عدت کی علت کیا ہے؟ جاوید احمد غامدی
عدت کی علت کیا ہے؟ جاوید احمد غامدی
تبصرہ: جاوید غامدی کی فضول بکواس
جاویداحمد غامدی نے کہا کہ ”عدت کی علت استبراء رحم ہے اور قرآن نے واضح کیا ہے کہ اگر ملاقات سے پہلے طلاق دی تو عدت نہیں ہے، اس طرح بچے کی پیدائش دو دن بعد ہوگئی توپھر عدت نہیں ۔ جہاں تک رجوع کا تعلق ہے تو اس میں فائدہ ہے کہ رجوع ہوسکتا ہے لیکن یہ علت نہیں ہے۔ پہلے ایسے ذرائع نہیں تھے کہ حمل کا پتہ چلتا اسلئے تین حیض کی عدت رکھ دی تاکہ اطمینان ہوجائے کہ بچہ نہیں اور بیوہ کیلئے4ماہ10دن ہیں تاکہ اچھی طرح سے اطمینان ہوجائے۔ اب اگر کوئی ایسے ذرائع آگئے جس سے حمل کا پتہ چلے تو عدت کی ضرورت نہیں ہے ”۔
جاوید غامدی کی فضول بکواس
قرآن میں بیوہ کی عدت4ماہ10دن بالکل واضح ہے۔ حضرت علی نے اس حدیث کو مسترد کردیا ،جس میںحمل کے اندر بیوہ کی عدت4ماہ10دن سے کم چنددن بیان کی گئی ہے۔ بیوہ اور طلاق شدہ کی عدت میں اللہ نے ایک مہینہ دس دن کا فرق رکھا ہے۔ طلاق کے احکام میں وضع حمل بچے کی پیدائش ہے۔ بیوہ کی عدت کیلئے وضع بچے کی پیدائش قرآن سے ثابت نہیں۔
حضرت علی نے قرآن کے مقابلے میں حدیث کو مسترد کیا تو مقصد حدیث کی مخالفت نہیں تھی بلکہ قرآن کا تحفظ تھا۔ یہ بہت عجب اتفاق ہے کہ حنفی قرآن کے مقابلے میں حدیث کی مخالفت کریں تو پھر حدیث ناقابلِ اعتماد ہو۔ پرویز اور غامدی حدیث کو قرآن سے متصادم قرار دیں تو وہ قرآن کے تحفظ کی بات ہے لیکن علی کے مسلک کو حدیث کا مخالف قرار دیا جائے؟۔
مجھے شیعہ کی فقہ جعفریہ سے کوئی ہمدردی نہیں ہے اسلئے کہ مجھے کچھ معاملات قرآن کے خلاف ان میں لگتے ہیں لیکن پیمانہ عدل کیساتھ رکھا جائے تو لوگ دین کی سمجھ حاصل کرسکیں گے۔
جاوید غامدی کا لگتا ہے کہ اب دماغ بھی کام کرنا چھوڑ گیا۔ اللہ نے کہا کہ جن عورتوں کو حیض نہیں آتا ہے یا انکے بارے میں تمہیں ارتیاب ہے تو پھر3مہینے کی عدت ہے۔ غامدی نے کہا کہ وان ارتبتم کی صورت میں بھی عدت نہیں ہے۔ حالانکہ جس عورت کو حیض نہ آتا ہو تو وہ معلوم ہے کہ اس کو بچہ نہیں ہوسکتا ہے۔ پھر بھی اس کی عدت تین ماہ ہے اور جس کے حیض میں کمی بیشی کا معاملہ ہو تو پھر اس کے بھی تین ماہ ہیں۔ کیونکہ اگر ایک مہینے میں تین حیض آگئے تو رجوع کی مہلت کے ساتھ زیادتی ہوگی اور اگر زیادہ عرصہ بعد حیض آتا ہو تو عورت کیساتھ انتظار کی مدت میں زیادتی ہوگی۔ ہمارے ہاں قرآن میں تدبر کی جگہ فقہ کے مسائل رٹائے جاتے ہیں۔ جن میں تضادات ہی تضادات ہیں اور پھر ان کا فائدہ اٹھاکر نئے نام نہاداسکالرکھود تے ہیں۔
جہاں صحابہ کرام اور احادیث صحیحہ کے ماننے کی بات ہوتی ہے تو وہاں احادیث اور صحابہ کرام کی بات بھی نہیں مانتے ہیں۔
قرآن وحدیث میں عدت کی اقسام : علت کی وجوہات مولانا فضل الرحمن علم وسمجھ رکھنے والے علماء کرام کو لائیں!
عمران خان کو وزیراعظم بنانے سے زیادہ اہم عدت میں نکاح کے کیس کا حل نکالنا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان نے تحریری طلاق کے بعد جو نکاح کیا ہے وہ پاکستان کے عائلی قوانین کے مطابق درست نہیں ہے اور پھر عمران خان نے دوبارہ بھی نکاح کرلیا ہے۔ جھوٹ کے بجائے سچ کا راستہ اختیار کیا جائے تو قوم کی اصلاح ہوگی۔
قرآن میں ایلاء یا ناراضگی کی عدت4ماہ ہے۔ سب سے پہلے یہی عدت آیت226البقرہ میں واضح ہے۔ اگر طلاق کا عزم تھا تو پھر اس کا دل گناہ گار ہوگا اسلئے کہ عورت کی ایک ماہ اضافی عدت ہو گی۔ طلاق کے اظہار پر عدت3ادوار یا3ماہ ہے۔ جو آیت228البقرہ میں واضح ہے۔ آیت225،226،227اور228البقرہ میں معاملہ بالکل واضح ہے۔ قرآن کی سب سے پہلے اور اہم ترین عدت کو بھی بالکل چھوڑ دیا گیا ہے ، جب بنیاد خراب ہوگی تو اس پر بلڈنگ کی تعمیر کہاں درست بیٹھ سکتی ہے؟۔
چونکہ اللہ تعالیٰ نے عورت کو قرآن میں تحفظ دیا ہے ۔ جب اس تحفظ کو نظر انداز کردیا گیا تو معاملہ یہاں تک پہنچ گیا کہ تمام فرقے کسی ایک بات پر متفق نہیں ہوسکے ہیں بلکہ سب نے اپنے لئے جدا جدا گھروندے بنالئے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے طلاق اور خلع کے حقوق میں فرق رکھ دیا ہے۔ ہاتھ لگانے سے پہلے کی طلاق میں مرد کو مالی وسعت کے مطابق آدھا حق مہر دینے کا حکم دیا ۔ ہاتھ لگانے کے بعد کی طلاق میں عورت کو گھر سمیت بہت ساری دی ہوئی اشیاء منقولہ وغیر منقولہ جائیداد کا حق دار قرار دیا گیا ۔اسلئے تین ادوار (طہروحیض) کی عدت رکھی گئی ہے۔ عورت کے تمام حقوق کو پامال کرکے صرف مرد کے حق کی بات ہوگی تو پھر اسلام اجنبیت کی وجہ سے کبھی سمجھ میں نہیں آسکتا ہے۔
اگر معاشرے میں یہ رائج ہو کہ عائشہ احد کو حمزہ شہباز طلاق دے۔ حمزہ شہباز مالی وسعت کے مطابق حق مہر اور گھر وغیرہ کا پابند ہو تو پھر عائشہ احد کو عدت تک انتظار کا پابند بنانا بھی سمجھ میں آجائیگا۔اگر عائشہ احد نے خلع لیا ہو تو پھر اسکے مالی حقوق بھی طلاق سے بہت کم ہوں گے۔ صرف دیا ہوامکمل حق مہراور منقولہ اشیاء کو اپنے ساتھ لے جاسکے گی ۔ طلاق میں منقولہ اورغیرمنقولہ تمام دی ہوئی چیزوں سے شوہر کو دستبردار ہونا پڑے گا۔سورہ النساء کی آیت19،20اور21میں دونوں چیزیں واضح ہیں۔
جس دن افغان طالبان یا پاکستان کے مسلمانوں کی سمجھ میں یہ بات آگئی اور قرآن وسنت کے مطابق قانون سازی کرلی تو پوری دنیا اسلام قبول کرے یا نہیںکرے مگر مغرب، مشرق، شمال اور جنوب کی ساری دنیا اسلام کے معاشرتی نظام پر متفق ہوجائے گی۔ خلع کی عدت ایک ماہ ہے۔ خاور مانیکا سے بشریٰ بی بی نے طلاق مانگی تھی اور یہی خلع ہے۔ سعودی عرب میں بھی خلع کی عدت ایک ماہ ہے لیکن ہمارے نام نہاد حنفی فقہاء نے خلع اور طلاق کی عدت میں حدیث صحیح کے فرق کو مسترد کرتے ہوئے قرآن کے منافی قرار دیا ہے ۔ حالانکہ خلع اور طلاق دوبالکل ہی الگ الگ معاملات ہیں۔مالی حقوق میں بھی فرق ہے اور عدت میں بھی فرق ہے۔ حنفی مسلک کی سب سے بڑی بنیاد یہی ہے کہ پہلے قرآن وحدیث میں تطبیق کی جائے۔ قرآن و حدیث میں تضادات نہیں ہیں لیکن حنفی فقہاء نے کم عقلی کی بنیاد پر تراش خراش کرکے نکالے ہیں۔
امام اعظم ابوحنیفہ زندگی میں جیل کے اندر تھے اور پھر ان کو زہر دے کر شہید کردیا گیا۔ اگر نبی ۖ نے کسی بھی عورت کو بیوہ ہونے کے چند دن بعد نکاح کی اجازت دی ہے تو پھر اس کو خلع کا حق دیا ہے ، جس میں مالی حقوق بھی کم ہوتے ہیں۔ قرآن میں4ماہ10دن کی عدت طلاق کے حقوق کیلئے ہوگی جس میں عورت کے حقوق زیادہ ہیں۔
اسلام اور انسانیت کا فطری دائرہ بالکل ایک ہے۔ جب پیرعلاء الدین کی بیوہ عورت نے دوسری جگہ شادی کی اجازت مانگی تو اس سے کہا گیا کہ علاء الدین کا کچھ قرضہ ہے وہ اتارنا ہوگا۔ اس کی بیوہ پر پابندی لگائی گئی کہ برکی قبائل سے وہ شادی نہیں کرسکتی ہے۔ جبکہ میرے بھتیجے سید ارشد حسین شاہ گیلانی شہید نے بھی پیر علاء الدین کی بیٹی سے شادی کی تھی۔ اس کی بیوہ کونہ صرف اجازت دی تھی بلکہ اس کے حقوق سے زیادہ مال واسباب کا مالک بنادیا۔
جب تک عورت کے اسلامی حقوق سمجھ میں نہیں آئیں گے اور اس پر عمل نہیں ہوگا تو مسلمان غلامی کی زندگی سے آزادی کبھی حاصل نہیں کرسکیں گے۔ جن کی عورتوں کو بھی آزادی حاصل نہ ہو تو لونڈیوں کی اولاد کہاں سے آزاد پیدا ہوسکتی ہے؟۔ اللہ تعالیٰ نے طلاق سے رجوع کی علت بھی باہمی رضامندی اور معروف طریقے کی بار بار وضاحت کی ہے لیکن علماء کے دماغ میں ”حتی تنکح زوجًا غیرہ ” اٹک گیا ہے۔ کئی کتابوں اور مضامین کے باوجود بھی ان کا دماغ نہیں کھل رہاہے۔ حالانکہ قرآن بالکل واضح ہے۔
قرآن نے حلالہ کی لعنت سے نکالا ہے اس میں کسی کو دھکیلا نہیں ہے۔ صرف اس صورت میں رجوع نہیں ہوسکتا ہے کہ جب یہ طے ہوجائے کہ دونوں نے رجوع کرنا ہی نہیں ہے لیکن جب لیڈی ڈیانا سے لیکر بیوہ عورتوں پر بھی پابندی لگائی جائے کہ اپنی مرضی سے نکاح نہیں کرسکتی ہیں تو اللہ کی طرف سے یہ آیت عورت کیلئے بہت بڑی نعمت تھی جس کوناسمجھ علماء ومفتیان نے زحمت بنادیا ہے۔ مسلمان حلالہ کی وجہ سے غیرتمند اور بے غیرتوں میں تقسیم ہونگے۔
اخبار نوشتہ دیوار کراچی، شمارہ جون اسپیشل ایڈیشن2024
www.zarbehaq.com
www.zarbehaq.tv
Youtube Channel: Zarbehaq tv