ٹرمپ کا شکریہ جس نے تھوڑی دیر کیلئے ہمیں جگادیا. ایم کیو ایم کے سینیٹر بیرسٹر سیف کا سینٹ میں خطاب
اسلام آباد (انٹرنیٹ ویڈیو ریکارڑنگ) پاکستان کے ایوان بالا قانون سازسینٹ سے ایم کیو ایم کے سینیٹر بیرسٹر سیف نے چیئر مین سینٹ رضا ربانی کی اجازت سے جو خطاب کیا ، اس نے رضا ربانی ، ارکان سینٹ ، پوری پاکستانی قوم اور اُمت مسلمہ کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ سورہ بقرہ کی آیت کا حوالہ دیکر کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اُمت وسط کا کردار اُمت مسلمہ کو دیا ہے ، جسکی تفسیر میں سب سے بنیادی بات یہ ہے کہ اس کا انفرادی و قومی اپنا کردار ہوگا تو وہ اللہ کی طرف لوگوں کو دعوت دینے کا فریضہ ادا کرسکے گی۔ پہلے یہ کردار بنی اسرائیل کے پاس تھا، اب اُمت مسلمہ نے اپنا سب کچھ کھو دیا ہے ، میں جرأت کرکے ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے تھوڑی دیر کیلئے ہمیں جگا دیا مگر ہم سوائے شور شرابہ کے کچھ نہیں کرسکتے، جذباتی تقریریں کرلیں گے لیکن یہ جوش و خروش کسی کام کا نہیں ہوگا۔ اسرائیل اور امریکہ پر لعن طعن کرنیکے بجائے ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا۔ امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ ڈینمارک ضلع پنڈی جتنا ملک ہے۔ کارٹون کے مسئلے پر ہم اس کا بھی کچھ نہیں بگاڑ سکے۔ فیض آباد چوک پر چند مولوی کا دھرنا ہم منتشر نہ کر سکے انکو پیسے بھی دئیے۔ تو امریکہ کا ہم کیا مقابلہ کرسکیں گے؟۔ میرے پاس امریکہ کے دو سال کا ویزا ہے ، میں اس کو ختم نہیں کرسکتا تو اور کیا کرلوں گا؟۔ سینٹ میں جن لوگوں کے پاس امریکہ کے ویزے لگے ہوئے ہیں وہ ان کو پھاڑ کر ضائع کردیں پھر تقریر کریں۔ بندروں نے ڈگڈگی بجانے والوں کیخلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا تو کسی نے بتایا کہ تم ان کی ڈگڈگی پرناچنا پہلے بند کردو ، پھر انکے خلاف جو کچھ کہنا ہو کہو۔ صلاح الدین ایوبی کی تاریخ پڑھو ، مکہ مدینہ کے حکمرانوں اور عربوں نے انکی مدد اسلئے نہیں کی کہ وہ کرد تھا، پاکستان کے علاوہ سارے اسلامی ممالک اسرائیل سے تعلقات کیلئے ترس رہے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے جو کچھ کہا نیٹ پر ان کی ویڈیو دیکھنے کے قابل ہے ضرور دیکھئے۔