جانے کتنے مسائل کا سامنا کرتی رہی۔ اسے غائب کرنے والا کون تھا؟۔ وہ گھر والوں کو واپس کیسے ملی اور کس حال میں ملی؟۔ اور اس کے ساتھ ان13سالوں میں کیا کچھ ہوتا رہا آئیے جانتے ہیں۔
سعدیہ مجھے یہ بتائیے گا جب آپ کو یہاں سے لیکر گئے تھے جب انہوں نے آپ کو اغوا کیا تھا تو7سال کی تھی آپ بہت چھوٹی تھیں لیکن کچھ تو یاد ہوگا ناں کہ وہ کیسا وقت تھا کہاں لے جاکر انہوں نے رکھا تھا؟
سعدیہ: مجھے امی نے چیز لینے بھیجا تھا دکان پر تو ایک گاڑی آئی تھی اس میں پیچھے سے شیرین جاناں نکلا تھا یہ میرا پہچانا شخص ہے میری بڑی بہن قسمت آپی کا شوہر ہے۔ یہ اکثر میرے گھر میں بھی آتا تھا اسلئے مجھے پہچان ہے اس شخص کی۔ اس نے پہلے مجھے پیار سے بلایا لیکن جب میں نہیں گئی تو اس نے مجھے بازو سے پکڑ لیا اور یہ مجھے زبردستی کھینچ کر اندر لے کر جارہا تھا اور یہ قہقہے بھی مار رہا تھا اس کے ساتھ باقاعدہ4لوگ اور بھی تھے پاکٹ سے کچھ نکالا اور میرے ناک پر رکھ دیا۔ اس کے بعد مجھے نہیں پتہ چلا کہ یہ لوگ مجھے کہاں لے کر گئے۔ لیکن جب میری آنکھ کھلی تھی ایک کمرہ تھا بالکل اندھیرا چھایا ہوا تھا اور وہ مجھے کھانا دینے آیا تھا لیکن جب میں نے اس سے کھانا نہیں لیا تھا تو وہ مجھے دھمکارہا تھا کہ اگر میں نے تمہیں آزاد کیا ویسے تو میں تمہیں آزاد نہیں کروں گا اگر آزاد کر بھی دیا تم نے کسی کو بتایا بھی ناں تو تمہاری بہن میرے حوالے ہے میں اس پر فائرنگ کردوں گا۔ میں روتی تھی چیخ کر تو وہ مجھے تھپڑ مارتا تھا کھینچ کر۔ جس جگہ پر رکھا ہوا تھا وہ ایک جنگل جیسی جگہ تھی اندھیری اندھیری تھی۔ اگر آج بھی میں اس جگہ کو دیکھوں گی تو میں پہچان جاؤں گی۔ وہ4لوگ تھے ان میں سے میرے پاس2تو نہیں آتے تھے لیکن جوآتا تھا وہ بھی باقاعدہ اس کا ساتھ دیتا تھا۔ اس کا چھوٹا بھائی تھا۔ تھپڑ مارتے تھے میرے بال بھی کھینچتے تھے۔ اور انہوں نے2مہینے مجھے اپنے پاس کڈنیپ رکھا اور اسکے بعد مجھے ایدھی فاؤنڈیشن میں ڈراپ کردیا ان میں ایک پولیس کا آدمی تھا جو انہی کا ساتھی تھا۔ اس کو پیسے دیے اور اس کو کہا کہ اس کا پتہ ایسا لکھو کہ دنیا میں اس کا کوئی بھی نہیں ہے۔ جب ایدھی میں گئی تھی تو وہاں کے لوگ اچھے نہیں تھے اور انہوں نے شروعات میں جووہاں لیڈیز وغیرہ تھیں وہاں جو سنبھالتے تھے ان میں سے ایک تسلیمہ نام کی باجی تھیں اس سے میں نے کہا تھا کہ مجھے یہاں نہیں رہنا۔ مجھے اپنے ماں باپ بہن بھائیوں کے نام پتہ ہیں مجھے پلیز میرے گھر تک بھیج دو۔ وہ بے دھڑک اٹھی اور میرے منہ پر تھپڑ مارا کہ تو یہاں بچپن سے بڑی ہوئی ہے اور آج تم کہہ رہی ہو کہ مجھے یہاں نہیں رہنا۔ اور پھر اس نے سیزر اٹھائی اور میرے بالوں پر چلادی۔ اسکے بعد حالات بہت برے گزرے۔ میرے روزے بھی بند کئے تھے اور مجھے سزا میں کھڑا رکھتے تھے۔ بے ٹیم کھانا دے دیتے تھے جب افطاری اور سحری کا وقت چلا جاتا تھا۔ اسکے بعدجب میں نے ان سے معافی مانگی تھی تو انہوں نے مجھے معاف کرتو دیا تھا لیکن میرا اسکول بندکیا تھا میں نے سال کی عمر میں4جماعتیں پڑھیں اس کے بعد میرا اسکول بند ہوگیا تھا پولیس والوں نے ایدھی فاؤنڈیشن میں چھاپا مارا ۔ انہیں لڑکیوں کے حالات کا پتہ چلا کہ وہاں حالات برے ہیں تو سعد اور احمد یہ دونوں سنبھالنے لگ گئے تھے ۔ میں نے ان کو کہا تھا تو ان لوگوں نے مجھے گھر تک پہنچادیا۔ یہ دونوں اچھے تھے۔ میرے ساتھ اور بھی بچیاں تھیں ان کو بھی ایسا رونا آتا تھا جیسے مجھے آتا تھا۔ کسی ایک کو مار پڑتی تھی ہم سب تڑپ جاتے تھے۔ اپنے ماں باپ کیلئے بد دعائیں بھی نکلتی تھیں۔ کچھ ماں باپ ایسے تھے جو اپنی اولادوں کو ایدھی کے دروازے کے پاس پھینک کر چلے جاتے تھے۔ اور کوئی سا بھی دن آتا تھا ناں یتیموں کے ساتھ اچھا نہیں منایا جاتا تھا۔ جیسے کہ ایک مدرز ڈے ہوتا ہے ماں کا دن ہوتا ہے ایک فادرز ڈے ہوتا ہے باپ کا دن ہوتا ہے اکثر ہم بچوں کو ماں باپ کیساتھ دیکھتے تھے تو میرے دل سے شیرین جانان کیلئے بد دعا نکلتی تھی۔ جب میں اپنے رحیم داد کے دو بچوں کو دیکھتی ہوں ابراہیم اور اسماء میرے دل سے بھی یہ بات گزر تی ہے کہ جب میرے ماں باپ میرے پاس نہیں تھے اور یتیم خانے میں تھی تو میں نے بھی ایسی بے بسی کی زندگی گزاری ۔ جیسے میرے آج دو بھتیجے گزار رہے ہیں۔ وہاں پر اکثر جب میں بیمار بھی ہوجاتی تھی کوئی خیال رکھنے والا نہیں تھا دیکھ بھال کرنے والا۔ تو مجھے اپنی ماں یاد آتی تھی کہ جب میں چھوٹی تھی مجھے ذرا سی چوٹ بھی لگتی تھی میری ماں کیسی تڑپ جاتی تھی میری چوٹ کیلئے ۔ اور میرے پاؤں اپنی گود میں رکھ کر کیسے مجھے سکون دلاتی تھی۔ وہاں پر دوستی پر بہت پابندی تھی۔ اگر پتہ چلتا تھا ناں کہ اسکے ساتھ دوستی ہے تو بہت برا مارتے تھے وہ چاروں لیڈیز بے چاری ایک لڑکی نازک سی ہوتی تھی اس پر سب جھپٹ جاتے تھے اور پہلے سے وہ یتیم اپنے دکھ اپنے اندر رکھتی تھی ماں باپ کی زندگی کے تمام شکوے اپنے دل پر رکھے تھے۔ پھر ان چاروں کی مار کھاتے تھے اس طریقے سے وہ بے بس ہوجاتی تھی۔ کچھ تو اپنی موت کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا مانگتے تھے کہ یا اللہ ہمیں موت دیدے۔ اگر پتہ چلتا تھا کہ اسکی اسکے ساتھ دوستی ہے تو دوپٹوں پر آگ لگائی جاتی تھی اور ماچس کی تیلی لگاکر بالوں پر چھوڑ دیتے تھے۔ وہاں پر دو تین لڑکیاں ہیں انکے بالوں پر آگ لگائی تھی۔ راتوں رات ان کو کھڑا رکھتے تھے ایک ٹانگ پر سردی کے دن ہوتے تھے اور بستر کے بغیر فین سر پر کھلا ہوا اور نیچے پانی ہوتا تھا۔ اس طریقے سے زندگی ہم سب کی گزری ۔ کوئی بڑا شخص آجاتا تھا تو لڑکیوں کو بے دھڑک چھوٹے سے کمرے میں50سے زائد لوگ لڑکیوں کو بند کرتے تھے صبح سے بند ہوتے تھے رات تک۔ اسی حالت میں نہ کوئی واش روم کا پوچھتا تھا نہ کھانے کا پوچھتا تھا۔ اسی میں لڑکیاں چیخ کر روتی تھیں دروازہ پیٹتی تھیں ،بہت تڑپتی تھیں میں چاہتی تھی شیرین جانان جیسے لوگوں کو جس نے صرف میرے گھر والوں کو نہیں تمام لوگوں کے بہن بھائیوں کو در بدر کیا ہے ایسے لوگوں کو میں چاہتی ہوں پھانسی پر لٹکایا جائے۔ اب تک یہ میرے باپ کو بھی دھمکیاں دے رہا ہے جیل میں ہوکر بھی۔ میرے باپ نے اس کا کیا بگاڑا تھا؟ جس نے میرے باپ کی پوری زندگی کے پیسے اپنے سر پر اڑادئیے اور ان پولیس والوں کو بھی سزا دینی چاہیے جن پولیس والوں نے اس کا ساتھ دیا اور ان وکیلوں کو بھی۔ جو اس کے وکیل ہیں جو اس کیلئے آواز اٹھارہے ہیں۔ کیا انکے گھر میں ان کی بیٹیاں نہیں ہیں۔ اگر ان کو دربدر کیا جائے تو ان کے دل پر کیا بیتے گا؟۔
منیزہ فاطمہ: ناظرین اس وقت میرے ساتھ سعدیہ کی بڑی بہن موجود ہیں میں ان سے جانتی ہوں کہ انہیں اپنی بہن واپس کیسے ملی؟
سعدیہ کی بہن: میری بہن کو جب اغوا کیا تو دھمکیاں اس نے دیں کہ اگر تو نے اپنے والد یا والدہ کو بتایا تو ہم تمہیں بھی قتل کردیں گے تمہاری بہن کو بھی قتل کردیں گے۔ جب میری دوسری بہن کو پتہ چلا جو جانان شیرین کی وائف تھی قسمت بی بی کہ میرے شوہر نے میری بہن کو اٹھایا ہے تو اس کو بھی قتل کیا تین گولیاں ماریں ، اسی دوران میرا بڑا بھائی یہیں پر بیٹھا ہوا تھا اس کو بھی پتہ چل گیا اور میرابھائی جب اس کے گھر گیا ایک دن اسکے ساتھ بازار یا گھر میں لڑائی کی کہ میری بہن کو تم نے اٹھایا ہے واپس کردو ہم تمہیں کچھ بھی نہیں بولے گا مگر ہماری بہن کو واپس کردو۔ اس کو پتہ چلا کہ میرے سالے کو پتہ چل گیا ہے تو میرے بھائی کو زہر دے کر اس کو مار ڈالا۔ میری بہن کا قتل کروایا تو اسی وقت میرے والدین گئے مگر یہ مفرور ہوگیا تھا۔ میرے والدین نے اس پر رپورٹ کروایا ۔ میری بہن کا پوسٹ مارٹم کیا اس کی قبر کھودی، مگر یہ مفرور تھا اور کتنے سالوں تک یہ مفرور گھوم رہا تھا۔ ابھی تقریباً دو سال ہوئے ہیں ہم لوگوں نے اس کو پکڑا ہوا ہے۔ ہمیں پتہ چلا کہ یہ فلانی جگہ پر رہتا ہے تو ہم وہاں گئے وہاں ہم نے4نمبر کورنگی تھانے سے اس کو اٹھوالیا۔ ہم لوگ بھائی کی باڈی قائد آباد تھانے میں لے کر گئے تھے مگر وہ لوگ ہماری فریاد نہیں سن رہے تھے ہماری رپورٹ نہیں لے رہے تھے ۔ بھائی کی باڈی قائد آباد پولیس تھانے کے سامنے ہم لوگوں نے رکھی ہوئی تھی اوریہ اسی بھائی رحیم داد کے بچے ہیں جس کا قتل ہوا ہے۔ اس کو زہر دے کر مارڈالا ہے یہ اس کا بیٹا ابراہیم ہے یہ چا ر مہینے کا تھا، اور اس کی بیٹی اسماء ہے یہ ڈیڑھ دو سال کی تھی۔ میری بھابھی کا بھائی اور ان بچوں کا ماموں شیرین جانان کا دوست ہے وہ زبردستی آیا اور میری بھابھی کو اٹھا کر لے گیا اس کی شادی دوسری جگہ کردی۔ ان بچوں کیساتھ نہ ماں ہے اور نہ باپ ۔ اس کو سزائے موت دیا جائے ان لوگوں نے ظلم کیا ہے ۔ میری امی کی آنکھوں کی نظر چلی گئی میرا ابو شوگر کا مریض ہوگیا۔ ہم لوگوں کے پاس اپنی سوزوکیاں تھیں اور اپنی کاریں تھیں اور جب سعدیہ گم ہوگئی ابو نے اس کے اوپر لاؤڈ اسپیکر لگاکر گلیوں گلیوں ڈھونڈا ندیوں میں ڈھونڈا سب دولت اسی کے پیچھے اڑادیا۔ باقی ایسا دن بھی ابو کو دیکھنا پڑا کہ میرے ابو کے پاس کرائے کے پیسے نہیں تھے ابو لوگ گھر پر بیٹھے ہوئے تھے مالک مکان نے اس کے پیچھے تالا لگایا تھا۔ یہ سعدیہ کے بچپن کے کپڑے تھے امی نے کل نکالے تھے تو سعدیہ رونے لگ گئی جب سعدیہ کو یاد آیا کہ یہ کپڑے میں نے اس دن پہنے تھے۔ اور یہ میں نے اپنے ہاتھوں سے بنائے تھے سعدیہ کیلئے پوری تھیلی بھر کر رکھی ہوئی ہے۔
سعدیہ : خوشی ہورہی تھی کہ آج تک میرے اپنوں نے بہت پیار کیا کہ بچپن کے کپڑے بھی سنبھالے ہیں۔
تبصرۂ نوشتۂ دیوار
معاشرتی برائیاں، اس پر پولیس اور وکلاء کی زیادتیاں اور ایدھی جیسے ادارے کی حالت کتنی افسوسناک ہے؟۔ ایک اچھے ماحول کیلئے ضروری ہے کہ اسلام کو بنیاد بنایا جائے۔ حجاز مقدس میں اسلام سے پہلے کوئی حکومت نہیں تھی لیکن بڑی معاشرتی اور مذہبی جہالتوں کا معاشرے کو سامنا تھا۔ آج ہمارے حالات پہلے سے بھی زیادہ بدتر ہوچکے ہیں۔ کراچی میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتے ہوئے قیمتی جانوں کا ضیاع معمول کا حصہ ہے۔ یونیورسٹی کے ایک طالب علم کو موبائل چھین کر ایک14سالہ افغانی نے جان سے ماردیا اور اس کا دوسرا ساتھی فرار ہوگیا۔ اس کو پہلے بھی پولیس نے زخمی کرکے گرفتا رکیا تھا اور پھر عدالت سے رہائی مل گئی تھی۔ جب نوازشریف کو سزا کے باوجود بھی ملک سے باہر بھیج دیا گیا اور شہباز شریف نے اس کی ضمانت دی اور پھر اس کو بہت مختصر ووٹوں کیساتھ وزیراعظم بھی بنادیا گیا تو ہمارے ملک کی اخلاقیات کہاں سے بنیںگی؟۔ افغانستان سے آنے والے بچوں اور خواتین کو سندھ کی جیلوں میں ڈالنا بہت بڑی زیادتی ہے لیکن ایک طرف دہشت گردی کی فضاء ہے اور دوسری طرف ڈکیٹی کی فضاء میں اس سے اضافہ ہوتا ہے۔ اگر افغانستان میں بہترین ہسپتال، سکول، کالج اور یونیورسٹیاں قائم کی جائیں تو پوری دنیا سے بڑے پیمانے پر ان کی مدد ہوگی اور افغانی اس طرح جیلوں اور بے راہ روی کا شکار بھی نہیں ہوں گے۔ پاکستانی پشتونوں کو بھی اپنے حالات درست کرنے ہوںگے۔ قوم پرستی کے بلند بانگ رہنما اپنی قوم کی اصلاح نہیں کرتے ۔ صرف دنیا پر الزامات تھوپتے رہتے ہیں۔

نوٹ: اس پوسٹ کو مکمل پڑھنے کیلئے ” صوابی سے بازار حسن تک کی واردات” کے عنوان کی پوسٹ ضرور پڑھیں۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv

مسلک اہلحدیث کی سخت بے اعتدالی؟

مسلک اہلحدیث کی سخت بے اعتدالی؟

حنفی مسلک کے علمائِ حق کی جیت بالکل یقینی ہے لیکن اصولوں کے عین مطابق چلنا ہوگا!

مسلک اہلحدیث نے حلالہ کا راستہ روکنے کیلئے یہ راستہ اختیار کیا ہے کہ ” ایک مجلس کی تین طلاقیں ایک طلاقِ رجعی ہے”۔ دلیل یہ دی ہے کہ رسول اللہ ۖ ، حضرت ابوبکر اور حضرت عمر کے ابتدائی دور میں اکٹھی تین طلاق کو ایک سمجھاجاتا تھا اور پھر حضرت عمر نے ایک ساتھ تین طلاق پر بھی تین کا حکم جاری کردیا”۔ لیکن جب عورت کو اسکا شوہر تین طلاق دے اور وہ عورت رجوع کیلئے راضی نہ ہو تو پھر اس کو طلاق رجعی قرار دینے سے نہ صرف عورت کا نقصان ہوگا بلکہ اسلام کی بنیادی تعلیمات کے بھی منافی ہوگا اسلئے کہ قرآن نے جس اصلاح کی شرط پر شوہر کو رجوع کا حکم دیا ہے اسکے بغیر ایک طلاق کے بعد بھی شوہر کو رجوع کا حق حاصل نہیں۔ کیونکہ عورت پر ایک عدت گزارنا اللہ نے فرض کردیا ہے اور مولوی شوہر کو تین عدتوں کا حق دیتا ہے۔ جب وہ طلاق دینے کے بعد عدت پوری ہونے سے پہلے یا آدھا بچہ نکلنے سے پہلے رجوع کرلے تو رجوع ہوگا ۔ پھر شوہر نفاس کے بعد پاکی کے دنوں میں ایک اور طلاق دے تو دوسری عدت گزارنی پڑے گی اور عدت کے آخر سے پہلے پھر شوہر رجوع کرلے اور پھرطلاق دے تو عورت کو تیسری عدت بھی گزارنی پڑے گی۔ یعنی مولوی شوہر کو طلاق رجعی کے نام پر ایک عدت کا نہیں تین عدتوں کا حق دیتا ہے، حالانکہ اللہ نے اس کو ایک عدت کا حکم دیا ہے۔ اہلحدیث کی طرف سے ایک ساتھ تین طلاق کو ایک طلاق قرار دینے کی وجہ سے عورت پر مظالم کا بوجھ مزید بڑھ جاتا ہے۔ اہلحدیث کے بانی نواب صدیق حسن خان مرحوم تھے جن کی داڑھی بھی بہت چھوٹی تھی اور اب مفتی حماد کہتے ہیں کہ نبیۖ نے خواب میں فرمایا کہ ” جن کی داڑھی بڑی ہے ،ان کی دعوت قبول ہے”۔ چھوٹی داڑھی والے جماعت اسلامی کے جاویدپراچہ بھی میڈیا پر ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ ان خوابوں کا دعویٰ تبلیغی جماعت، دعوت اسلامی ، علامہ اقبال یہاں تک کہ قادیانی بھی کرتے ہیں۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ شریعت قرآن وسنت کا نام ہے یا خوابوں سے اس کی تصدیق اور تردید ہوگی؟۔ نبی ۖ نے فرمایا کہ نبوت میں سے کچھ بھی باقی نہیں مگر مبشرات جس سے رویائے صالحہ مراد ہیں۔ نبوت کا کچھ حصہ باقی رہ جائے تو ختم نبوت پر ایمان نہیں ہوسکتا ہے۔ لغت میں نبوت غیب کی خبر اور جمع نبوأت ، غیب کی پیشین گوئیاں قرآن واحادیث میں موجود ہیں۔ جن میں دوبارہ اسلام کی نشاہ ثانیہ اور خلافت کے قیام کی خبر بھی ہے۔ صالح خوابوں کا تعلق صرف پیشین گوئیوں سے متعلق ہے، اگر خواب کی تعبیر اور پیشگوئی درست ثابت ہوگئی تو وہ حدیث کے مطابق صالح خواب ہے اور اگر درست ثابت نہیں ہوئی تو تعبیر کی غلطی یا خواب درست نہیں ہوگا۔ قرآن میں طلاق کے احکام بہت واضح ہیں اور حدیث صحیحہ سے ان کا کوئی تصادم نہیں ہے لیکن سارے مسالک والوں نے اس کو عجوبۂ روزگار بنادیا ہے۔ حنفی مسلک کے درست اصولوں سے معاملہ حل ہونے میں دیر نہیں لگے گی مگر حنفی علماء کے سرخیل نے سود کو حیلہ سازی کرکے جواز فراہم کرنے تک بات پہنچادی ہے۔ مسلم لیگ ن کے سنیٹرمشاہداللہ خان نے حلالہ کے خلاف ہمارے ایڈیٹر ملک محمد اجمل کو بیان دیا تھا جو ہم نے ان کی زندگی میں چھاپ دیا تھا لیکن پھر اچانک ان کی وفات ہوگئی۔ حامد میر نے بتایا کہ ایک وہ ٹیکنالوجی بھی ہے کہ جس میں بڑے بڑے لوگوں کو قتل کردیا جاتا ہے اور اس کی موت کا الزام بھی کسی پر نہیں آتا ہے۔ سینٹر مشاہداللہ خان ایک جرأتمند اور بیباک انسان تھے ۔ کیا اس کو راستے سے ہٹادیا گیا ہے؟۔
مولانا فضل الرحمن نے مجھ سے کہاتھا کہ کراچی کے اکابر علماء ومفتیان کو حاجی محمد عثمان کے خلاف فتوؤں پر ذبح کردو، چھرا تمہارے ہاتھ میں ہے، اگر وہ اپنی ٹانگیں ہلائیںگے تو ہم پکڑ لیںگے۔ ذاتی معاملات پر ہم نے صبر وتحمل سے کام لیا تھا لیکن اب اسلام اور مسلمان خواتین کی عزتوں، لوگوں کے گھر اور معاشرے کو تباہ کرنے کا معاملہ ہے۔ مولانا فضل الرحمن اسلام کی درست تعبیر کیلئے علماء ومفتیان سے میری نشست کرادیں تو پاکستان، افغانستان اور سعودی عرب کے علماء ومفتیان سمیت پوری دنیا میں اسلام کا ڈنکا بجے گا۔ مدارس میں اسلام کی رونقیں بحال ہوں گی۔ مساجد میں جمعہ کی تقاریر سننے کیلئے عوام الناس جوق در جوق آئیںگے۔
پچھلے شمارے میں غلطی سے یہ خبر آگئی تھی لیکن ڈاکٹرمجید صاحب جمعیت میں ہیں۔ حافظ حسین احمد بھی جمعیت میں ہیں۔ مولانا شیرانی ، مولانا گل نصیب خان، مولانا شجاع الملک اور مولانا عصام الدین بھی واپس آسکتے ہیں۔ جمعیت علماء بڑی جماعت ہے جس میں چند افراد کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اگر اسلامی بنیادوں پر معاشرے کی درست تشکیل ہوجائے تو بہت بڑا اسلامی انقلاب آسکتا ہے۔ نہیں تو پھر ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں سیلاب متاثرین کے ٹینٹ اور سندھ موٹر وے کی اربوں غبن سوالیہ نشانات ہونگے۔

نوٹ: اس پوسٹ کو مکمل پڑھنے کیلئے ” مسلک شیعہ کی زبردست بے اعتدالی” اور ” مسلک حنفی کی زبردست اعتدال پسندی؟” کے عنوانات کی پوسٹ ضرور پڑھیں۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv

مسلک حنفی کی زبردست اعتدال پسندی

مسلک حنفی کی زبردست اعتدال پسندی

حنفی مسلک کے علمائِ حق کی جیت بالکل یقینی ہے لیکن اصولوں کے عین مطابق چلنا ہوگا!

مسلک حنفی وہ نہیں ہے جو حنفیوں کی طرف منسوب فقہاء نے اپنی نالائقی کے سبب دنیا میں مشہور کیاہے۔ قرآن وسنت اور فقہ حنفی کا اصول ہے کہ ” عدت میں عورت کا اپنے شوہرسے نکاح قائم رہتا ہے”۔اسلئے جب تک عورت کی عدت ختم نہ ہو تو عورت کسی اور سے نکاح نہیں کرسکتی ہے۔ شافعی مسلک کا اصول ہے کہ عدت میں بھی عورت کا نکاح ختم ہوجاتا ہے۔ مثلاً شوہر نے بیوی کو طلاق دیدی تو عدت میں حنفی مسلک کے نزدیک نکاح برقرار ہے اور شافعی مسلک کے نزدیک نکاح ختم ہوچکا ہے۔ اس کے نتیجے میں شافعی مسلک کے ہاں یہ مسئلہ ہے کہ ”اگر رجوع کی نیت نہ ہو تو عدت میں جماع کرنے سے بھی رجوع نہیں ہوسکتا ہے” اور حنفی مسلک میں ”اگر نیت نہ ہواور عدت میںغلطی سے شہوت کی نظر عورت پر پڑگئی توبھی شوہر کا رجوع ثابت ہوجائیگا”۔
فقہاء کے سات طبقات ایکدوسرے سے اوپر بیان کئے گئے ، جن کے اپنے اپنے دائرہ کار ہیں اور جس طرح قرآن میں سات آسمانوں کا تاحال سائنس میں پتہ نہیں لگ سکا ہے اسی طرح فقہاء نے بھی جو سات طبقات بنائے ہیں ان کے بارے میں کوئی خاص اور درست وضاحت علماء ومفتیان کو معلوم نہیں ہے۔ علماء ومفتیان سات آسمانوں کی طرح فقہاء کے سات طبقات پر بھی ایمان بالغیب کی طرح اعتقاد رکھتے ہیں۔
فتاویٰ قاضی خان، فتاویٰ شامی ،صاحب ہدایہ نے اپنی کتاب تجنیس، مفتی تقی عثمانی نے فقہی مقالات اور تکملہ فتح المہلم میں لکھا کہ ” سورۂ فاتحہ کو علاج کیلئے پیشاب سے لکھنا جائز ہے”۔ جب ہم نے مفتی تقی عثمانی پر ضرب حق لگائی تو اس کے چودہ طبق روشن ہوگئے۔ روزنامہ اسلام اخبارمیں اپنی کتابوں سے عبارات نکالنے کا اعلان کردیا۔ فقہی مقالات مارکیٹ سے اٹھاکر اس کا وہ صفحہ تبدیل کردیا جس میں سائز کا فرق واضح ہے اورپھر اسلام اخبار میں اشتہار دیا کہ ”مجھ پر بہتان لگانے والے خدا کا خوف کریں”۔ ہفت روزہ ضرب مؤمن میں پھر اسلام اخبار کی دونوں باتوں کو ایک ساتھ شائع کردیا۔ ایک طرف اپنی کتابوں سے نکالنے اور متوجہ کرنے پر شکریہ ادا کرنے کا بیان اور دوسری طرف بہتان لگانے کا اشتہار تھا۔ سودی بینکاری کے خلاف دیوبندی بریلوی اور اہلحدیث سب متفق تھے لیکن پھر اسلام کاسب نے مل کربری طرح بہت حلیہ بگاڑ دیا ۔
قرآن نے واضح آیات میں بتایا کہ باہمی اصلاح اور معروف طریقے سے طلاق میں عدت کے اندر اور عدت کی تکمیل کے بعد رجوع ہوسکتا ہے مگرنام نہاد فقہاء نے لکھ دیا کہ ” اگر عورت کو حمل تھا اور اس کا بچہ آدھے سے زیادہ نکل چکا تھا تو رجوع نہیں ہوسکتا ہے اور آدھے سے کم نکلا تھا تو رجوع ہوسکتا ہے”۔ اگر مولوی کاباپ اس وقت رجوع کرے جب اس کی ماں کے بالکل نصف بچہ باہر نکالا ہو تو پھر رجوع کاکیا فتویٰ ہوگا؟۔
قرآن کی واضح آیات میں طلاق کے بعد رجوع کیلئے صلح اورمعروف طریقہ شرط ہے ، عدت کے اندر بھی اور عدت کی تکمیل کے بعد بھی اور عدت کی تکمیل کے کافی عرصہ بعد بھی باہمی رضامندی سے رجوع کا راستہ روکنا اللہ تعالیٰ نے واضح الفاظ میں منع کردیا ہے۔ البتہ جب ایک ایسی رسم دنیا میں موجود تھی کہ عورت کو طلاق دینے کے باوجود بھی اپنی مرضی سے دوسری جگہ شادی نہیں کرنے دی جاتی تھی تو اللہ نے اس بری رسم کو ختم کرنے کی بنیاد پر ایسے الفاظ استعمال کئے کہ جس سے عورت کو طلاق کے بعد مکمل آزادی مل گئی۔ اس میں مروجہ حلالے کا کوئی تصور نہیں تھا۔ مجھ پر ذاتی حیثیت سے یہ الزام تھا کہ کسی کی بیوی اٹھاکر اسکی شادی میں نے اپنے بھانجے سے کرادی ، جس کی بنیاد پر طالبان کو ورغلایا گیا اور ہمارے گھر پر حملہ کرکے13افراد شہید کروائے گئے۔
میں اس بات کی گارنٹی دیتا ہوں کہ قرآن میں صرف ایک غلط رسم کو ختم کرنے کیلئے اللہ نے آیت230البقرہ میں ایسے الفاظ استعمال کئے ، جس کا مقصد صرف اس غلط رواج کا خاتمہ تھا کہ طلاق کے بعد عورت کو اپنی آزادی سے کسی اور کیساتھ نکاح نہیں کرنے دیا جاتا تھا۔اس غلط رسم کو ختم کرنے میں میرے والد مرحوم نے اپنی ایک بیوی کو طلاق دیکر پہل کی تھی جس کی وجہ سے ان کی عزت بڑھ گئی اور پھر میں نے بھی ایک عورت کے حق کی خاطر اپنا کردار ادا کیا تھا۔ اس نیکی کا صلہ ہوسکتا ہے کہ اللہ نے مجھ پر اپنا فضل کردیا ہے اور طلاق کے مسئلے پر قرآن واحادیث صحیحہ اوردرست مسلک حنفی کی روشنی میں پوری دنیا کے اندر اسلام کا نام روشن ہوگا۔ انشاء اللہ۔ حضرت حاجی محمد عثمان پر بھی علماء ومفتیان نے پیسہ کھاکر نہ صرف غلط فتوے لگائے تھے بلکہ یہاں تک بھی لکھ دیا کہ انکے عقیدتمندوں کے نکاح کا انجام کیا ہوگا؟۔ عمر بھر کی حرامکاری اور اولاد الزنا!۔ جب موقع ملے گا تو نہ صرف حلالہ کی لعنت کا خاتمہ ہوگا بلکہ جھوٹے پروپیگنڈے اور اسلام کو بیچنے والوں کی بھی خیر نہ ہوگی۔ اگر مذہبی وسیاسی جماعتوںاور مدارس کے اپنے وارث ہیں تو اسلام کے وارث بھی موجود ہیں۔

نوٹ: اس پوسٹ کو مکمل پڑھنے کیلئے ” مسلک شیعہ کی زبردست بے اعتدالی” اور ” مسلک اہلحدیث کی سخت بے اعتدالی؟” کے عنوانات کی پوسٹ ضرور پڑھیں۔

www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv